محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ میں گزشتہ شب ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعہ میں کالیکا مندر کے قریب واقع دو عارضی دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ واقعہ رات تقریباً 2بجے سے 2:30بجے کے درمیان پیش آیا، جب اچانک دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے شدت اختیار کر لی۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دکانوں میں موجود سامان کو محفوظ بنانے کا کوئی موقع نہ مل سکا۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم آگ کی شدت کے باعث وہ کامیاب نہ ہو سکے۔
واقعہ کی اطلاع فوری طور پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کو دی گئی، لیکن مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑی تقریباً ایک گھنٹے بعد موقع پر پہنچی، جس کی وجہ سے نقصان میں مزید اضافہ ہوا۔مقامی شہریوں نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اگر فائر سروس بروقت پہنچ جاتی تو دونوں دکانوں کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکتا تھا اور مالی نقصان بھی کم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی جیسے ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی نہ ہونے سے عوامی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔واقعہ کے بعد متاثرہ دکانداروں اور مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کے دوران امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ سکیں۔شہریوں نے انتظامیہ سے متاثرہ دکانداروں کو مناسب مالی امداد فراہم کرنے کی بھی اپیل کی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو دوبارہ بحال کر سکیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پونچھ جیسے حساس اور گنجان آباد علاقوں میں فائر سروس کے ردِعمل کے وقت کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔