آصفہ کے والدین وزیر اعلیٰ سے ملاقی
تحقیقات کے عمل میں تیزی لانے کا مطالبہ
جموں /کٹھوعہ ضلع کے ہیر ا نگر تحصیل کے رسانہ گائوں کی آٹھ سالہ آصفہ بانو جسے چند روز پہلے ہلاک کر دیا گیا تھا کے والدین نے یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے ہلاکت کی تحقیقات میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا تاکہ قصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے ۔وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت نے پہلے ہی اس واقعہ کی تحقیقات کرانے کے لئے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے اور تب تک اس معاملے کو مزید تحقیقا ت کے لئے کرائم برانچ کو سونپا گیا ہے ۔خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقا ر علی بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ہوم گارڈ ایسو سی ایشن کااحتجاجی مظاہرہ
حکومت پرمطالبات کونظراندازکرنے کاالزام
جموں// آل جے اینڈ کے ہوم گارڈ ویلفیئرایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں تنظیم صدر کملاشرماکی قیادت میںایک ریلی کااہتمام کیا اس دوران مظاہرین نے حکومت پرہوم گارڈویلفیئرایسوسی ایشن کے مطالبات کونظراندازکرنے کاالزام عائدکیا۔اس دوران مظاہرین نے کہاکہ ریاستی حکومت ایک طرف 9ہزارپتھربازوں اورسرینڈرکرنے والے ملی ٹینٹوں کومستقلی ملازمت فراہم کررہی ہے اوردوسری طرف ہوم گارڈز کے مسائل کی اندیکھی کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جنھوں نے ہوم گارڈزکے طورپر خدمات انجام دی ہیں ان کی زندگی دائوپرلگی ہوئی ہے لیکن حکومت کے کانوں پرکوئی جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ یہ کتنی بدقسمتی کی بات ہے کہ ہوم گارڈز 545روپے ماہانہ پراپنی ڈیوٹیاں مشکل حالات مثلاً یاترا، آفات سماوی اورجنرل ٹریفک کے سلسلے میں انجام دیتے ہیں ۔اس دوران مقررین نے مطالبہ کیاگیا تھا کہ3مارچ2015 کو سپریم کورٹ کی جانب سے ایک آرڈر نکالاگیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ ہوم گارڈ کوبھی محکمہ پولیس کے درجہ کے طورتسلیم کیا جائے لیکن ریاستی انتظامیہ نے ابھی تک سپریم کورٹک یاس آرڈر کوعلمی جامہ نہیں پہنایا یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کی دیگر ریاستوں پنجاب ،ہریانہ ، ہماچل پردیش، دہلی ،مدھیہ پردیش ، تلنگانہ ، جھاڑکھنڈ نے سپریم کورٹ کے اس آرڈر کوعملی جامہ پہنایا مگر ریاست جموں وکشمیرمیںابھی تک اس آڈر پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہوم گارڈ کے غریب ملازمین پریشان حال زندگی گذار رہے ہیں۔مقررین نے ریاستی سرکار سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے اس آرڈر کوجلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ محکمہ ہوم گارڈ کے ملازمین کوراحت مل سکے۔
پی ڈی پی کسان ونگ کے لیڈران کادورۂ بشناہ
کسانوں کودرپیش مسائل کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی
جموں//کسانوں کودرپیش مسائل کاجائزہ لینے اوران کاازالہ کرنے کیلئے ریاستی صدرپی ڈی پی کسان ونگ ست پال سنگھ چاڑک اورضلع صدرکے کے شرمانے بشناہ علاقے کادورہ کیا ۔اس دوران پی ڈی پی لیڈرنے کسانوں کے ساتھ بات چیت کی اورانہیں درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔انہوں نے کسانوں کویقین دلایاکہ وہ انہیں درپیش مسائل کے ازالہ کیلئے متعلقہ وزیرکے ساتھ بات چیت کریں گے اوراگرضرورت محسوس ہوئی تووہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کریں گے۔اس موقعہ پرکے کے شرمانے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ علاقہ کے کسانوں کودرپیش مسئال کے ازالہ کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے مزیدکہاکہ ان کے اس دورے کامقصد آئیندہ منعقدہونے جارہے پنچایت انتخابات کی مناسبت سے پارٹی ورکروں سے ملاقات کرنااوران انتخابات کیلئے تیاررہنے کی تلقین کرنابھی تھا۔ انہوںنے کہاکہ کسانوں کے مسائل کے ازالہ کیلئے اس طرح کی مزیدمیٹنگوں کااہتمام بھی کیاجائے گا۔
پی اوجے کے رفیوجیوں کی مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی
جموں//پی اوجے کے فرنٹ 1947، 1965اور1971کیمپ اینڈنان کیمپ کے بینرتلے رفیوجیوںنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی۔اس دوران مظاہرین اپنی مانگوں کے حق میں اورحکومت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔فرنٹ کے لیڈران نے حکومت پر پی اوجے کے فرنٹ کے مطالبات کی اندیکھی کاالزام لگایا۔ انہوں نے حکومت سے پرزورمطالبہ کیاکہ وہ پی اوجے کے مہاجرین کی مانگوں جن میں جے پی سی رپورٹ کے مطابق 30لاکھ روپے ہررفیوجی کنبے کودیئے جائیں ،بچوں کوپڑھائی اورنوکری کیلئے ریزرویشن دی جائے،اوبی سی کی طرزپر رفیوجی بورڈبنایاجائے،پی اوجے کی 24 سیٹیں رفیوجی پریواروں کودی جائیں،نان کیمپ 1971 کے رفیوجی پریواروں کودس مرلے پلاٹ اورمکان کیلئے مالی مدددووغیرہ شامل ہیں کوپوراکرنے کامطالبہ کررہے تھے۔
کسانوں کا40رکنی گروپ تربیت کیلئے بیرون ریاست روانہ
جموں//صوبہ جموں کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے ایک 40رکنی گروپ کوڈائریکٹرزراعت جموں ایچ کے رازدان نے بین ریاستی تربیتی پروگرام کے لیے جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔پروگرام کااہتمام محکمہ کے فارمرزٹریننگ سنٹر نے ایگریکلچرٹیکنالوجی منیجمنٹ ایجنسی کے زیرنگرانی کیاتھا۔ اس موقعہ پرڈائریکٹرزراعت نے کسانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اس دورے کااہتمام اے ٹی ایم کے تحت کیاگیاہے تاکہ کسانوں کوزراعت کے جدیدطریقوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاسکے ۔انہوں نے کسانوں سے کہاکہ وہ اس دورے کے دوران فارم سائنس دانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران زراعت کے جدیدطریقوں کے بارے میں ضرور ی معلومات حاصل کریں۔اس دورے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (ٹریننگس) سنیل کول نے کہاکہ دورے کے دوران یہ کسان کرشی وگیان کیندر، جی پی پنت یونیورسٹی برائے زراعت وٹیکنالوجی دھنوری میں تربیتی پروگراموں میں حصہ لیں گے اوریہ پروگرام سات روزتک جاری رہے گا۔
شیعہ فیڈریشن کی تعزیتی میٹنگ
آغا سید محمد فضل اللہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار
جموں//شیعہ فیڈریشن کی ایک تعزیتی میٹنگ زیر صدارت سرپرست اعلیٰ مولانا مختار حسین جعفری منعقد ہوئی جس میں صدر انجمن شرعی شریف آباد بڈگام آغا سید محمد فضل اللہ الصفوی الموسوی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ۔شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی موت کوایک بھاری نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہایت ہی پاک دامن ،امانت دار ،نیک سیرت شریف طبع انسان ،صوم و صلواۃ کا پابند ،دیندار اور اعلیٰ پایہ کا عالم دین کھو دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مرحوم قوم کا ایک قیمتی سرمایہ تھے جنہوںنے وقت وقت پر قوم کی رہنمائی کی ،ان کے چلے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پُر کرنا از حد مشکل ہے ۔شرکاء نے مرحوم کے فرزند آغا سید ہادی الصفوی ،آغاسیدلطف اللہ اور ایم ایل سی و نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر آغا سیدمحمود و آغا سید مرتضی ٰو دیگر لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔شرکاء نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میںجگہ عطا ہواور لواحقین کویہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ ملے۔میٹنگ میںفیڈریشن صدر عاشق حسین خان ، نائب صدر شیخ سجاد حسین،سید فدا حسین رضوی ،غلام محمد گنائی ،لال دین ٹھیکیدار ،محمد یوسف پٹھان ،محمد رضا ریٹائرڈ ایگزیکٹیو انجینئر ،مولانا ابو القاسم رضوی ،ایڈووکیٹ ذیشان علی خان ،ذوالفقار علی نقوی ،ماسٹر علی محمد ،کاظم حسین شاہ ،ڈاکٹر رضا علی ۔سید الطاف حسین ،سید مظفر حسین ،منان حیدر بھی موجود تھے ۔
حکومت کی پالیسیاں عوام کش:گوجربکروال اصلاحی کمیٹی
جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے کہاہے کہ وادی کشمیرمیں کلنگ ٹچ پالیسی کوترک نہ کیاتواس سے بھیانک تباہی ہوگی۔یہاں جاری پریس بیان میں گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ جب سے ریاست میں پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت وجودمیں آئی ہے تب سے کشمیرمیں کلنگ ٹچ پالیسی جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدوں پربھی شیلنگ ٹچ سے بھاری جانی ومالی نقصان ہونے سے لوگ پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی پریشانیوں میںاضافہ ہواہے۔ چوہدری اخترحسین نے کہاکہ مرکزمیں مودی اورریاستی حکومتوں نے فرقہ پرستی کوفروغ دیاہے ۔انہوں نے کہاکہ منصوبہ بندطریقے سے مسلم کشی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیکولرازم کے بجائے ہندوتوطاقتیں ملک کوکمزورکررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیرمیں آئے روز مسلمانوں کوہلاک کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ عام لوگوں پرہتھیاروں کامظاہرہ قابل افسوس بات ہے۔ اخترچوہدری نے کہاکہ کٹھوعہ میں سات سالہ معصوم بچی آصفہ بانوکوفرقہ پرستی کے تحت درندوں نے بربریت کاشکاربنایا ۔انہوں نے کہاکہ عرصہ درازسے وادی میں افسپا نافذ ہے اوراس کوہٹانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کوہراساں کرنے کے حربے آئے روزبڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت مسلم دشمنی پرگامزن ہے ،کشمیریوں کے خلاف اورکشمیرسے پیار،کشمیرتباہی کی طرف لیکن بھاجپاانتخابات 2019کی طرف ،پی ڈی پی کشمیریوں کی لاشوں پرسیاست کررہی ہے جوبہت غلط بات ہے ۔ اسی لیے توہلاکتوں پرتحقیقات کودبایاجاتاہے جبکہ ہندوستان پرحق تو سبھی کاہے ،اس پارکشمیرہماراہے توپھرمذاکرات کیوں نہیں۔ سترسالوں میں ہندوپاک میں کوئی بھی شخص نہیں ہے جومسئلہ کشمیرحل کرسکے۔
زنانہ کالج گاندھی نگرمیں میگا کلچر ل شو کا انعقا د
نوجوانوں کوثقافت سے روشناس کروانے کی ضرورت :لال سنگھ
جموں /جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے ریاست کے گوناگوں ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے اور اسے تحفظ دینے میں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی کاوشوں کی تعریف کی ہے ۔محکمہ نے گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر میں 69ویں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقعہ پر وزیر نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے پروگراموں میں اختراعی نوعیت متعارف کرے تاکہ نوجوانوں کو اپنی ثقافت اور ورثے کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں روشنا س کرایا جاسکے ۔اس موقعہ پر لال سنگھ نے یوم جمہوریہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ملک کو آزادی دلانے میں مہاتما گاندھی ، بھگت سنگھ ، چندر شیکھر آزاد ، سبھاش چندر بوس ، راج گورواور سکھ دیو کے رول پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر مدعو سامعین کے لئے کئی رنگارنگ پروگرام پیش کئے گئے ۔بعدمیں وزیرنے طلاب اور فنکاروں میں مومنٹوز اور توصیفی اسناد تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری جنگلات سوربھ بھگت ، ناظم اطلاعات منیر الاسلام کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران ، سول سوسائٹی ارکان اور کافی تعداد میں طلاب موجود تھے۔
کلچرل اکادمی کے زیراہتمام ’کُل ہند اُردو مشاعرہ‘
حکومت اُردو زبان کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم :عبدالحق
جموں /دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کہا کہ شاعری کے ذریعے سے اپنے خیالات اور تصورات کی بہتر ڈھنگ سے عکاسی کی جاسکتی ہے ۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے منعقد کئے گئے کل ہند مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ارد و ایک خوبصورت زبان ہے جس سے ریاست کی سرکاری زبان کا درجہ ہونے کے ساتھ ساتھ ریاست کے تمام خطوں میں بولا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس زبان کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے اس مقصد کے لئے اُردو زبان کو فروغ دینے کے لئے ایک کونسل بھی تشکیل دیا ہے اور اس مقصد کیلئے 2کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔انہوں نے اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کیلئے کلچرل اکیڈیمی کی تعریف کی۔ اکیڈیمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے اس طرح کے مشاعروں کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت شاعروں کو اپنی شاعری لوگوں کے سامنے لانے کا ایک موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔معروف شاعر اور براڈکاسٹر فاروق نازکی نے اس مشاعرے کی صدارت کی جس میں کئی دیگر معروف شعراء نے بھی اپنا کلام پیش کیا۔اس موقعہ پر کافی تعداد میں لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے شعراء کے کلام کو سراہا۔
اساتذہ کا وفد وزیر تعلیم سے ملاقی
ٹیچروں کودرپیش مسائل سے آگاہ کیا
جموں /تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اساتذہ برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سرکاری سکولوںمیں پرائمری اور بنیادی سطح کی تعلیم میں بہتری لانے کے لئے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے۔جموںوکشمیر جنرل لائن ٹیچرس فورم کے ایک وفد کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بنیادی تعلیم کو بچوں کے مستقبل سنوارنے میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ انفرادی سطح پر بچوں کی طرف توجہ دیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو ایک صحیح سمت دی جاسکے ۔وزیر نے کہاکہ حکومت اور لوگوں کو اساتذہ برادری سے کافی توقعات وابستہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ برادری کو درپیش مسائل سے پوری طرح باخبر ہے اور ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔اس سے قبل وفد کے ارکان نے انہیں درپیش کئی مسائل وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے جن میں ماسٹر گریڈ میں اساتذہ کی ترقی کے لئے ڈی پی سی منعقد کرنا اور اساتذہ کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے معاملات شامل تھے۔
نائب وزیر اعلیٰ کی ظفر اقبال کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں /نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سینئر صحافی شیخ ظفر اقبال کی ہمشیرہ کے انتقال پر اُن کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ مرحومہ گذشتہ روزطویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے کلینڈراورنیوزلیٹرکااجراء
جموں//سال 2018کے کلینڈراورسرمائی نیوزلیٹر’’ٹیک نیوز‘‘کااجراء کرنے کے سلسلے میں محکمہ تکنیکی تعلیم کی جانب سے جموں یونیورسٹی کے جنرل زورآورسنگھ آڈیٹوریم میں تقریب کاانعقاد کیاگیا۔ اس دوران وزیرتکنیکی تعلیم ،یوتھ سروسزواسپورٹس مولوی عمران رضاانصافی مہمان خصوصی تھے۔ڈائریکٹرتکنیکی تعلیم نے محکمہ کی سرگرمیوں پرروشنی ڈالی۔ڈاکٹرشاہ فیصل ایم ڈی جے کے ایس ڈی پی سی نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کوتکنیکی تعلیم دینے کی ضرورت پرزوردیاتاکہ وہ فارغ ہونے کے بعدآسانی سے روزگارحاصل کرسکیں۔
یوم جمہوریہ کی اختتامی تقریب ’بیٹنگ دِی ریٹریٹ ‘کاانعقاد
جموں// اس سال کی یوم جمہوریہ کی اختتامی تقریب بیٹنگ دی ریٹریٹ گذشتہ شام یہاں ایم اے ایم سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ گورنر این این ووہرا، خاتون اول محترمہ اوشا ووہرا، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر، چیف سیکرٹری بی بی ویاس، ڈی جی پی، ڈاکٹر ایس پی وید،سول، پولیس، فوج اورسینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے اعلیٰ افسران ،دیگر شخصیات اور شہریوں نے تقریب کا مشاہدہ کیا۔فوج، بی ایس ایف اور جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے پائپ ڈرم اور براس بینڈ کی دھنوں کو شائقین نے سراہا۔براس بینڈ پر ویر سپاہی، وجے بھارت، محرون سلور اور گولڈ، قدم سے قدم ملائے جا اور سارے جہاں سے اچھا دھنیں پیش کی گئیں جبکہ پائپ بینڈ شو میں دستوں نے انڈیا گیٹ، دیشوں کا سرتاج بھارت، نورنگ، دی ہنڈرڈ پائیپرس، لندنس بونی وُڈس اینڈ بریس، وی پائیپر آف ڈرمانڈ اور دیگر شو پیش کئے گئے۔اس موقعہ پر گورنر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے براس بینڈ پائپس اینڈ ڈرم دستوں کو انعامات سے نوازا۔ انہوں نے لارڈ شِوا ڈے بورڈنگ سکول گومنہاساں( گرلز)، گورنمنٹ ایس آر ایم ایل ہائیر سکینڈری سکول جموں(بوائز) کو مارچ پاسٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے انعامات پیش کئے۔کارمل کانوینٹ سکول کنجوانی( گرلز)، سینک سکول مانسبل( بوائز) کو بہترین بینڈ دستے کے طور انعام سے نوازا گیا۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکینڈری سکول کنال روڈ جموں کو بہتر تمدنی پروگرام پیش کے صلے میں انعام دیا گیا۔ محکمہ صحت عامہ ،آبپاشی و فلڈ کنٹرول جموں کے سی سی ڈی یو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے’ پانی بچاؤ، محفوظ پانی، پانی کا منصفانہ استعمال وغیرہ‘ سے متعلق یوم جمہوریہ کی پریڈ میں ایم اے سٹیڈیم میں پیش کی گئی جھانکی کے لئے بھی انعام پیش کیا گیا۔ بیٹنگ دی ریٹریٹ کی اختتامی تقریب پر آتش بازی کی گئی۔ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا اور قومی ترانہ پیش کرنے کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔