ریلائنس کا ساون کے ساتھ سٹریٹجک ٹرانزیکشن کافیصلہ
جموں//ریلائنس نے ساون کے ساتھ سٹریٹجک ٹرانزیکشن کافیصلہ لیاہے۔تفصیلات کے مطابق ریلائنس انڈسٹریزلمیٹیڈ نے کمبی نیشن آف ساون ،جوکہ ورلڈمیوزم اوٹی ٹی پلیٹ فارم مہیاکرنے والی نامی کمپنی ہے جس کی ویلیوUS$1Billion ،معہ جیومیوزم ایمپلائڈ ویلیوشن US$ 670 millionہے۔ریلائنس US$100 millionتک کے برابر روپے کوصرف کرے گی اورصارفین کوخدمات مہیاکرائے گی۔تین شریک بانیوں ساون، رشی ملہوترہ، پرم دیپ سنگھ اورونودبٹ نے سٹریٹجک ٹرانزیشن کوگروتھ کیلئے اہم قراردیاہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر ریلائنس جیو سٹریٹجک ٹرانسیشن آکاش امبانی نے کہاکہ انوسٹمنٹ ،ہمارے میوزک اثاثوں کی ساون انڈرلائنس کے ساتھ کی جارہی ہے۔رشی ملہوترہ کوفائونڈاورسی ای او،ساون نے کہاکہ سائوتھ ایشن کلچرکومتحرک کرنے کیلئے یہ معاہدہ کیاگیاہے۔
نوشہرہ میں مظاہرین پرلاٹھی چارج قابل مذمت:نیشنل کانفرنس
جموں//نیشنل کانفرنس نے نوشہرہ میں ضلع کے درجے کی مانگ کولے کراحتجاج کررہے لوگوں پرپولیس کی طرف سے کئے گئے لاٹھی چارج کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت پرعوام کی آوازکوطاقت کے ذریعے دبانے کاالزام لگایا۔شیرکشمیربھون جموں میں منعقدہ ایک تقریب میں نیشنل کانفرنس لیڈران نے مشترکہ طورنوشہرہ میں مظاہرین پرپولیس لاٹھی چارج کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔این سی لیڈران نے کہاکہ حکومت عوامی ایجی ٹیشن کوغلط سمت دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حالات کوبات چیت کے ذریعے سدھارناچاہیئے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں کے لوگ پہلے ہی مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں اوراب جب وہ جمہوری طریقے سے مانگ کواُجاگرکررہے ہیں توان پرلاٹھی چارج باعث تشویش بات ہے۔بیان جاری کرنے والوں میں صوبائی صدرنیشنل کانفرنس دویندرسنگھ رانا کے علاوہ اجے کمارسدھوترا، سرجیت سنگھ سلاتھیہ، مشتاق بخاری، ٹھاکررچھپال سنگھ، جاویدرانا، صوبائی صدریوتھ نیشنل کانفرنس اعجازجان،وپن پال ،بشیراحمدوانی ،شفاعت خان ودیگران شامل ہیں۔
این ڈی ایف اورمحکمہ پی ایچ ای کی آبائی وسائل کی صفائی مہم
جموں ،کٹھوعہ اورسانبہ میں 95 گرام سبھائوں کاانعقاد
جموں//نیشنل ڈیولپمنٹ فاونڈیشن نے محکمہ پی ایچ ای کے اشتراک سے آبی وسائل کی صفائی مہم کے لئے جموں ،کٹھوعہ اور سانبہ کے متعدددیہات میں تقریباً 95گرام سبھائوں کاانعقاد کیا۔این ڈی ایف اورپی ایچ ای محکمہ نے آبی وسائل کی صفائی اوران کے تحفظ کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی۔نیشنل ڈیولپمنٹ فانڈیشن نے لوگوں تک جانکاری پہنچانے کے لئے ان اضلاع میں ورکشاپ،سیمینار اور کلچرل پروگرام منعقد کئے۔انہوں نے اس بات پر زیادہ زور دیاکہ ہمیں آبی وسائل کو تحفظ دینا چاہیئے اور ان کے ارد گرد گندگی پھیلانے سے گریز کرنا چاہیئے کیوں کہ پانی کی مقداردن بدن کم ہوتی جا رہی ہے اور اس کا اثر ہماری آنے والی نسل پر پڑنے کا خطرہ لاحق ہے۔اس لئے گھروں میں پانی کا صحیح استعمال کیا جائے اوران آبی وسائل کو صاف رکھنے کے لئے ہمیں کئی باتوں کا خیال رکھنا چاہئے جیسے ان کے قریب گاڑیاں دھونا،کپڑے دھونا،جانوروں کو دھونا یاان میں کوڑا کرکٹ پھینکناانسانیت کے خلاف ہے۔نیشنل ڈیولپمنٹ فانڈیشن نے ضلع جموں میں کل 15،ضلع سانبہ اورضلع کٹھوعہ میں 36 گرام سبھائیں منعقد کیں۔اس دوران آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی اور پانی کی جانچ کے طریقے بھی لوگوں کوسکھائے گئے۔
اساتذہ کی ترقیاں وقت پریقینی بنائی جائیں:عبدالقیوم وانی
جموں//ٹیچرس فورم نے آرای ٹیز،آرآرٹیز اورایس ایس ٹیچروں کی وقت مقررہ پر ترقیوں کویقینی بنانے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی اورجموں کشمیرٹیچرس فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے آرای ٹی،آرآرای ٹی اورایس ایس اساتذہ کووقت پرترقیاب نہ کرنے پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے مرکزی اورریاستی سرکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہزاروں ٹیچروں کی وقت پرترقیوں کویقینی بنانے کیلئے موثراقدام اٹھائیں۔انہوں نے ٹیچروں کوریاست بالخصوص دیہی علاقوں کیلئے ریڑھ کی ہڈی قراردیا۔عبدالقیوم وانی نے کہاکہ آرای ٹی،آرآرای ٹی اورایس ایس اے ٹیچروں نے مشکل وقت میں اپنی خدمات پیش کرکے تعلیم کوعام کیا۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے اس دورمیں وقت پرترقی نہ ملنے سے ٹیچروں کوکس قدرپریشانیوں سے گذرناپڑتاہے یہ اساتذہ ہی جانتے ہیں جن کی فائلیں کئی کئی سالوں تک دفتروں کی دھول چاٹتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اساتذہ کے ساتھ سوتیلے سلوک کوفوری طورپرروکناچاہیئے اورمعیارتعلیم کی بحالی کیلئے اساتذہ کی مانگوں کوپوراکیاجائے۔وانی نے کہاکہ تعلیم یافتہ اساتذہ کااستحصال بدقسمتی کی بات ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ آرای ٹی،آرآرای ٹی اورایس ایس ٹیچروں کومعینہ مدت کے اندرترقی یاب کرکے ان کی پریشانیوں کاازالہ کیاجائے۔
گوجربکروالوں کوبی پی ایل اورفوڈسیکورٹی کے تحت لایاجائے:صاف ستھرامومنٹ
جموں//صاف ستھرامومنٹ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عارضی ہجرت کرنے والے گوجروں اور بکروالوں کو غربت کی سطح سے نیچے گزر بسر کرنے والا طبقہ قرار دے اور انہیں فوڈ سیکورٹی کے تحت لائے۔ اس سلسلے میں یہاں جاری پریس بیان میں صاف ستھرامومنٹ کے چیئرمین شوکت چیچی نے کہا کہ وقتی طور ہجرت کرنے والے گوجروں اور بکروالوں کو بے پناہ مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ان کی فلاح و بہبود کے لئے موثر قدم اٹھانا لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان طبقوں کو بی پی ایل فہرست میں شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ وہ اس کے حق دار ہیں ۔شوکت چودھری نے کہا کہ سماج کے پچھڑے اور کمزور طبقوں کے معیار حیات کو بہتر بنا کر ہی ریاست اور ملک کی متوازن ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر اور بکروال ریاست کی کل آبادی کا 20فیصد حصہ ہیں اور ان طبقوں کا 42فیصد حصہ خطہ افلاس کی سطح سے نیچے زندگی کے دن گزار رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ خانہ بدوش گوجربکروالوں کوآرایس ایس حمایت یافتہ عناصر بلاوجہ تنگ طلب کرتے ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ ایسے عناصرکے خلاف ٹھوس کارروائی عمل میں لائے جومخصوص طبقے کونشانہ بناکرریاست کے خرمن امن میں آگ لگانے کیلئے کوششیں کرتی ہیں۔
رام نومی تہوارکے موقعہ پر
گورنراوروزیرا علیٰ کی عوام کومبارکباد
جموں/گورنر این این ووہر انے رام نومی کے سلسلے میں ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے اور دعا کی ہے کہ اس مقدس موقعہ کی بدولت ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحال کا دور دورہ ہو۔اپنے ایک مبارک بادی کے پیغام میں گورنر نے کہا کہ تہواروں کو منانے جو ہمارے شاندار ثقافت ، وراثت کا ایک اہم حصہ ہے ریاست میں آپسی بھائی چارے اور یکجہتی کے بندھنوں کو استوار کرتے ہیں۔گورنر نے ریاست کے لوگوں کی امن اور خوشحالی کی دعا کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے رام نومی کے موقعہ پر ریاست کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ دِن ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں وکشمیر مختلف مذاہب ، تمدنوں اور زبانوں کی ریاست ہے جس کی بدولت اس ریاست کو ملک بھر میں ایک خاص مقام حاصل ہے ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر ریاست کے لوگوں کے حق میں امن و شانتی اور بہبودی کی دعا کی۔
حکومت طبی سہولیات ان کی دہلیزپرفراہمی کیلئے کوشاں: گنگا
جموں/صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے کہا کہ حکومت لوگوں کوبالخصوص دیہی و دور دراز علاقوں میں ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے ضلع سانبہ کے پتی گائوں میں گورنمنٹ ہیلتھ سب سینٹر کی عمارت کو اَپ گریڈیشن کرنے کے بعد افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس عمارت پر ڈی ڈبلیو ڈی محکمہ نے 50لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔سی ایم او سانبہ ، ڈپٹی سی ایم او ، بی ایم او ، ایگزن پی ڈبلیو ڈی ، بی ڈی او کے علاوہ ہیلتھ سب سینٹر کے عملے اور مختلف دیہات سے آئے ہوئے لوگ اس موقعہ پر موجود تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکو مت طبی سیکٹر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور حکومت کی اعلیٰ ترجیحات میں لوگوں کو مناسب قیمتوں پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طبی سہولیات لوگوں کی بنیادی ضرورتوں میں شامل ہے اور موجودہ قیادت معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کرے گی۔بعد میں وزیر نے محکمہ زراعت کی طرف سے منعقد سرور گائوں کے 50کسانوں کو سیر پر بھیجنے کے سلسلے میں ہری جھنڈی دکھائی ۔یہ کسان باہر کے ریاستوں میں زراعت سے متعلق جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کئے جائیں گے۔
نبارڈ کے تحت ترقیاتی پروجیکٹ
چیف سیکرٹری نے پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں/ چیف سیکرٹری بی بی وِیاس کی صدارت میں جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں نبارڈ کے رورل انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، پشو و بھیڑ پالن محکمہ کی کمشنر سیکرٹری ، تعمیرات عامہ کے کمشنر سیکرٹری ،صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرو ل کے سیکرٹری ، باغبانی کے سیکرٹری ، چیف جنرل منیجر نبارڈ و دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔پروجیکٹ کے تحت انتظامی سیکرٹریوں کو 2017-18ء میں 420کروڑ روپے کی منظوری اور واگزار کرنے پر سراہنا کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ دیہی بنیادی ڈھانچوں کے فروغ میں یہ پروجیکٹ کافی معاون ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018-19ء کے لئے حکومت 600کروڑ روپے منظور کرانے کی متمنی ہے ۔ انہوں نے انتظامی سیکرٹریوں کو آبپاشی شعبے پر توجہ دینے اور اپریل کے مہینے میں متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ ورکشاپ منعقد کرانے کے احکامات صادر کئے ۔ انہوں نے پروجیکٹ کے دائرے میںمزید دیہات کو لانے کے لئے ایکشن پلان مرتب کرنے اور کنورجنس موڑ کے تحت مختلف پروجیکٹوں کو ہاتھ میں لینے کے احکامات دئیے ۔انہوںنے انتظامی سیکرٹریوں کو لگاتار بنیادوں پر پروجیکٹوں کی تکمیل سے متعلق سر ٹیفکیٹ داخل کرنے کے احکامات دئیے۔
شام چودھری نے رنبیر نہر پر ڈی ۔ سلٹنگ کے کام کا معائینہ کیا
گولہ باری متاثرین میں 36لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم
جموں/ صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے اکھنو ر میں ربنیر نہر پر جاری ڈی۔ سلٹنگ کام کا معائینہ کیا۔ انہوں نے دومانہ ، پلوڑا ، توپ شیر خانیاں علاقوں میں بھی ڈی ۔سلٹنگ کے کام کا معائینہ کیا۔ چیف انجینئر آبپاشی وفلڈکنٹرول کے کے مگوترا اور صحت عامہ محکمہ کے سینئر افسران وزیر کے ہمراہ تھے ۔وزیر نے چیف انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ ڈی ۔ سلٹنگ کے کام میں سرعت لانے کے سلسلے میں اور زیادہ افرادی و مشینری قوت بروئے کا ر لائیں تاکہ بیساکھی کے موقعہ پر نہر میں پانی چھوڑا جا سکے ۔وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اکھنور سے جموں تک نہر پر جاری ڈی ۔ سلٹنگ اور صفائی کے کام کی از خود نگرانی کریں۔انہوںنے نہر سے نکالے گئے ملبے کو مناسب جگہوں پر ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس سے قبل وزیر موصوف نے چکروئی اور آر ایس پورہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے سرحد پار فائرنگ سے 193متاثرین میں 36لاکھ روپے کی رقم چیک کی صورت میں تقسیم کئے ۔ایس ڈی ایم آر ایس پورہ ،تحصیلدار آر ایس پورہ ، سچیت گڈھ، بی ڈی او آر ایس پورہ ، سچیت گڈھ ، معزز شہری اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس موقعہ پر موجود تھیں۔