ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی میٹنگ منعقد
جموں //جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ایک میٹنگ بابو حسین ملک کی قیادت میں منعقد ہو ئی جس میں کمیٹی کے اراکین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران گزشتہ 25برسوں سے کئی کالجوں میں لوکل فنڈایمپلائی کے طور پر کام کر رہے ملازمین کو در پیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اراکین نے صوبہ جموں کے تمام کالجوں میں کام کررہے ان ملازمین کو سرینگر پرتاپ پارک میں 18دسمبر کو ہونے والے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ۔جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نے کہاکہ کمیٹی سرینگر میں کئے جانے والے احتجاج کی پوری حمایت کرے گی ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کو پُر کرنے کیلئے ذاتی مداخلت کریں۔
پی ڈی پی نے شیڈول کاسٹ سیل قائم کیا
جموں //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے ریاست میں درجہ فہرست ذاتوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے اور پسماندہ طبقہ کو ان کے حقوق کے بارے میں بیدار کر نے کیلئے شیڈول کاسٹ سیل قائم کیا ہے ۔مذکورہ سیل پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کے علا وہ سماج کے پچھڑے ہوئے طبقہ کو ان کے حق کے بارے میں بیدار کر ے گا ۔اس سیل میں اشوک جوگی کو چیئر مین جبکہ چمن لعل منیال کو جنرل سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے ۔ان کے علا وہ سیل میں سنیل فنگوتراہ ،شام لعل بھگت ،انیتا دیوی ،سانسر چاند،گوپال داس کو شامل کیا گیا ہے ۔ اشوک جوگی اور چمن لعل منیال نے پارٹی ہائی کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی تشکیل شدہ باڈی سماج کے پسماند ہ طبقہ کی عوام کی فلاح وبہبود کے علا وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرے گی ۔
بھیم سنگھ یم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایگز یکٹو رکن منتخب
جموں //پروفیسر بھیم سنگھ کو لگا تار تیسری مرتبہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ایگز یکٹو رکن منتخب ہو نے پر جموںوکشمیر، چندی گڑھ، نئی دہلی، ممبئی ، کولکتہ، چنئی، اترپردیش ، پٹنہ اور دیگر اسٹیٹ لیگل کمیٹیوں نے مبارکباد پیش کی ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق ایس سی بی اے کی جانب سے اعلان کئے گئے نتائج میں پروفیسر بھیم سنگھ کو تیسری مرتبہ سینئرایگز یکٹو رکن منتخب کیا گیا ہے جس کے بعد وکلا برادری ،جموں وکشمیر لیگل ایڈ کمیٹی کے سکریٹری ایڈوکیٹ بنسی لال شرما، ہریانہ اور پنجاب لیگل ایڈ کمیٹی کے سکریٹری ایڈوکٹ بھارت بھوشن، دہلی لیگل ایڈ کمیٹی کے سکریٹری سنجے سچدیو،تملناڈو لیگل ایڈ کمیٹی کے سکریٹری ایڈوکیٹ نریش امیدھکر، راجستھان لیگل ایڈ کمیٹی کے انل شرما،اترپردیش لیگل ایڈ کمیٹی کے سکریٹر مسٹر عباس احمد اور دیگر نے پروفیسر بھیم سنگھ کو تیسری مرتبہ ایس سی بی اے کا سینئرایگز یکٹو رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
بسولی میں بیداری کیمپ کا اہتمام
کٹھوعہ // ضلع کٹھوعہ کے بسولی علا قہ میں جموں کشمیر سٹیٹ وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (JKSWDC)کی طرف سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران علا قہ کی خواتین کو متعلقہ محکمہ کے زیر اہتمام جاری فلاحی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اس پروگرام میں سرپنچ مایہ دیوی بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں ۔ اپنے خطاب میں وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ضلع صدر کلدیپ سنگھ پٹھانیہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے خواتین کی اقتصادی حالت بہتربنانے کیلئے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے NMDFC،NHFDCاور تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے قرض دینے جیسی اسکیموں کو شروع کیا ہے تاکہ خواتین سماجی اور اقتصادی حالت بہتر بنائی جاسکے ۔انہوں نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیموں کا فائدہ اٹھا نے کیلئے محکمہ کے ساتھ اشتراک میں رہ کر کام کرئیں ۔اس موقعہ پر اجیت سنگھ پنچ ،امریش شرما ،روی کمار اور جموں کشمیر سٹیٹ وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔
رام گڑھ میں پولیس پبلک میٹنگ
نیوز ڈیسک
کٹھوعہ //پولیس اور عوام کے مابین بہتر تال میل قائم کرنے کیلئے رام گڑھ علا قہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ۔ایس ایچ او انسپکٹر وکاس ڈوگرہ کی قیادت میں منعقد کی گئی میٹنگ کے دوران سمودان سوسائٹی کے اراکین کے علا وہ عام لوگوں نے بھی شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران پولیس نے لوگوں کی سیفٹی کیلئے پمفلٹ بھی تقسیم کئے ۔ایس ایچ او نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پولیس کیساتھ اشتراک سے کام کریں اور گھروں کے علا وہ تجارتی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کروائیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سماجی برائیوں بالخصوص منشیات اسمگلنگ کیخلاف پولیس کی جانب سے شروع کی گئی مہم میں حصہ لیا جائے تاکہ منشیات کی لت سے سماج کو پاک کیا جاسکے ۔میٹنگ میں کلدیپ کمار ،پریم ناتھ ،بابو گپتا ،ایس ہربھجن سنگھ ،نریندر چوہدری ،رنکو چوہدری ودیگران بھی موجود تھے ۔
کانگریس کی میٹنگ منعقد
موجودہ سیاسی صورتحال کاجائزہ لیاگیا
جموں //ملک کی موجود ہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں لیڈران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران لیڈران نے ملک میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کارکر دگی پر روشنی ڈالتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہل گاندھی ودیگر لیڈران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس کامیابی سے ظاہر ہو تا ہے کہ بھاجپا کی عوام کش پالیسیوں سے عوام اب تنگ آچکے ہیں ۔کانگریس لیڈران نے عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے مودی حکومت کی ناکامیوں کو سامنے رکھتے ہوئے ووٹ کا صحیح استعمال کیا ہے ۔پارٹی کی ریاستی قیادت نے کارکنوں کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے عوامی مسائل کو اجا گر کریں تاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت کی ناکامیوں کو سامنے لایا جاسکے ۔اس میٹنگ میں پارٹی سنیئر لیڈر تارا چند ،مولہ رام ،رمن بھلہ ،جگل کشور شرما،رویندر شرما ،سمن بھگت ،راجیش شرما ،بلون سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
مبارک گل نے تریکوٹہ نگر فٹنس جم کا افتتاح کیا
جموں //نیشنل کا نفرنس کے سنیئر لیڈر اور سابقہ اسمبلی اسپیکر مبارک احمد گل نے ڈوگرہ ہال تریکوٹہ فٹنس جم کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسطرح کے فٹنس سنٹر نوجوانوں کو جسمانی طور پر فٹ رکھنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے زیادہ سے زیادہ سنٹر ریاست میں قائم کئے جانے چاہیے تاکہ نوجوان اپنے آپ کو جسمانی طور پر تندرست رکھ سکیں ۔جم مالک سہیل بڈوال نے کہاکہ مذکورہ سنٹر میں جدید طرز کا پورا ساز و سامان دستیاب رکھا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو معیاری سہولیت دستیاب کی جاسکے ۔اس موقعہ پر سابقہ ریاستی وزیر رام پال ،وارڈ نمبر 48کے کو نسلر شام لعل ودیگران بھی موجود تھے ۔
بزرگوں کی نگہداشت کیلئے ایک جامع نظام وجود میں لایا جائیگا : فاروق لون
جموں// سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون نے ایک میٹنگ کے دوران ایم ڈبلیو پی ایس سی ایکٹ 2014کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ایکٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بزرگ شہریوں اور والدین کی بہبودی کو یقینی بنایا جائے اور اولڈ ایج ہومز کے قیام کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں کیلئے ویلفئیر فنڈ وجود میں لایا جا سکے ۔ ایکٹ کی بدولت منٹینس ٹربیونل ، اپلیٹ ٹربیونل ، سٹیٹ ایڈوائیزری کونسل اور کنسلیشن افسروں کی تشکیل بھی ممکن ہو سکے گی تا کہ بزرگ شہریوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران سیکرٹری سٹیٹ سوشل ویلفیئر بورڈ ڈاکٹر خالد حسین ملک نے جانکاری دی کہ منٹینس اینڈ اپلیٹ ٹربیونل کے قیام سے متعلق منصوبے انتظامی محکمے نے خزانہ محکمہ کو بھیج دیا ہے اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ کنسلیشن افسروں کی باضابطہ تعیناتی تک متعلقہ سی ڈی پی او کو اپنے اپنے علاقوں مین کنسلیشن افسروں کے طور پر نامزد کیا جائے گا جبکہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر افسروں کو متعلقہ علاقوں کے منٹینس افسروں کے طور پر نامزد کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں سٹیٹ ایڈوائیزری کونسل اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی تشکیل کے خدو خال کا بھی جائیزہ لیا گیا تا کہ ایکٹ کی موثر عمل آوری ممکن ہو سکے۔ سیکرٹری موصوف نے کہا کہ ایکٹ کو من و عن عملایا جانا چاہئیے تا کہ معزز شہریوں کو فائدہ مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ جموں میں 9.73کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اولڈ ایج ہوم قائم کیا جارہا ہے اور تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت د ی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس طرح کے ہومز تعمیر کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی کریں۔میٹنگ میں معزز شہریوں کیلئے ویلفئیر فنڈ قایم کرنے کے خدو خال پر بھی تبادلہ خیال ہوا تا کہ ان شہریوں کی بہبودی کو یقینی بنایا جا سکے اور اُن کی طبی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اس موقعہ پر پنشنر انجمنوں کے نمائندوں نے اپنے اپنے مطالبات سیکرٹری موصوف کے سامنے رکھے جنہوں نے ان پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دیگر لوگوں کے علاوہ کمشنر ڈس ابیلٹیز محمد اقبال لون ، ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں ڈاکٹر بھارت بھوشن بھی موجود تھے۔
روڈ سیفٹی فنڈ کیلئے 8 کروڑ روپے واگذار
ڈاکٹر سامون نے ٹرانسپورٹ محکمہ کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی
جموں//ریاست میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے اور ٹریفک نظامت میں بہتری لانے کی غرض سے ریاستی حکومت نے پہلی مرتبہ روڈ سیفٹی فنڈ کیلئے 8 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں ۔ اس تعلق سے فیصلہ پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران لیا گیا ۔ میٹنگ میں آئی جی پی ٹریفک آلوک کمار ، ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر اعجاز عبداللہ ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ اشوک کمار کے علاوہ کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ یہ قدم روڈ سیفٹی سے متعلق سپریم کورٹ کمیٹی کی ہدایات کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے جس نے ریاست میں لیپس نہ ہونے والے روڈ سیفٹی فنڈ کے قیام پر زور دیا تھا ۔ میٹنگ میں روڈ سیفٹی اقدامات کیلئے خریدے جانے والے آلات اور دیگر سرگرمیوں کیلئے رقومات موثر ڈھنگ سے عملانے سے جُڑے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ سرینگر اور جموں میں ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفاتر میں ٹریفک اینڈ ڈیزائین ونگس قایم کرنے کیلئے 2.5 کروڑ روپے واگذار کئے جائیں گے ۔ گاڑیوں کی آلودگی پر قابو پانے کیلئے لازمی ساز و سامان خریدنے کیلئے ایک کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں علاوہ ازیں ٹریفک قوانین کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ریجنل ٹرانسپورٹ کمشنروں ، اسسٹنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر کے حق میں ایک ایک لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں تا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں روڈ سیفٹی پروگرام عملا سکیں ۔ ڈیزٹائیزیشن کے کام کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر سامون نے ٹریفک اور ایم وی ڈی اہلکاروں کو جدید ساز و سامان سے لیس کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے آئی جی پی ٹریفک کو 12.8 کروڑ روپے واگذار کرنے کی بھی ہدایات دیں تا کہ وہ ریاست کے مختلف مقامات پر استعمال میں لائے جانے کیلئے ہل ریکوری کرینز خرید سکیں ۔ ڈاکٹر سامون نے سرینگر اور جموں شہروں میں ٹریفک نظامت میں بہتری لانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے سرینگر میں آر ٹی او اور ٹرانسپورٹ کمشنروں کے دفاتر کی تعمیر کے کا م میں تیزی لانے کی بھی ہدایات دیں ۔ انہوں نے شاہراہوں پر سڑک حادثات میں قیمتی جانوں کے زیاں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقامات کی نشاندہی کی جانی چاہئیے جہاں حادثات رونما ہونے کے خطرات ہوتے ہیں تا کہ ان حادثات سے بچا جا سکے ۔ واضح رہے کہ گورنر انتظامیہ نے حال ہی میں روڈ سیفٹی فنڈ کو چالو کرنے کیلئے قوانین نوٹیفائیڈ کئے ہیں تا کہ ریاست میں جموں کشمیر سٹیٹ روڈ سیفٹی کونسل ایکٹ ۔ 2018 کی موثر عمل آوری بھی ممکن ہو سکے ۔
متعدد وفود کیول کمار شرما سے ملاقی
جموں//جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ، آل جے اینڈ کے گریجویٹ انجینئرس ایسوسی ایشن ( سول ) کے علاوہ کئی عوامی وفود گورنر کے مشیر کیول کمار شرما سے ملاقی ہوئے اور کئی اہم معاملات پر اُن سے تبادلہ خیال کیا ۔ سی آئی آئی کا وفد جس کی قیادت راکیش گپتا کر رہے تھے ، نے کاروباری و تجارتی طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مسائل سے مشیر موصوف کو مطلع کیا ۔ جی ای اے ایس ایس او سی کے ممبران نے ریاستی حکومت کی طرف سے پہلے ہی منظور شدہ ایس آر او کو جاری کرنے کی درخواست کی ۔ دریں اثنا پی ڈبلیو ڈی ، کیجول لیبررس ، 10+2 کنٹریکچول لیکچرر ، سول سیکرٹریٹ نان گزٹیڈ ایمپلائیز یونین ، ساکھشار بھارت مشن کے علاوہ کئی افراد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کا جائیزہ لیا جائے گا تا کہ اُن پر غور کیا جا سکے ۔
گورنر راج کے دوران 36994 شکایات موصول
جموں//ریاست میں 20 جون سے گورنر راج کے نفاذ سے لیکر 14؍دسمبر 2018 ء تک گریوینس سیل کو کُل 36994 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 35722 شکایات متعلقہ کوارٹروں کو بھیج دی گئیں تا کہ انہیں حل کیا جا سکے ۔ اس کے علاوہ852 شکایات زیر عمل ہیں ۔ اسی طرح گورنر کی ہدایات کے مطابق گورنر کے چاروں مشیر لگاتار میٹنگوں اور عوامی دربار کا انعقاد کر کے وفود اور افراد کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ یہ مشیر اپنے اپنے ماتحت محکموں سے جُڑے مسائل کا بھی متواتر جائیزہ لیتے ہیں ۔
ایف ایم ڈی کنٹرول پروگرام کی شروعات
جموں//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر سامون نے ایف ایم ڈی کنٹرول پروگرام کی شروعات کی ۔اس پروگرام کا بنیاد ی مقصد یہ ہے کہ ایف ایم ڈی بیماری کا قلع قمع کرنے مویشی پانے والوں کو فائدہ مل سکے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے جموں صوبے کے مختلف علاقوں میں مویشیوں کو ٹیکہ لگانے کے لئے ماہرین کی ٹیم کو روانہ کیا۔اس دوران انہوں نے کسانوں میں جدید قسم کے آلات اور ادویات بھی تقسیم کیں۔ بعد میں خانہ بدوش کسانوں کے ایک وفد نے پرنسپل سیکرٹری کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور مشکلات حل کرنے میں ان کی مداخلت طلب کی۔ڈائریکٹر پشو پالن ڈاکٹر وکٹرکول اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔