سکولوں میں پہاڑی سبجیکٹ نصاب میں شامل نہ ہوسکا
محکمہ پر لا پراہی کا الزام ،شعبہ کوتعلیمی اداروں میں لاگو کرنے کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی طبقہ نے محکمہ تعلیم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ابھی تک سرکاری سکولوں میں پہاڑی سبجیکٹ کو پڑھانے میں پوری طرح سے ناکام ہو ا ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ جلدازجلد شعبہ کو نصاب میں شامل کر کے سکولوں میں بچوں کو اس شعبہ میں بھی تعلیم فراہم کی جائے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے پہاڑی طبقہ کے طلباء کیساتھ نا انصافیاں کی جارہی ہیں تاہم انتظامیہ بالخصوص اعلیٰ انتظامیہ متعلقہ محکمہ کو مذکورہ سبجیکٹ جلدازجلد سکولوں میں لاگو کرنے کیلئے ہدایت بھی جاری نہیں کررہی ہے ۔اس سلسلہ میں جاری ایک بیان میں جموں وکشمیر پارٹی کے یوتھ وینگ کے نائب صدر اور میڈیا کو آرڈینٹر رقیق احمد خان نے کہاکہ محکمہ تعلیم ابھی تک پہاڑی سبجیکٹ کو سکولوں میں لاگو ہی نہیں کرسکا جس کی وجہ سے طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء مادری زبان میں تعلیم حاصل ہی نہیں کرپارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک محکمہ سکولوں میں پہاڑی کتابیں تقسیم کرنے میں ناکام ہے جبکہ ضلعی سطح پر بھی آفیسران مذکورہ سبجیکٹ کو نصاب میں شامل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کررہے ہیں ۔پہاڑی طبقہ کے معززین نے کہاکہ وہ محکمہ کی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ بالخصوص لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑی شعبہ کو سکولوں میں جلدازجلد شامل کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
نوشہرہ ہسپتال میں ویکسین فراہم کرنے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ بالخصوص محکمہ صحت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ ہسپتال میں ویکسین دستیاب کی جائے تاکہ 18سے 44برس تک کی عمر کے افراد کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ویکسین ختم ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔غور طلب ہے ضلع کے دیگر حصوں کی ہی طرح نوشہرہ سب ڈویژن میں بھی کووڈ کے بچائو کے سلسلہ میں ویکسین مہم شروع کی گئی تھی جبکہ ان دونوں میں 18سے 44برس عمر کے افراد کو کووڈ ویکسین فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ سے بچائو کیلئے جلدازجلد ویکسین ہسپتال میں دستیاب کی جائے ۔بلاک میڈیکل آفیسر نوشہرہ نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ جلد ہی ویکسین دستیاب کر دی جائے گی ۔
مختلف سڑک حادثات میں 1کی موت ،4زخمی
سمت بھارگو +جاوید اقبال
راجوری +مینڈھر //راجوری اور مینڈھر میں پیش ائے دو مختلف سڑک حادثوں میں 1خاتون کی موت جبکہ دیگر چار افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔پولیس کے مطابق راجوری کے سندر بنی علاقہ میں ایک سڑک حادثے کے دوران ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی جبکہ اس کو علاج معالجہ کیلئے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں پر دوران علاج اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔مرحومہ کی شناخت سپنہ دیو دختر روشن لعل سکنہ کانگڑی سندر بنی کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ جمعہ کو زخمی ہوئی خاتون کی سنیچر کی شام میڈیکل کالج میں موت ہو گئی جبکہ اس سلسلہ میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔اسی طرح جموں پونچھ شاہراہ پر طوطا گلی کے مقام پر دو گاڑیوں کے مابین ہوئے تصادم میں 4افراد زخمی ہو گئے ہیں جن کو علاج معالجہ کیلئے سرنکوٹ منتقل کیا گیا ہے ۔زخمیوں کی شناخت گلفراز احمد ،محمد عظم ،محمد انتظار اور وسیم احمد کے طور پر ہوئی ہے ۔
راجوری میں کووڈ کے 80کیس درج ،2کی موت
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں گزشتہ روز کووڈ کے 80نئے کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران وائرس کا شکار دو مریضوں کی موت بھی واقعہ ہوگئی ۔انتظامیہ نے بتایا کہ وائرس کی جانچ کے سلسلہ میں شروع کر دہ مہم کے دوران ضلع کے مختلف علا قوں میں کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران 80نئے کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج دو کووڈ مریضوں کی موت بھی ہوگئی ہے جن کا تعلق نوشہرہ کے نو نیال گائوں اور منجا کوٹ تحصیل کے ککوڑ گائوں سے تھا ۔ان کی آخری رسومات کووڈ ایس او پیز کے تحت ادا کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نئے سامنے آئے معاملات میں سے درہال میڈیکل بلاک سے 26،کا لا کو ٹ سے 6کنڈی سے 11نوشہرہ سے 4،منجا کوٹ سے 30اور سندر بنی سے 3معاملات شامل ہیں ۔اس دوران ضلع میں کووڈ کے کل مثبت معاملات کی تعداد 919رہ گئی ہے جبکہ ابھی تک 193افراد کی موت بھی ہوئی ہے ۔
بجلی کا کرنٹ لگنے سے 1زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے کرنا پڑاٹ علاقہ میں بجلی کے ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران کرنٹ لگی کی وجہ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ۔نوجوان کی شناخت محمد صغیر ولد جلال دین عمر 45برس کے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص بجلی کے ٹرانسفارمر کی مرمت کررہا تھا کہ اس دوران اس کو بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔زخمی کو سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی مرحم پٹی کرنے کے بعد اس کو میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ۔
۔80گھر وں کیلئے 1ٹرانسفارمر
دھیری رلیوٹ اپر پنچایت کے صارفین پریشان
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت اپر دھیری رلیوٹ میں 80گھروں کیلئے محض ایک بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے مذکورہ بجلی ٹرانسفارمر سے ہی 4آٹا چکیوں کو بھی کنکشن دئیے گئے ہیں ۔ پنچایت کے وارڈ نمبر چھ کے صارفین نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے نصب کردہ بجلی ٹرانسفارمر پر ہی آٹا چکیاں چلائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے رہائشی گھروں میں بجلی کی ولٹیج انتہائی کم رہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی جانب سے بجلی کے بھاری بل ہر ماہ ارسال کئے جاتے ہیں تاہم ان کو معیاری سہولیات بھی میسر نہیں کی جارہی ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ مذکورہ ٹرانسفارمر پر آٹا چکیوں کیساتھ ساتھ ایک سروس سٹیشن بھی قائم کیا گیاہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے ساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ وارڈ میں زیادہ صلاحیت کا بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکے ۔
عالمی یوم ماحولیات پرغیر سرکاری تنظیم نے صفائی مہم چلائی
حسین محتشم
پونچھ//ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے 1974ء سے ہر سال 5 جون کو ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس سلسلہ میں اگر چہ ہفتہ وار لاک ڈاون کی وجہ سے پونچھ ضلع میںکوئی بڑی تقریب منعقد نہیں کی گئی لیکن کچھ تنظیموں کی جانب سے مختلف مقامات پر شجر کاری مہم چلا کر یہ دن منایا گیا۔جبکہ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے اپنے اپنے پیغامات میں ماحولیات کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔غیر سرکاری تنظیم سماج سیوا سوسائٹی کی جانب سے مختلف محلہ جات میں صفائی مہم چلائی گئی۔سوسائٹی کے چیئر مین یوگل کشور شرما نے کہا کہ ماہرین ہر سال اس دن کو منانے کے لیے مختلف عنوانوںکا انتخاب کرتے ہیں تاکہ اس دن پوری دنیا میں ایک ہی مسئلے کو زیر بحث لایا جائے۔انھوں نے کہا لیکن اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہے اس لئے اس بار ضلع پونچھ میں یہ دن اس طرح نہیں منایا جا سکاجس طرح اس کو منانا چاہئے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے ارد گرد صفائی رکھیں۔