راجوری میں کوڈ کے 34نئے معاملات سامنے آئے
ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم تیز
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے ایک ڈاکٹر سمیت گزشتہ روز کوروناوائرس کے 34نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔گزشتہ روز آئے نئے معاملات کی تعداد ایک دن میں ضلع بھر میں آنے والے کیسوں میں سب سے زیادہ ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کووڈ کے پھیلائو کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے ٹیسٹنگ عمل میں تیزی لائی گئی ہے جبکہ کووڈ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی میں بھی تیزی لائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ایک ڈاکٹر کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے جس کے بعد متعلقہ انتظامیہ و دیگر سٹاف ممبران کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ دیگر ملازمین کے نمونے بھی حاصل کئے جاسکیں ۔اس کے علاوہ سندر بنی کے دھولی گائوں میں 6افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ مذکورہ علاقہ کو آلودہ زون میں رکھا گیا ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ روز کل 34نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سفر کر کے آنے والوں کی تعداد 16ہے ۔اسی دوران جموں وکشمیر پولیس نے ضلع میں کووڈ ایس او پی کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف مہم میں تیزی لانا شروع کر دی ہے ۔حکام نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ وائرس کے پھیلا ئو کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔
مینڈھر میں طبی کیمپ کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //آئی ایس ایم ڈسپنسری مینڈھر درمسال کی جانب سے ڈائریکٹر آئی ایس ایم کی ہدایت پر آرمڈ پولیس کیلئے ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران آر مڈ پولیس کے اہلکاروں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات فراہم کی گئیں ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر کی ایک ماہر ٹیم جس میں ڈاٹر مختار احمد ،ڈاکٹر شبیر شاہ و دیگر عملے کے اراکین نے آرمڈ پولیس کے لگ بھگ 250اہلکاروں کا معائینہ کر کے ان کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے منتظمین نے کہاکہ اس طرح کے کیمپوں کا پہلے سے ہی اہتمام کیاجاتا رہا ہے جبکہ آئندہ بھی عام لوگوں کیلئے مفت طبی کیمپ لگائے جائیں گے ۔
محکمہ صحت نے مارکیٹ کا معائینہ کیا
حتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی
جاوید اقبال
مینڈھر //بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں محکمہ صحت کی جانب سے مارکیٹ کی چیکنگ کی گئی جس کے دوران پُر ہجوم جگہوں پر ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔اس کارروائی کے دوران عام لوگوں کیساتھ ساتھ دکانداروں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ تین میڈیکل سٹوروں پر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کیساتھ ساتھ بھاری رش کے سلسلہ میں بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔مہم کے دوران محکمہ صحت کے آفیسران نے 12ہزار 8سو روپے جرمانہ بھی عائد کیا ۔اس کے علاوہ قصبہ میں پولیس کی ٹیم نے بھی کووڈ سلسلہ میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔آفیسران نے دکانداروں و عام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے پھیلا ئو کو کم کرنے کیلئے سماج کے ہر ایک شخص کو اپنا رول ادا کرنا ہو گا جبکہ قاعدہ پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
کنڈل گالہ فلٹر پلانٹ کئی دنوں سے بند
موٹر خراب ہونے سے سپلائی متاثر ہوئی :محکمہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے کنڈی گالہ علاقہ میں نصب کر دہ فلٹر پلانٹ گزشتہ کئی دنوں سے بند ہو نے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے جبکہ مکینوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاکھوں روپے خر چ کرنے کے بعد سکیم کو تیادر کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی عوام کو معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔مقامی پنچایتی اراکین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاکھوں روپے کی مالیت میں تیار کی گئی سکیم کے بعد بھی عوام کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ فلٹر پلانٹ کے ساتھ تعمیر کردہ واٹر سپلائی ٹینک کئی عرصہ سے خشک پڑا ہو ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی معقول بندوبست نہیں کیاجاسکا ۔مکینوں و پنچایتی اراکین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سکیم کو جلدازجلد ٹھیک کروانے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ رمضان میں عوام کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو سکے ۔محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ موٹر خراب ہونے کی وجہ سے سپلائی میں خلل آیا ہے تاہم اس دوران عارضی بنیادوں پر پانی بحال کیا گیاہے ۔
ساوجیاں میں بینک شاخ کا افتتاح ،صارفین خوش
عشرت حسین بٹ
منڈی //تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں جموں و کشمیر بینک کی جانب سے بینک کی ایک شاخ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقعہ پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے بینک کی شاخ کا افتتاح جموں و کشمیر بینک کے ڈی جی ایم راجوری پونچھ راجیش دوبے اور ساوجیاں ٹایگر نامی فوج کے لفٹنٹ کرنل ابراہم کے ہاتھو کیا گیا۔ اس موقہ ڈی جی ایم جموں وکشمیر بینک کے ڈی جی ایم نے کہا کہ ساوجیاں کی عوام کوبینک سہولیات کیلئے منڈی جانا پڑتا تھا اور یہاں کی عوام کی بھی کافی عرصہ سے بینک کی مانگ تھی جس کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اس بینک شاخ کا افتتاح کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں تحصیل کے آڑائی کے لوگوں کیلئے بھی بینک شاخ کھولی جائے گی اور منڈی صدر مقام پر بھی ایک مزید کونٹر کھولا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں بینک کھولنے سے منڈی بینک میں کافی حد تک لوگوں کی بھیڑ کم کو جائے گی۔ اس موقہ پر ساوجیاں کی عوام نے سرکار اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے دیر سے ہی سہی مگر بینک برانچ کھول دی ہے ۔
تھنہ منڈی کے کئی علاقے پانی سے محروم
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تحصیل تھنہ منڈی میں کئی ایک علاقے اس جدید دور میں بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں جس کی وجہ سے مکینوں کو آج بھی کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔ تھنہ منڈی کے بانڈیاں علاقے میں سردار محلہ اور ڈھکیاں محلہ کے لوگوں نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ 60 سالوں سے ان کے علاقے کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق انہیں کچھ چشموں کا پانی دستیاب تھا جو اب مغل روڈ کی توسیع کی زد میں ہیں۔ ساتھ ہی گرمیوں کے موسم میں ان چشموں کا پانی بھی سوکھ جاتا ہے جس کی وجہ سے یہاں کی آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی بار انہوں نے اعلیٰ حکام تک یہ بات پہنچائی اور متعدد مرتبہ دفاتر کے چکر بھی کاٹے تاہم ان کے مطابق ان کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی کی گئی اور گزشتہ 60 سالوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت کا یہ عالم ہے کہ گرمیوں کے موسم میں انہیں پینے اور اپنے مال مویشیوں کے لیے کافی دور سے پانی لانا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ خاص ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون اور گورنر انتظامیہ سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے علاقے میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کی مانگ کی ہے۔
رمضان میں بجلی و پانی سپلائی میں خلل
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے کئی علاقوں میں رمضان کے دوران عوام پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو سحری اور افطار کے اوقات میں مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔ ہسیوٹ علاقہ میں مقا می لوگوں نے بجلی اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف محکمہ پی ڈی ڈی اور جل شکتی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ گورنر انتظامیہ کی طرف سے رمضان المبارک میں بنیادی سہولیات کی فراہمی باالخصوص سحری و افطاری کے وقت بجلی دستیاب رکھنے کی ہدایات کے باوجود متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے مقامی لوگوں نے کہا کہ ماہ صیام سے پہلے سب کچھ ٹھیک تھا لیکن رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی سحری، افطاری و تراویح کے نورانی اور عرفانی اوقات میں بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ کٹوتی شروع ہو گئی ہے جو انتہائی افسوسناک بات ہے۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کمار شاون سے مداخلت کی اپیل کی ہے جس میں بجلی کا شیڈول مرتب کرکے سحری ، افطاری و تراویح کے نورانی اوقات میں بجلی دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
راجوری یونیورسٹی میں تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا
راجوری //با با غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبۂ اردو میںاردو کے ایک بہت بڑے شاعر،افسانہ نگار،ناول نگار،دیدہ ور نقاد،محقق،مفکر اورعالمی شہرت یافتہ ادیب پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی کی وفات پر ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں شعبہ ء اردو اور اسلامک اسٹیڈیز کے اساتذہ نے شرکت کی ۔اس تعزیتی نشست میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ سیاحت وصحت کے ڈائریکٹر اسرار غوث بھی موجود رہے جو مناظر عاشق ہرگانوی کے رشتے داروں میں ہیں ۔شعبۂ اردو کے صدر ڈاکٹر مشتاق احمد وانی نے پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی کی وفات پر اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے ادیب تھے کہ جنھوں نے اردو شعر وادب کی ہر ایک صنف پر بھر پور لکھا ہے اور خوب لکھا ہے۔وہ اپنی عملی زندگی میں سراپا ادب تھے ۔اُن کی علمی وادبی صلاحیتوں کا لوہا اردو کی اہم شخصیتوں نے مانا ہے ۔وہ ایک شریف انسان اور اردو شعر وادب کے سچے خدمت گزار تھے۔اُن کا دُنیا سے گزرجانا اردو ادب اور اردو والوں کے لئے ایک بہت بڑا خسارہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی صاحب 258کتابوں کے مصنف ہیں اور ابھی اُن کی کچھ کتابیں پریس میں زیر اشاعت ہیں ۔وہ پروفیسر گوپی چند نارنگ، حامدی کاشمیری ،شمس الرحمن فارقی اور وزیر آغا جیسے قد آور محققین وناقدین کے ہمعصروں میں تھے ۔ڈاکٹر محمد آصف ملک اسسٹنٹ پرفیسر اردو نے کہا کہ پرفیسر مناظر عاشق ہرگانوی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے وہ ایک ایسے ادیب تھے جنھوں نے ساری زندگی علم وادب کی خدمت میں گزاری ایسے ادیب صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں کہ جو واقعی ادب کی بے لوث خدمت کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ڈاکٹر لیاقت حسین نیر اسسٹنٹ پروفیسر اردو نے مرحوم کو ایک بڑا اور اچھا ادیب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مناظر عاشق ہرگانوی ایک ہمہ جہت ادبی شخصیت تھے اُن کی موت سے اردو دُنیا میں جو خلا پیدا ہوا ہے اُس کا پُر ہونا ناممکن ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایک بڑا ادیب اپنی ادبی خدمات کی بنیاد پر عوام کے ذہن ودل میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے ۔ڈاکٹر رفیق انجم اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ء اسلامک اسٹیڈیز نے کہا کہ ہر جاندار کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ہر دُنیا سے جانے والا زندوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ آج میںجارہا ہوں اور کل تمہاری باری ہے ۔مناظر عاشق ہرگانوی کی ادبی شخصیت واقعی قابل رشک ہے ۔اُن کی وفات سے میں ذاتی طور پررنجیدہ ہوا ہوں ۔وہ اپنے آپ میں ایک ادبی انجمن تھے ۔ڈائریکٹر جناب اسرار غوث نے مناظر عاشق ہرگانوی کی علمی ،ادبی اور خاندانی پس منظر کے حوالے سے کہا کہ وہ رشتے میں میرے ماموں لگتے تھے ۔میرے ساتھ اُن کے تعلقات بہت قریبی رہے ہیں ۔ اس دوران مناظر عاشق ہرگانوی کے لئے دُعائے مغفرت کی گئی۔تعزیتی نشست میں ڈاکٹر نسیم گل صدر شعبہ ء اسلامک اسٹیڈیز بھی شریک رہے، علاوہ ازیں اردو کے ریسرچ اسکالرس ظفر اقبال نحوی ،محمد عرفان ٹھوکر،اُجالا امین، اسلامک اسٹیدیز اور شگفتہ شبنم جونئر اسسٹنٹ شعبہء اردو بھی موجود تھیں ۔
پونچھ میں رام نومی کا جلوس نہیں نکالا جائے گا
گیتا بھون پونچھ میں ہی کی جائے گی تقریب منعقد:تیش ساسن
حسین محتشم
پونچھ//کورنا وباء کے معاملات میںاضافے کو دیکھتے ہوئے سناتن دھرم سبھا نے اس بار ہر سال رام نومی پر نکلنے والا جلوس( شوبا یاترا) نہیں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے سناتن دھرم سبھا پونچھ کے صدر ستئش ساسن نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران تمام ہندوبرادری کے معززین نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو کرونا سے بچانے کے لئے اس بار رام نومی کا جلوس نہیں نکلے گا۔انہوں نے بتایا کہ رام نومی کے سلسلہ میں گیتا بھون پونچھ میں ہی تقریب منعقد ہو گی جس میں دھرم گرو خطاب کریں گے اور بھجن کرتن ہوگا،یہ سلسلہ تین بجے تک چلے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران شام ساتھ بجے سے ساڑھے آٹھ بجے تک جو گیتا بھون پونچھ میں خصوصی رام کھتا پچھلے کئی روز سے ہوتی آرہی ہے اس کا بھی اختتام کیا جائے گا۔انہوں نے تمام ہندو برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنوں کی حفاظت کے لئے اپنے گھروں میں ہی پوجا ارچنا کر کے دعائیں کریں کہ بگوان ہمیں اس وباء سے جلد سے جلد نجات دے۔انہوں نے گیتا
بھون اور دیگر مندروں میں پوجا کے لئے آنے والے تمام عقیدتمندوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کا پورا خیال رکھیں۔