وزیرزراعت کے ہاتھوںاودہمپور میں کسان میلے کا افتتاح
ہانجورہ کازرعی سکیموں کے فوائد ضرورتمند کسانوں تک پہنچانے پر زور
اودھمپور/ زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے زراعت اور اس سے منسلک محکموں کے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسان دوست سکیموں کے فوائد مستحقین تک پہنچ جائیں تا کہ اُن کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتری لائی جا سکے ۔ وزیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار یہاں ایک نمائش اور کسان میلے کا افتتاح کرنے کے دوران کیا ۔ رُکنِ اسمبلی پون کمار گپتا ، ڈی سی اودھمپور رویندر کمار ، وائس چیئر مین سٹیٹ کسان بورڈ دلجیت سنگھ چب کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ہانجورہ نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ کسانوں کو کاشتکاری کے جدید طریقوں سے روشناس کرایا جائے تا کہ وہ اپنی پیدا وار میں اضافہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان میلوں کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ پیداوار دینے والے بیج عام کسانوں تک پہنچائے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی سیکٹر کو دوام بخشنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تا کہ کسانوں کی آمدن 2022 تک دوگنی بنائی جا سکے ۔ اس میلے کے دوران زراعت ، باغبانی ، پشو پالن ، بھیڑ پالن ، فشریز اور سیریکلچر محکموں کی طرف سے 50 سے زائدسٹال لگائے گئے تھے ۔ وزیر نے ان سٹالوں کا معائینہ کیا اور مختلف پہلوؤں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ اس دوران انہوں نے کئی ترقی پسند کاشتکاروں کی عزت افزائی کی ۔
پنتھرس پارٹی کی 36ویں سالگرہ
پروفیسربھیم سنگھ علیل، تقریب میں شامل نہ ہوسکے
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ، جنہوں نے 1982میں پارٹی قائم کی تھی، طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے پارٹی کی سالگرہ تقریب میں شامل نہیں ہوسکے۔ پارٹی کی 36ویں سالگر ہ تقریب میں شامل ہونے کے لئے کشمیر ، لداخ اور جموں پردیش سے ہزارو ں کارکن یہاں جمع ہوئے ہیں۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے پارٹی کارکنوں اور عام لوگوں کے نام اپنے پیغام میںیقین دلایا کہ وہ اپنی جائے پیدائش جموں وکشمیر میں جمہوریت اور امن کی بحالی اور دنیا میں امن کی تحریک کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ پنتھرس سپریمو نے اپنے یہاں او ر غیرممالک میں رہنے والے خیر خواہوں کے نام اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امن، انصاف ، مساوات اور بھائی چارہ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جوانہوں نے اپنے کنبے، پڑوسیوں اور تمام مذاہب او ر انسانیت سے محبت کرنے والوں سے سیکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام مذاہب اور ذات و طبقات کے لوگوں کے درمیان بھائی چارہ ، محبت اور تخفیف اسلحہ کے لئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے جس سے دنیا میں امن اور ہم آہنگی رہے اور لوگ بغیر ہتھیاروں کے انسانی محبت کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار سکیں۔لندن یونیورسٹی میں زیرتعلیم پروفیسر بھیم سنگھ کے بیٹے انکت لو نے جموں میں جمع ہوئے لوگوں کو سلام کیا۔پنتھرس نے سربراہ اسپتال سے بھیجے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ جب دنیا میں نفرت، جنگ اور بم نہیں ہوں گے تو دنیا کے لوگ امن اور انصاف کے ساتھ خوشحال زندگی گزار سکیں گے۔
سوچھ بھارت مشن کے تحت پنچایت بٹل میں گورویاتراکااہتمام
ادہم پور//ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور رویندر کمارنے سوچھ بھارت مشن گرامین کے تحت پنچایت بٹل میں گورو یاترا کا اہتمام کیا۔اس دوران پنچایت بٹل میں لوگوں کو سوچھ بھارت مشن کے تحت چلائی جانے والی صفائی مہم کے بارے میں جانکاری دی گئی۔یاترا کا مقصد لوگوں کو گھروں میںبیت الخلاتعمیر کرنے کے فوائدکے بارے میں جانکاری فراہم کرنی تھی۔اس یاترا میں پنچایت بٹل کے لوگوں کی کثیرتعدادنے حصہ لیا اور لوگوں کو صفائی مہم کے فوائدکی جانکاری دی گئی۔اس دوران کمشنر نے لوگوں سے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے یہاں کے باشندوں کی ازحد ضرورت ہے۔کمشنر نے کہا کہ ضلع کو کھلے میں پاخانے کی سماجی برائی سے آزاد کرنا ہے تو ہر آدمی کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔اور لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں بیت الخلا تعمیر کریںتاکہ ہم ضلع کو سماجی برائی سے آزاد کرنے میں کامیاب ہو جائے اور صاف و شفافٖ ماحول میں سانس لے سکیں۔
ارکان قانون سازیہ اوربنک افسران وزیراعلیٰ سے ملاقی
جموں/ کئی ارکان قانون سازیہ نے آج یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی عمل کی رفتار کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں بہبودی سکیموں اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی موثر عمل آوری میں حائل مشکلات کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔جن ارکان نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی ان میں اصغر کربلائی ، وقار رسول ، ڈی ایس پریہار، راجا منظور ، نور محمد شیخ، چودھری قمر حسین اور سریندر چودھری شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ارکان کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اُجاگر کئے گئے معاملات کو ایک معیاد مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔دریں اثنا آل انڈیا بینک آفیسر س ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں درپیش معاملات کو حل کرنے میں وزیراعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔
خواجہ معین الدین چشتی ؒ کا سالانہ عرس
وزیراعلیٰ نے ریاستی عوام کومبارک باد دی
جموں/ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ جنہیں عرف عام میں غریب نواز کے نام سے جانا جاتا ہے کے 806ویں سالانہ عرس مبارک پر عوام کو مبارک باد دی ہے ۔یہ عرس آج پورے برصغیر میں تزک و احتشام کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔مبارک بادی کے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس عظیم صوفی بزرگ نے ہمیشہ اخوت، بھائی چارے اور سادگی کے پیغام کو عام کیا اور یہ ہمیشہ پوری عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ یہ عرس ریاست میں امن اور لوگوں کی ترقی و خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے ۔
ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر کی محبوبہ مفتی سے ملاقی
جموں/ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر دورجے متہپ نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی ۔میٹنگ کے دوران چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے سالانہ بجٹ میں اضافہ ، خطے میں پی ایم ڈی پی کے پروجیکٹوں پر فوری کام شروع کرنے، خالی اسامیاں پُر کرنے ، ضلع میں عربی اور بودھی اساتذہ کی اسامیاں معرضِ وجود میں لانے اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کرنے کے معاملات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے ۔ وزیر اعلیٰ نے اِن تجاویز پر غور کرنے کا یقین دِلایا۔
لوگوں کے ہنروں میں اضافہ کرنے کیلئے
مؤثر لائحہ عمل اختیار کرناناگزیر: طلعت پرویز
جموں/ سیکرٹری محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف و باز آباد کاری طلعت پرویز روہیلہ نے کہا ہے کہ متعلقہ محکموں کے کام کاج میں معقولیت لانے کیلئے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل مرتب کرنے کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی دہائی کے دوران ریاست کو ناگہانی آفات کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس وجہ سے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی افادیت ریاست میں مزید بڑھ جاتی ہے ۔ سیکرٹری نے کہا کہ لوگوں کے ہنروں میں اضافہ کرنے اور اُن کی صلاحتیں بڑھانے کیلئے ایک فعال طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے تا کہ وہ مشکلات کا آسانی کے ساتھ مقابلہ کر سکیں ۔ سیکرٹری، جن کے پاس فلوری کلچر محکمہ کا انتظامی سیکرٹری کا چارج بھی ہے ، نے ریاست کے ہر ایک کونے میں تصوراتی باغات وجود میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پھول بانی کے کافی وسائل موجود ہیں اور ان وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تا کہ اس سیکٹر میں روز گار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کئے جا سکیں ۔
عبدلیاں ۔ بدھی پور سڑک پر تار کول بچھانے کے کام کا آغاز
جموں/ صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو اُن کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے اور خاص طور سے ریاست کے دور دراز علاقوں میں بہتر سڑک رابطہ فراہم کرنے کی طرف توجہ دی جا رہی ہے ۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج ساڑے تین کلو میٹر لمبی عبدالیاں ۔ بدھی پور سڑک پر تار کول بچھانے کے کام کی شروعات کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ کام 1.06 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ وزیر موصوف نے اس موقعہ پر علاقے میں بہتر سڑک رابطے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ فراہم کرنے سے علاقے کے لوگوں کو اپنی اشیاء آسانی سے بازاروں تک پہنچانے میں مدد ملے گی اور یوں اُن کی سماجی و اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری ہو گی ۔
دورجے کی وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات
لداخ میں کام کر رہے ملازمین سے جُڑے معاملات پر تبادلہ خیال
جموں/ امدادِ باہمی اور لداخ امور کے وزیر شیرنگ دورجے نے وزیر خزانہ سعید محمد الطاف بخاری کے ساتھ ملاقات کی اور لداخ خطے میں کام کر رہے ملازمین کو اُن کے بنیادی تنخواہ کے دس فیصد کا خصوصی ڈیوٹی الاؤنس اُن کے حق میں جاری کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دورجے نے وزیر خزانہ سے کہا کہ لیہہ اور کرگل کے دور دراز علاقوں میں کام کر رہے ملازمین کو دس فیصد ڈیوٹی الاؤنس دینے سے متعلق اعلان بجٹ کے دوران کیا گیا تھا تا ہم اس حوالے سے ابھی تک محکمہ خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ملازمین لیہہ اور کرگل ضلعوں کے دور دراز علاقوں میں کام کرنے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کیونکہ انہیں ان علاقوں میں فرایض کی انجام دہی کے دوران کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بعد میں وزیر خزانہ نے دورجے کو یہ مطالبہ پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کی ضروریات پورا کرنے بالخصوص لداخ خطے میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی ۔
دورجے کا طالب علم کی ہلاکت پراظہاردُکھ
جموں/ امداد باہمی اور لداخ امور کے وزیر شیرنگ دورجے نے کل سڑک کے ایک حادثے کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول سریح نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم کی ہلاکت پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ۔ وزیر موصوف نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اس حادثے میں ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات بہم پہنچائیں ۔
کٹھوعہ میں شہید بھگت سنگھ سٹی فارسٹ پارک کا افتتاح
کٹھوعہ/ جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے تمام قصبوں میں بنیادی سہولیات کو بڑھاوا دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لائی جاسکے ۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار کٹھوعہ میں شہید بھگت سنگھ سٹی پارک کا افتتاح کر نے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ یہ پارک 35لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کی جاچکی ہے ۔ اس موقعہ پر ایم ایل اے راجیو جسروٹیہ بھی موجود تھے۔وزیر نے کہا کہ حکومت پارکوں اور ثقافتی اہمیت کے مقامات کو ترقی دینے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے تاہم انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پارکوں کے رکھ رکھائو کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان میں صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھیں۔راجیو جسروٹیہ نے علاقے میں جامع شجر کاری مہم شروع کرنے کے لئے وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔اس سے قبل وزیر نے ایم ایل اے کے ہمراہ پارک میں بھگت سنگھ اور راج گورو کے مجسمے پر گلباری کی۔ پی سی سی ایف روی کیسر اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ منعقد
جموں/ ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کی ایک میٹنگ ممبر اسمبلی عبدالرحیم راتھر کی صدار ت میں منعقد ہوئی جس میں ارکان قانون سازیہ سے جڑے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں ارکان قانون سازیہ غلام محمد سروری ، راجا منظور احمد ، عبدالمجید لارمی، اصغر علی کربلائی اور چودھری محمد رمضان نے شر کت کر کے اس تعلق سے اپنی تجاویز دیں۔میٹنگ میں کمیٹی کے ممبران کی جانب سے سپیکر کے ساتھ ایک میٹنگ میں اُبھارے گئے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ ارکان قانون سازیہ کے پروٹوکال اور استحقاق سے جڑے معاملات وزیر اعلیٰ اور انتظامی سربراہوں کی نوٹس میں لائے جائیں گے ۔میٹنگ میں قانون ساز اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری آر ایل شرما ، ڈپٹی سیکرٹری عبدالقیوم میر اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
بڑی براہمناں تحصیلدار دفتر میں کورٹ روم کا افتتاح
جموں/ صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے ضلع سانبہ کے بڑی برہمنا علاقے میں تحصیلدار کے دفتر میں کورٹ روم کا افتتاح کیا۔بڑی برہمنا بلاک کے لوگوں کو مبار ک کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آج کے بعد لوگوں کو انصاف حاصل کرنے کے لئے کہیں دور نہیں جانا پڑے گا۔وزیر نے تحصیلدار سے کہا کہ وہ لوگوں کے معاملات جلد از جلد نمٹایا کریں تاکہ لوگوں کو انصاف حاصل کرنے کے لئے زیادہ دیر تک انتظار نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تحصیلدار کے دفتر کو صاف و شفاف رکھنے کے سلسلے میں اقدامات کریں۔ریاست کی کلہم ترقی کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک تفصیلی منصوبہ مرتب کیا گیا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی کاوشوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے حکومت کو تعاون دیں۔اس موقعہ پر وزیر نے تحصیلدار کے دفتر کا معائینہ کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ تمام التوا میں پڑے کام جلدی نمٹائے جائیں گے ۔بعد میں وزیر نے بیر پور کمپلیکس میں ٹرانسفارمر فراہم کرنے کے لئے چیف انجینئر کو 37لاکھ روپے کی ایک چیک فراہم کی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے بلاورمیںعوامی مسائل سنے
کٹھوعہ/ پنچایتی راج اداروں کو بنیادی سطح پر استحکام بخشنے کے لئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ا بلاور تحصیل کے کاہگائوں میں پنچایت گھر کا افتتاح کیا۔پنچایت گھر کی تعمیر دیہی ترقی محکمہ نے 22.50 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا ہے۔کاہ، بروٹہ اور جسیال گالک دیہات میں عوامی درباروں میں حصہ لینے کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے کئی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے جانکاری حاصل کی ۔ڈاکٹر سنگھ نے لوگوں کی شکایات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔انہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں تیز تر اقدامات اٹھائیں۔کاہگائوں کے لوگوں کی طرف سے شردڈائیٹی استھاپن کے پاس ایک کلورٹ کی تعمیر کے مطالبے کے ردعمل نائب وزیر اعلیٰ نے اے سی ڈی کٹھوعہ کو فوراً ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی اور موقعہ پر ہی 8لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔پنچایتی راج اداروں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنچایتیں گائوں کی روح ہوتی ہیں اور گرام سبھائوں پنچایتوں میںایک اہم رول ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے ہر ایک فرد پر زور دیا ہے کہ وہ گرام سبھائوں میں شدو مد سے شرکت کریں تاکہ گائوں کی ترقی میں وہ اپنا رول ادا کرسکے۔جسیال گالک گائوں میں نائب وزیر اعلیٰ نے ایک 25کے وی ٹرانسفارمر نصب کرنے کا اعلان کیا۔اے ڈی سی بلاور، اے سی ڈی ، تحصیلدار، بی ڈی او اور ضلع افسران کے علاوہ سماجی ارکان اس موقعہ پر موجود تھے۔