جموں سرینگر شاہراہ آمدورفت کیلئے بحال
سرینگر// ایک روز تک بند رہنے کے بعد سنیچروار کوجموں سرینگرشا ہراہ پر ٹر یفک بحال کیا گیا ، جس دوران گاڑیوں کو سرینگر کی جانب روانہ کر دیا گیا ۔سی این ایس کے مطابق جموںسرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل رام بن کے سب ڈویژن رامسو کے گانگرو علاقے میں بھاری چٹانیں کھسکنے اور مٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے معطل کر دی گئی تھی۔شاہراہ بحالی کے لیے کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی نے ہفتہ کی صبح قریب نو بجے شاہراہِ پر بھاری چٹانیں اور مٹی کے تودے ہٹاکر شاہراہ کو یکطرفہ آمدورفت کے لیے بحال کر دیا ہے۔ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے رام بن کے مطابق چندرکورٹ میں درماند گاڑیوں کو سرینگر کی جانب روانہ کر کے درماند گاڑیوں کو وادی کی جانب جانے کی اجازت دی گئی۔
پولیس ضلع اونتی پورہ کے 13کانسٹیبل ترقیاب
سری نگر// ایس ایس پی اوتنی پورہ نے ترقی پانے والے پولیس اہلکار وں کو مبارک باد پیش کرتے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں فرائض تن دہی اور خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتے رہیں گے۔ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے جے کے پی ایس نے محکمانہ پروموشن کمیٹی کے ذریعہ منظو ر ی کے بعد ڈسڑکٹ پولیس اونتی پورہ میں تعینات تیرہ کانسٹیبلوںکو انسیوئیٹو کی ترقی کا حکم دیا ۔ ترقی پانے پولیس اہلکاروں نے اپنی نو کری کے نو سال مکمل کئے ہیں ۔ انہوں نے ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود اور امن و امان کی بحالی کیلئے زیادہ جوش اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔
پی ڈی پی کا صدارتی انتخاب
سرینگر اور جموں میں22فروری کوووٹ ڈالے جائینگے
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے22فروری کو صدر کے عہدے کیلئے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے بتایا کہ کشمیر اور جموں صوبوں سے انتخابی کالجزکے ممبران پیر کو بالترتیب سری نگر اور جموں میں پارٹی صدر منتخب کرنے کے لئے ووٹ دیں گے۔ محبوبہ مفتی کی پارٹی صدر کی حیثیت سے تین برس کی معیاد گزشتہ سال 31 اکتوبر کو ختم ہوگئی تھی ،لیکن کرونا وباء اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے تازہ انتخابات نہیں ہوسکے۔انتخابات کے آسانی سے انعقاد کے لئے ، پارٹی کے انتخابی بورڈ نے سریندر چودھری کو جموں کے لئے ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا ہے جبکہ ستپال سنگھ کارک کو مبصر مقرر کیا گیا ہے۔سری نگر میں ، یہ کارروائی چیئرمین الیکشن بورڈ عبدارحمان ویرے کریں گے۔
خراب ٹرانسفارمرورکشاپ نہ پہنچانے کا شاخسانہ
گوجر پتی گگن گیر 5دنوں سے گھپ اندھیرے میں
غلام نبی رینہ
کنگن//چونی دجی گوجر پتی گگن گیر گنڈ میں بجلی ٹرانسفارمر گذشتہ 5روز سے خراب ہے جس کی وجہ سے بستی گھپ اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔ چونہ دجی گوجر پتی گگن گیر کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے کا بجلی ٹرانسفارمر خراب ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامناکرنا پڑرہاہے۔ لوگوں کاالزام ہے کہ ابھی تک محکمہ بجلی کے ملازمین نے ٹرانسفامر کی مرمت کرنے کیلئے ورکشاپ نہیں پہنچایا۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ بستی 100گھرانوں پر مشتمل ہے اور محکمہ نے بستی میں 100 کے وی بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا ہے جس سے مقامی بستی، سی آر پی ایف کیمپ اورہوٹلوں کو بجلی سپلائی کی جاتی ہے جس کے سبب بجلی ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہوکر خراب ہوجاتا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اگر وہ بجلی فیس وقت پر ادا کرتے ہیں اور گذشتہ دو سال سے مطالبہ کررہے ہیں کہ علاقہ میں 250کے وی بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے لیکن محکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔ لوگوںنے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اگر 250کے وی ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا تو لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔
عرس حضرت بلبل شاہ صاحبؒ
نیشنل کانفرنس اور حقانی ٹرسٹ کی تہنیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ اور جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے خطہ کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت سید شرف الدین(سید عبدالرحمن قلندر المعروف بلبل شاہ صاحب) کے 615ویں سالانہ عرس مبارک پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیم اور سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کشمیر پر تا قیامت اس عظیم المرتبہ ولی کامل کا احسان رہے گا کیونکہ ان کے واردِ کشمیر ہونے کے ساتھ ہی کشمیر میں اسلام کی شروعات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کی بدولت ہی اہل کشمیر دین و اسلام کی عظیم نعمت سے منور ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ حضرت بلبل شاہ صاحبؒ کی نگاہِ کرم سے ہی وقت کے بادشاہ رنچن شاہ دائرہ اسلام میں آئے۔ادھر حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے حضرت بلبل شاہؒ کو گلہائے عقیدت اداکرتے ہوئے کہاکہ ان ؒ کے اعمال سے متاثر ہوکر یہاں کی اکثریت حلقہ بگوش اسلام ہوئی ۔
مہلوک پولیس اہلکاروں کے38 بچوںمیں وظیفہ منظور
جموں//جموں وکشمیرکے پولیس سر براہ دلباغ سنگھ نے مارے گئے یا نوکری کے دوران فوت ہونے والے پولیس اہلکاروں کے38 بچوں کے حق میں 2.50لاکھ سے زائد رقم بطو ر و ظیفہ منظور کی ہے ۔یہ رقم تعلیمی سال 2019-20کے لئے اُن بچوں کے حق میں منظور کی گئی جو مختلف کلاسوں میں زیر تعلیم ہیں۔اس سلسلے میں پولیس ہیڈ کواٹر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق بنیادی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے حق میں فی کس 2400روپے جبکہ ثانوی تعلیم حاصل کر نے والے بچوں کے حق میں فی کس 6ہزار روپے کی رقم بطور وظیفہ منظور کی گئی۔اسی طرح اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے حق میں بالترتیب 10 اور 12ہزار روپے کی رقم بطور وظیفہ منظور کی گئی۔واضح رہے کہ پولیس ہیڈکواٹر کی جانب سے اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے کئی فلاحی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں جن میں scholorships,reward, welfare loan,welfare reliefسمیت کئی دیگر اسکیمیں قابل ذکر ہے۔
اونتی پورہ اور کولگام میں2گرفتار
بھنگ اور خشخاش پوست کی بھاری مقدار ضبط
سرینگر//اونتی پورہ اور کولگام میں پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھنگ اور خشخاش کی بھاری مقدار ضبط کی گئی۔ اونتی پورہ پولیس نے بٹہ گنڈ ترال کراسنگ کے نزدیک ناکہ بٹھایا اور بشیر احمد ڈار ساکن ترال کی تحویل سے 2کلوگرام بھنگ ضبط کرکے اسے گرفتار کیا اور ایف آئی آر زیر نمبر10/2021درج کرلیا۔ ادھر ویسو چوک کولگام میں ایک گاڑی زیرنمبر MA1ZP2TLIKL6K29287 کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران 9بیگ برآمد ہوئے جس میں225 کلوگرام خشخاش کے پوست بھرے ہوئے تھے ۔ پولیس نے سبھہاش چندر ساکن کرایال کھورد کالونی جموں کو گرفتار کرکے اس کیخلاف ایف آئی آر زیر نمبر 31/2021درج کرلیا۔
راشی ایس ایم سی ملازم کیخلاف فردم جرم پیش
سرینگر// انسداد رشوت ستانی ادارے ا’’ اینٹی کورپشن بیورو‘‘ نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ایک ملازم کے خلاف سرینگر کی ایک خصوصی عدالت میں فرد جرم پیش کی ہے۔ اے سی بی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم کے خلاف ایک کیس زیر نمبر33/2017 انسداد رشوت ستانی قانون کے مختلف دفعات کے تحت ویجی لنس آرگنائزیشن(اب انٹی کورپشن بیورو) میںدرج کیا گیا تھا۔بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ یہ کیس ایک شہری کی تحریری شکایت کے بعد درج کیا گیا تھا جس میں شکایت گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ اس نے آدھار کارڑ بنانے کیلئے وارڈ نمبر ایک برین نشاط سے رجوع کیا تھاتاہم کارپوریشن کے سب آفس برین نشاط میں سینی ٹیشن کیجول لیبر نے اس کے اہل خانہ کے آدھار کارڈ بنانے کیلئے ایک ہزار روپے کی رقم طلب کی۔ اے سی بی کا کہنا ہے کہ شکایت کی بنیاد پر ایک جال بچھایا گیا اور مذکورہ ملازم کو موقع پر ہی ایک ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ سرکار کی منظوری کے بعد عدالت میں فرد جرم پیش کیا گیا جبکہ کیس کی سماعت4اپریل مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ تواضع کا اظہار تعزیت
سرینگر//محکمہ تواضع کے سبکدوش ملازم کے فوت ہونے پر ہاسپٹلٹی اینڈ پروٹوکول ایمپلائز ایسو سی ایشن نے تعزیت کا اظہار کیا۔ایسو سی ایشن کے صدر نثار احمد لون کی سربراہی میں منعقدہ تعزیتی اجلاس کے دوران محمد مقبول ملا کے انتقال پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔اس موقعہ پر مذکورہ ملازم کو ایک محنتی شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی خدمات خوش اسلوبی سے انجام دی۔ تعزیتی اجلاس میں اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔