عظمیٰ نیوز سروس
سرنکوٹ//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے سرنکوٹ کے بفلیاز علاقے کا دورہ کیا اور ان دکانداروں سے بات چیت کی جن کی دکانیں چند دن پہلے پیش آنے والے خوفناک آتشزدگی کے واقعہ میں جل کر خاکستر ہو گئے تھے۔متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے انہیں ان کی بحالی اور معاش کی بحالی کیلئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔رانا نے کہاکہ ’ ہماری حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی زندگیوں کو دوبارہ بحال کرنے اور جلد از جلد اپنا ذریعہ معاش دوبارہ شروع کرنے میں ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی‘۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں سرنکوٹ کے علاقے بفلیاز کے مین چوک بازار میں آتشزدگی کے ایک بڑے واقعے میں کم از کم 13 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔متاثرہ دکانداروں نے وزیر کو آگ سے ہونے والے نقصان سے آگاہ کیا اور خاکستر ہونے والی دکانوں کی تعمیر نو کیلئے مناسب معاوضے اور مالی امداد کی درخواست کی۔وزیر موصوف نے لوگوںکی شکایات بھی سْنیں جنہوں نے کئی ترقیاتی مطالبات پیش کئے۔موصوف نے متاثرہ دکانداروں اور مقامی لوگوںکی شکایات اور مطالبات کو غور سے سْنا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متعلقہ محکموں کی طرف سے پیش کردہ تشخیصی رپورٹس کے مطابق حکومتی سطح پر معاوضے کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔