سوپرسپیشلٹی ہسپتال کو بڑی کامیابی ملی
بغیرآپریشن کے دنیاکا سب سے چھوٹاپیس میکرنصب کیا
جموں//شعبہ طب میں اس وقت ایک کامیابی ملی جب ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیالوجی ،سوپرسپیشلٹی اسپتال جموں میں سرجری کے بغیر دنیاکاسب سے چھوٹاکارڈیک پیس میکرایک درمیانہ عمرکی خاتون کی چھاتی میں نصب کیاگیا۔یہ پیس میکرڈاکٹرسوشیل شرما،ایچ اوڈی کارڈیالوجی ،جی ایم سی نے پدمابھوشن اعزازیافتہ کارڈیالوجسٹ اورالیکٹرولوجسٹ ڈاکٹرٹی ایس کلیرکی نگرانی میں کیاگیا۔ڈاکٹرسوشیل شرمانے کہاکہ بغیرسرجری کے پیس میکرنصب کرنا جدیدتکنیک ہے ۔مریضہ کے اہل خانہ واحباب نے ڈاکٹرسوشیل شرما اورٹیم کی کوششوں کوسراہتے ہوئے ان کاشکریہ اداکیاہے۔
ڈاکٹرجسپال سنگھ کی ڈی اے وی کالج میں عزت افزائی
جموں//جموں یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جسپال سنگھ کی ان کے آبائی کالج ڈی اے وی کالج آف ایجوکیشن آبودھر میں سابق طلباء کی موجودگی میں کالج کی گولڈن جوبلی تقریب کے دوران عزت افزائی کی گئی۔ڈاکٹرجسپال سنگھ ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹنس ایجوکیشن جموں یونیورسٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج میں اپنی زندگی کے تجربات کوبیان کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج تک کالج کی یادیں ان کے دِل میں بسی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ناگپال اورڈاکٹر ونیتا سنگھ،ڈاکٹر آرپی آسجہ کابھی شکریہ اداکیا۔ اس دوراج کالج کے پرنسپل نے ڈاکٹرجسپال کوایوارڈاعطاکیا۔اس موقعہ پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ارمل سیٹھی، ڈاکٹروجے گروور،ڈاکٹرپرویندر کامبوج، پروفیسراوبرائے ، پروفیسراوپی بترا، ڈاکٹرچوہدری ودیگرفیکلٹی ممبران بھی موجودتھے۔
گھروٹہ سے موٹرسائیکل چوری
جموں//باغ علی ولدعبدالکریم ساکن گھروٹہ کاموٹرسائیکل زیررجسٹریشن نمبر JK02BU4199 ،(پلسر) مورخہ 8اور9اپریل کی درمیانی رات کو گھروٹہ پولیس تھانہ سے لگ بھگ دس میٹرکی دوری پرپارک کی تھی کوچوروں نے اُڑالیا۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔اس سلسلے میں اگرکسی شخص کوکوئی جانکاری ہوتووہ اس نمبر959658186پررابطہ کرکے مطلع کریں اورشکریہ کاموقعہ دیں۔
ریاستی حکومت کی فوری برخاستگی قومی مفاد میں ضروری:پروفیسربھیم سنگھ
جموں//نیشنل پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے، جنہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں تقریبا 15 سال تک لوگوں کی نمائندگی کی ہے، ہندستان کے صدر رام ناتھ کووند سے جموں و کشمیر حکومت کو فوری طور پر برخاست کرکے گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، جو ریاست کو مزید اموات اور تباہی اور قومی مفاد میں جموں و کشمیر ریاست کو بچانے کا واحد راستہ ہے، جہاں ریاست کے معصوم لوگ کئی برسوں سے متاثر ہیں، جس کی وجہ سے جموں و کشمیر ریاست میں کوئی حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے کیونکہ جموں کشمیر کے لوگ موجودہ پی ڈی پی اور بی جے پی حکومت کو قبول نہیں کرتے ہیں۔پروفیسربھیم سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر آئین کی دفعہ 92 اور ہندستانی آئین کے آرٹیکل 370 میں ہندستان کے صدر واحد اتھارٹی ہیں جو اس صور تحال میں مداخلت کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ ہندستان کے صدر کے مشورہ پر جموں و کشمیر کے گورنر موجودہ حکومت کو برخاست کر سکتے ہیں، ریاست میں گورنر راج نافذ کر سکتے ہیں اور موجودہ اسمبلی کو تحلیل کر سکتے ہیں۔ یہی واحد راستہ ہے ریاست کو مزید اموات اور تباہی سے بچانے کا۔پروفیسربھیم سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں گرفتاریاں، قتل، پرتشدد تصادم، سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ اسکول کالج بند ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان بھی ہوا ہے۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ پوری ریاست میں امن یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر کی تشکیل نو کرکے لداخ، وادی کشمیر اور جموں پردیش کا کنفیڈریشن قائم کرنا ہی واحد حل ہوگا۔
کیلکھ دھرم دیواکر پنچنگ کی رسمِ رونمائی
جموں/نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے باوا کیلکھ دیو پربندھک کمیٹی کی طرف سے تیار کئے گئے کیلکھ دھرم دیواکر پنچنگ کیلنڈرکے چھٹے شمارے کی رسمِ رونمائی انجام دی ۔ وائس چیئر مین کسان مشاورتی بورڈ دلجیت سنگھ چب بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنچنگ نئی پود کیلئے جانکاری کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو گا اور انہیں اپنے ثقافتی ورثے کے بارے میں روشناس کرایا جا سکے گا ۔ جنرل سیکرٹری باوا کیلکھ دیو پربندھک کمیٹی اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔
منصور نے کے وی آئی بی کے کام کاج کا جائیزہ لیا
جموں/ وائس چیئر مین کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ پیر زادہ منصور حسین نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران بورڈ کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ سیکرٹری کے وی آئی بی رشید احمد قادری اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس موقعہ پر منصور نے جموں صوبے کے دیہی علاقوں میں کے وی آئی بی سہولیات دستیاب کرانے کی ضروریات پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو جانکاری دینے کیلئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا چاہئیے تا کہ نوجوان بہتر ڈھنگ سے اس کی خدمات سے مستفید ہو سکیں ۔ وائس چیئر مین نے کہا کہ بورڈ خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی ایک کلیدی رول ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ آگے آ کر بورڈ کی سکیموں سے فائدہ اٹھائیں ۔ سیکرٹری کے وی آئی بی نے بورڈ کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے مالی سال کے دوران بورڈ نے ریاست میں 1002 تجارتی یونٹ قایم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے ایک برس کے دوران 175 فیصد مالی نشانہ حاصل کیا ۔
گاندھی نگر ہسپتال کی آر کے ایس میٹنگ منعقد
کمیٹی کو ہسپتال کے کئی امور کے بارے میں جانکاری دی گئی
جموں/جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اور گاندھی نگر حلقے کے ایم ایل اے کویندر گپتا نے یہاں گورنمنٹ ہسپتال گاندھی کی روگی کلیان سمیتی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ہسپتال کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ہسپتال کے کام کاج میں بہتری لانے سے جُڑے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وائس چیئر مین آر کے ایس ڈاکٹر اے ڈی ایس منہاس نے کمیٹی کو ہسپتال کے کئی امور کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے ہسپتال میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی کمیٹی کو جانکاری دی ۔ سپیکر موصوف نے علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ اس سے پہلے سپیکر نے گوسوامی بستی قاسم نگر میں پانی کی پائپیںبچھانے کے کام کا افتتاح کیا ۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اپنے اپنے مسائل سپیکر کی نوٹس میں لائے ۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا ۔
انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کی 176ویں میٹنگ منعقد
گورنر کی رضاکاروں کو فسٹ ایڈ کٹس فراہم کرنے کی ہدایت
جموں/ گورنر این این ووہرا جو انڈین ریڈ کراس سوسائٹی ( آئی آر سی ایس )جے اینڈ کے صدر بھی ہیں نے یہاں راج بھون میں سٹیٹ منیجنگ کمیٹی آئی آر سی ایس جے اینڈ کے شاخ کی 176ویں میٹنگ کی صدارت کی۔صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ریڈ کراس تحریک کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور آئی آر سی ایس کے لئے رقومات اکٹھا کرنے پر زور دیتے ہوئے گورنر نے ریاست کے ہر ضلع میں ریڈ کراس میلے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔رام بن کے مقامی این جی او کے ممبران کی مثالی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ا ن لوگوں نے امرناتھ جی یاترا کے شردھالوئوں کی ایک بڑی تعداد کو اعلیٰ خدمات فراہم کیں جب یاتری پچھلے جولائی کے دوران ایک حادثے کے شکار ہوئے اور اس واقعہ میں کئی لوگ ہلاک ہوئے اور بہت سارے زخمی بھی ہوئے۔گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حادثات کے موقعہ پر قیمتی جانیں بچانے کے لئے فسٹ ایڈ تربیتی پروگراموں میں حصہ لیں تاکہ وقت ضرورت وہ اپنی خدمات ضرورت مندوں کو پیش کرسکیں۔انہوں نے ریڈ کراس کے اعزازی جنرل سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ ہر ایک ریڈ کراس رضاکار کو معیاری فسٹ ایڈ کٹ فراہم کریں۔گورنر نے ڈویژنل کمشنر جموں اور کشمیر کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ ریڈ کراس رضاکاروں کی وقت پر نشاندہی کریں جنہیں انسانی خدمات کے عوض اعلیٰ انعامات سے نواز ا جاسکے ۔سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ سے اس موقعہ پر کہا گیا کہ وہ تمام سرکاری ، نجی اور سی بی ایس ای سکولوں کے طلاب کو ریڈکراس کنبے میں نام درج کریںاور اس کے علاوہ ہر سکول کی طرف سے فراہم کی جارہی ریڈ کراس رقومات کا بہتر استعمال کرنے کے لئے ایک پالیسی وضع کریں۔اعزازی جنرل سیکرٹری آئی آر سی ایس ایم ایس راتھر نے اس موقعہ پر سوسائٹی کی طرف سے عملائی جارہی سرگرمیوں کی تفاصیل پیش کیں۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس، ڈی جی پی ایس پی وید ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ،پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، ڈویژنل کمشنرجموں ، سیکرٹری سکولی تعلیم ، کمانڈنٹ ایم ایچ جموں ، ڈی آئی جی بی ایس ایف جموں ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ادھمپور ، کٹھوعہ ، رام بن ، سانبہ ودیگر ضلع افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔