محمد تسکین
بانہال// سالانہ شری امرناتھ یاترا کا 14واں جتھہبدھ کی علی الصبح بھگوتی نگر یاتری نواس، جموں سے سخت اور کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات کے درمیان کشمیر میں واقع بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوا۔ قافلے میں مجموعی طور پر 6,251 یاتری شامل تھے۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم کے مطابق 2,985 یاتری بالتل راستے جبکہ 3,266 یاتری پہلگام راستے سے روانہ ہوئے۔ قافلے میں 230 گاڑیاں شامل تھیں، جن میں 137 بسیں، 34 میڈیم موٹر وہیکلز (MMVs) اور 59 لائٹ موٹر وہیکلز (LMVs) شامل ہیں۔
یاتریوں میں 4,439 مرد، 1,614 خواتین، 13 بچے، 78 سادھو، 53 سادھویاں، ایک سادھو بچہ، تین خواجہ سرا یاتری اور 50 غیر ملکی مرد یاتری شامل ہیں۔بالتل جانے والا قافلہ صبح 2:42 بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ 3:27 بجے روانہ ہوا۔
یاترا ٹریفک پلان کے مطابق بالتل جانے والے یاتری ناشتے کے لیے بانہال کے لثمبر گراؤنڈ لنگر پر قیام کریں گے، جبکہ پہلگام راستے کے یاتری رام بن کے چندرکوٹ لنگر مقامات پر ناشتے اور مختصر آرام کے بعد وادی کشمیر کی جانب روانہ ہوں گے۔
رام بن ضلع میں قائم مختلف لنگروں پر سینکڑوں رضاکار یاتریوں کو مفت کھانا، مشروبات، پینے کا پانی اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ رامبن، سیکورٹی ایجنسیاں اور ٹریفک پولیس جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر یاترا کے محفوظ اور ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہی ہیں۔حکام کے مطابق 14ویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی رواں سال بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ گپھا کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 99,287 تک پہنچ گئی ہے۔
سخت سیکورٹی حصار میں 6,251یاتریوں پر مشتمل14واں جتھہ جموں سے کشمیر کیلئے روانہ