سب ضلع اسپتال سوپور کے سبھی بستروں کو آکسیجن سپلائی فراہم کی جائے:ارشادکار
سری نگر//سب ضلع اسپتال سوپور کے سبھی دوسوبستروں کو آکسیجن سپلائی سے جوڑنے پر زوردیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے رہنما ارشادرسول کارنے کہا کہ تاحال ہسپتال کے صرف50بستروں کو ہی آکسیجن سپلائی فراہم کی گئی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے اسپتال کے آپریشن تھیٹر اور لفٹ کے باقی ماندہ کام کو بھی مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لفٹ کے ناقابل استعمال ہونے کی وجہ سے مریضوں کو کاندھوں پراُٹھا کر وارڈوں میں پہنچاناپڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے شمالی کشمیرمیں سب ضلع اسپتال سوپورکورونامریضوں کے علاج کا اہم مرکز ہے،لیکن یہاں کچھ اہم سہولیات کافقدان ہے،جن کودورکرنالازمی ہے۔نیشنل کانفرنس رہنما نے کہا کہ سب ضلع اسپتال سوپور کوکرونامریضوں کے مخصوص رکھا گیا ہے ۔ ارشاد رسول کار نے سوپورقصبہ میں پینے کے پانی کی شدیدقلت اورعدم فراہمی پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورتحال میں صاف پانی کی عدم دستیابی متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔انہوں نے محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ انجینئروں پرزوردیاکہ وہ اس جانب توجہ دیکر سوپور کے سبھی علاقوں میں بلاتاخیر پینے کے صاف پانی کی فراہمی ودستیابی کویقینی بنائیں ۔ارشاد رسول کار نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ اگرکہیں کسی واٹر سپلائی اسکیم میں کوئی خرابی یانقص پیداہوا ہے تواُس خرابی اورنقص کودورکرنے کیلئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات روبہ عمل لائے جائیں ۔
ٹیکوں کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:جاوید بیگ
سرینگر//اپنی پارٹی کے ترجمان اعلیٰ جاویدحسن بیگ نے جموں کشمیرمیں کووِڈ ٹیکوں کے سخت قلت پرشدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے حکومت پرزوردیا ہے کہ اُسے جموں کشمیرمیں ٹیکوں کو دستیاب رکھنے کیلئے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لانا چاہیے تاکہ عوام کو آسانی کے ساتھ کووِڈ ٹیکے دستیاب ہوں۔ایک بیان میں جاوید بیگ نے کہ زمینی حقائق حکومت کے بلند بانگ دعووئوںکے برعکس ہیں اور جموں کشمیر کے اسپتالوں میں کہیں کووِڈ ٹیکے دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو دردرکی ٹھوکریں ماری جاتی ہیں اور انہیں کہیں ویکسین دستیاب نہیں ہوتا۔بیگ نے کہا کہ ایک طرف حکومت لوگوں کو اشتہاروں کے ذریعے ٹیکہ کاری کی طرف بلاتی ہے اور دوسری طرف کہیں ٹیکے ہی دستیاب نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال ہرگزرتے دن بدسے بدترہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ ٹیکوں کیلئے اگر رقومات نہیں ہیںتوحکومت کو عارضی طور دیگر مدوں سے رقومات کو ویکسینوں کی فروخت پر صرف کرناچاہیے تاکہ دیگر ممالک اور بین الاقوامی کمپنیوں سے ٹیکے حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جینے کا حق اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہر انسان کو دیا گیا بنیادی حق ہے اور حکومت کو ٹیکوں کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرنا چاہیے۔
شالہ ٹینگ آتشزدگی:زخمی شہری 13روز بعدفوت
گاندربل//ارشاد احمد//شالہ ٹینگ سرینگر میں 5مئی کو ایک ریستوران میں لگی آگ کے دوران زخمی ہوا مقامی شہری تیرہ دن بعد صدراسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔5مئی کو شالہ ٹینگ میں ایک ریستوران میں آگ نمودار ہوئی جس دوران تین افراد زخمی ہوگئے جن میں اشفاق احمد گنائی ولدعبدالجبار گنائی ساکن شالہ ٹینگ صدر اسپتال میں تیرہ روز زیرعلاج رہنے کے بعد سوموار کو دم توڑ بیٹھا۔
کھنموہ جھڑپ
پلوامہ میں انٹرنیٹ کی معطلی سے یونیورسٹی طلاب کو مشکلات
سرینگر//کھنمو ہ سرینگر میں مسلح جھڑپ کے بعد جنوبی ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات کی معطلی سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ طلبہ کشمیر یونیورسٹی کے آن لائن امتحان میںبھی شامل نہ ہو سکے ۔ سی این آئی کے مطابق سوموار کی صبح کھنمو ہ سرینگر میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی پورے ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کردی گئیں ۔ انٹر نیٹ کی معطلی کے باعث کشمیر یونیورسٹی میںزیر تعلیم طلبہ کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اُ ن کا آن لائن امتحان تھا جس میں وہ شامل نہ ہو سکے ۔ طلبہ نے فون پر بتایا کہ انہیں آج امتحان میں شامل ہونا تھا تاہم صبح ہی ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئیں جس کے باعث وہ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ۔ انہوں نے یونیورسٹی حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کا امتحان موخر کیا جائے ۔
سمبل میں آشا ورکروں کا احتجاج
ماہانہ مشاہرے میں اضافہ اور مستقلی کا مطالبہ
ارشاد احمد
سمبل//سمبل سوناواری میںدرجنوں آشا ورکروں نے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ اور نوکریوں کی مستقلی کیلئے احتجاج کیا۔احتجاجی آشا ورکروں نے بتایا کہ اُن سے محکمہ اور ضلع انتظامیہ بھرپور کام لے رہاہے بلکہ کوڈ-19 کے دوران گھر گھر جاکر سروے کرایا، ویکسی نیشن رپورٹ مرتب کرائی لیکن اس کے بدلے صرف دو ہزار روپئے ماہانہ دئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ کرایہ پر صرف ہوتا ہے۔انہوں نے مانگ کی کہ ان کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کیا جائے اور نوکریوں کو مستقل کیا جائے۔ آشا ورکرس یونین نے تحصیل ہیڈ کوارٹر سمبل میں اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازے کی۔
ڈی جی پی کاسابق ایس ایس پی کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سابق ایس ایس پی محمدیاسین بٹ کے انتقال پرگہرے رنج وغم کااظہارکیا ہے ۔ انہوں نے بٹ کی کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے کے بعد فوت ہونے پردکھ کااظہارکیاگیا۔15جنوری1952کو سرینگرمیں پیداہوئے محمدیاسین بٹ نے جموںوکشمیرپولیس میں تعیناتی کے دوران کئی اہم عہدوں پرفرائض انجام دئیے جبکہ انہوں نے اپنی سرو س کازیادہ وقت پولیس کے ٹیلی کام شعبہ میں مختلف عہدوں پرگزارا۔موصوف2010میں ڈی ٹی پی کے عہدے پرفائض ہونے کے دوران نوکری سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہار کرتے ہوئے اُنکی روح کے سکون کیلئے بھی دعاکی ۔
لائوڈا نے کئی علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا
سرینگر//لائوڈا کی انفورسمنٹ ونگ نے نے پیر کو انفورسمنٹ افسرکی نگرانی میںخواجہ باغ تیل بل ، کرال محلہ اشبر ، رنگر اسٹاپ سعدہ کدل ، فرینڈز کالونی شالیمار اور رعناواری میںغیرقانونی تعمیرات کو منہدم کیا۔لائوڈا کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے کورونا کرفیو کی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد کے تحت قانونی کارروائی کا بھی آغاز کیا گیا۔ مسماری ٹیم کو جوگی لنکر رعناوری علاقے میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جہاں مفاد پرست عناصر نے انہدام کے عمل میں رکاوٹ ڈالی۔ حکام نے لا ڈو ا کے دائرہ اختیار میں رہنے والے باشندوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے یا تعمیراتی سامان کو پھینکنے کی غلطی نہ کریں۔
جمعیت ہمدانیہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے زیارت حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ کی زیارت گاہ کے منتظم فاروق احمد پراٹھ(فاروق نواز) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مولانا ہمدانی نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو اللہ تعالیٰ نے دینی علم سے مالامال کیا تھا اور شاہِ ہمدانؒ کے بارے میں اُن کی علمی صلاحیت کافی مقبول تھی۔ مرحوم نعت گوئی اور علمی صلاحیتوں سے لبریز تھے۔ مولانا ہمدانی نے خانیار کے قاضی خاندان کے چشم و چراغ آفتاب احمد قاضی کے لواحقین کے ساتھ بھی تعزیت کی۔
ژالہ باری سے ہارون میں گلاس کی فصل تباہ
احسان پردیسی کی انتظامیہ سے امدادکی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے یوتھ لیڈر احسان پردیسی نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کے ساتھ ساتھ محکمہ باغبانی اور محکمہ زراعت کے حکام پر زور دیا کہ فقیر گوجری ہارون میں تباہ کن ژالہ باری سے گلاس کی فصل کو پہنچے نقصان کی برپائی کیلئے مالکان باغات کی امداد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہارون میں سینکڑوں گھرانوں کی روزی روٹی کا اچھا خاصہ حصہ گلاس کی فصل پر منحر ہوتا ہے لیکن امسال کئی بار تباہ کن ژالہ باری سے زبردست نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میںکسانوں کے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ان متاثرین کی فوری امدادکی جائے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سیاسی شخصیت خواجہ محمد سلطان منڈو ساکن سونہ وار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں مغفرت اورلواحقین کے حق میں صبر جمیل کی دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق نے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی ۔ دریں اثناء پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے قاضی آفتاب احمد ساکن شیشہ گری محلہ کی وفات پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
چرواہے وادی کی طرف رواں دواں
انتظامیہ سے شیلٹر شیڈ قائم کرنے کا مطالبہ
سرینگر// جموں صوبے سے ہزاروں کی تعداد میں بھیڑ بکریوں کے ریوڈ لیکر چرواہے وادی کی طرف رُخ کرتے ہیں جو اس کیلئے سرکار کو سالانہ کروڑوں روپے ٹیکس اداکرتے ہیں تاہم ان کیلئے کہیں بھی شیلٹر شیڈ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے مال و جان کو شدید خطرہ لاحق رہتا ہے ۔یہ لوگ سمتھن ٹاپ، مغل روڑ،نور آباد اورکپرن ویری ناگ کے راستے وادی داخل ہوتے ہیں لیکن ان راستوں پر کوئی شیلٹر شیڈ قائم نہیں ہے جس کی وجہ سے یہ لوگ موسمی خطرات سے دوچار ہوجاتے ہیں ۔ انہوںنے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان راستوں پر شیلٹرشیڈ قائم کروائیں تاکہ ان کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔ سی این آئی