عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز یہاں پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا کے تحت تقریباً 2400 کروڑ روپے کی ترغیبی رقم تقسیم کی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملک بھر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ مودی نے اس روزگار اسکیم سے وابستہ مستفیدین، صنعتی نمائندوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملک بھر میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے پْرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی اہم روزگار سے منسلک ترغیبی اسکیم کے نفاذ میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو مختلف شعبوں میں سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو بھی وسعت دیتی ہے۔ اس ترغیبی اقدام سے ملک بھر میں تقریباً 15 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔فرانس اور سلواکیہ کے دورے سے صبح واپس آنے کے بعد وزیر اعظم نے اس پروگرام میں شرکت کی اور کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیت، مہارت اور قابلیت کی بنیاد پر عالمی سطح پر غیر معمولی شناخت حاصل ہو رہی ہے۔مودی نے کہاکہ”پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا صرف ایک روزگار اسکیم نہیں ہے بلکہ نوجوانوں کی پہلی ملازمت سے وابستہ امنگوں کو تقویت دینے اور صنعت و افرادی قوت کے درمیان ایک مضبوط پل قائم کرنے کا ایک اہم اقدام ہے۔”انہوں نے کہا کہ جہاں بیشتر اسکیمیں یا تو ملازمین یا آجروں پر توجہ مرکوز کرتی ہیں، وہیں یہ پروگرام دونوں کو یکساں طور پر تعاون فراہم کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے اداروں کی بھی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ مودی نے اسکیم کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک تقریباً 70 لاکھ نئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا چکے ہیں اور اتنی ہی تعداد میں پہلی بار ملازمت حاصل کرنے والے کارکنوں کو سماجی تحفظ کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 لاکھ نوجوان اپنی پہلی ملازمت میں چھ ماہ مکمل کر چکے ہیں، جبکہ تقریباً 10 لاکھ مستفیدین کو اس کامیابی پر اسکیم کے تحت ترغیبی رقم بھی مل چکی ہے۔ دو ہزار کروڑ روپے سے زائد کی رقم براہِ راست مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی ہے۔ملک کی آبادیاتی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت دنیا کے سب سے نوجوان ممالک میں شامل ہے اور ایک ترقی یافتہ ملک بننے کا سفر اس کے نوجوانوں کی امنگوں، مہارتوں اور صلاحیتوں سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پْرعزم ہے کہ ہر نوجوان اپنی صلاحیت اور خواہشات کے مطابق آگے بڑھ سکے۔ ان کے مطابق گزشتہ 12 برسوں میں حکومت نے روزگار کے ہر راستے کو مضبوط بنانے کے لیے کام کیا ہے۔