حاملہ خواتین اور سرجری کے مریض شدید متاثر،جلدڈاکٹر تعینات نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی
رمیش کیسر
نوشہرہ//سرکاری ہسپتال نوشہرہ میں گزشتہ آٹھ سالوں سے اینستھیزیاماہرنہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ صحت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر نوشہرہ کے سرکاری ہسپتال کو نظر انداز کر رہا ہے، جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کے مریض متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق ہسپتال میں اینستھیزیا ماہرنہ ہونے کی وجہ سے معمولی آپریشن بھی انجام نہیں دیے جا رہے، جبکہ حاملہ خواتین کو سب سے زیادہ مشکلات اٹھانی پڑ رہی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ زچگی کے دوران جب فوری آپریشن کی ضرورت پیش آتی ہے تو ہسپتال میں بے ہوشی کا ماہر نہ ہونے کے باعث خواتین کو جموں یا راجوری کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا ہے، جس سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ مریضوں کو تشویشناک حالت میں طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے اور راستے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقے میں قائم اس اہم ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی انتہائی افسوسناک ہے۔لوگوں نے الزام لگایا کہ 2024 میں نئی حکومت کے قیام کے بعد انہیں امید تھی کہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی، لیکن تقریباً ڈھائی سال گزرنے کے باوجود نوشہرہ ہسپتال کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں اس وقت دو سرجن موجود ہیں، مگر اینستھیزیا ماہرنہ ہونے کی وجہ سے وہ کوئی سرجری انجام دینے سے قاصر ہیں۔ یہاں تک کہ معمولی نوعیت کے آپریشن بھی ممکن نہیں ہو پا رہے۔مقامی شہریوں بالخصوص بلبیر سنگھ ،امن کمار،پرشوتم لعل ،راجیندر سنگھ ،گرنام سنگھ ،محمد شفیع اور طارق احمد سمیت دیگر افراد نے کہا کہ محکمہ صحت اور حکومتی نمائندوں نے برسوں سے اس اہم مسئلے پر کوئی سنجیدہ توجہ نہیں دی۔مقامی لوگوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر یکم جولائی تک نوشہرہ ہسپتال میں اینستھیزیاماہرتعینات نہ کیا گیا تو عوام ہسپتال کے باہر احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک ہسپتال میں ڈاکٹر تعینات نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رکھا جائے گا۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر بلاک میڈیکل آفیسر نوشہرہ ڈاکٹر چندر پرکاش نے بتایا کہ اسپتال میں اینستھیزیاماہرکا عہدہ کئی برسوں سے خالی ہے اور اس بارے میں حکومت کو تحریری طور پر مطلع کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کوشش کر رہا ہے کہ ضرورت مند مریضوں کے بروقت آپریشن کیلئے کسی دوسرے سرکاری ہسپتال سے ایک دن کیلئے اینستھیزیاماہرفراہم کیا جا سکے تاکہ مریضوں کو کچھ حد تک راحت مل سکے۔