آنگن واڑی مراکز میں معقولیت لانے کی مشق
ضلع سطح کے سرکاری پینلوں کو تشکیل دینے کے احکامات جاری
سرینگر//حکومت نے ریاست بھر میں آنگن واڑی مراکز میں معقولیت لانے کے لئے ضلع سطح کے سرکاری پینلوں کو تشکیل دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔محکمہ سماجی بہبود کے سیکرٹری کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے مطابق ہر ضلع سطح کی کمیٹی کے سربراہ ڈسٹرکٹ پروگرام افسر آئی سی ڈی ایس ہوں گے۔کمیٹی کے ممبران میں متعلقہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر افسران اور ضلع کے سینئر سی ڈی پی او ہوں گے جنہیں پروگرام افسر نامزد کریں گے۔ضلع سطح کی کمیٹیاں حکومت ہند کی ہدایت کے مطابق موجودہ آنگن واڑی مراکزبالخصوص مرکز میں درج بچوں / مستحقین کی تعداد، نئے مرکز کے لئے گاؤں میں جگہ کی نشاندہی،مستقبل کی ضروریات اور موجودہ آنگن واڑی مراکز کی کارکردگی کا تفصیلی جائیزہ لیں گی۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سی ڈی پی او متعلقہ ضلع کمیٹی کو ایک ہفتہ کے اندر ضروری اطلاع فراہم کریں گے۔ یہ کمیٹیاں ایک ماہ کے اندر مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے جو معاملہ کا جائیزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات انتظامی محکمہ کو پیش کریں گے۔
پنچایتی و بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کا مشورہ
جموں//3پولیس اہلکاروں کو نا معلوم مسلح افراد کی جانب سے اغواء کرنے اور ان کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہونے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نے ریاستی گورنر کو مشورہ دیا کہ ملی ٹینسی سے متاثرہ علاقوں میں بلدیاتی اور پنچایت الیکشن موخر کر کے حالا ت بہتر ہونے کے بعد ا ن علاقوں میں الیکشن کرائے جائے اور عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے شوپیاں میں تین پولیس اہلکاروں کے اغواء اور ان کی گولیوں چھلنی نعشیں برآمد ہونے کے واقع پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور ریاست تین پولیس جوانوں سے محروم ہو گئی ۔ انہوںنے ریاست کے گورنر ستیا پال ملک کو مشورہ دیا کہ ملی ٹینسی سے متاثرہ علاقوں میں بلدیاتی اور اسمبلی الیکشن کرانے کے اعلان کو منسوخ کیا جائے اور حالا ت بہتر ہونے کے بعد ان علاقوں میں الیکشن کرائے جائے ۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ نے فوج ،نیم فوجی دستوں پر زور دیا کہ وہ عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائے تاکہ دوبارہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہو سکے ۔
سموہ تھیٹر کی جانب سے سٹیشنری تقسیم
جموں //سموہ تھیٹر وومن ونگ کی جانب سے ستواری کے ایک اسکول کے بچوں میں سٹیشنری تقسیم کی گئی۔ یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق گورنمنٹ مڈل اسکول سمبل کیمپ ستواری میں منعقدہ اس کیمپ میں صدر وومن ونگ انیتا چاند پوری، سیکرٹری پرنسی بھٹ اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں جنہوں نے بچوں میں سٹیشنری اور دیگر تدریسی سامان تقسیم کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ سموہ تھیٹر مستحق بچوں کی امداد کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہے گا اور انہیں پڑھائی لکھائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
فلائی ائور پر سٹریٹ لائٹ نصب کرنے کی مانگ
جموں //سول سوسائٹی فار ڈیولپمنٹ آف جے اینڈ کے نے شہر کی گلیوں اور فلائی ائور پر سٹریٹ لائٹ نصب کرنے کی مانگ کی ہے ۔ پریس ریلیز میں تنظیم کے صدر پنیت سنگھ جموال نے محکمہ بجلی اور جے ڈی اے وجموں میونسپل کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام علاقوں میں سٹریٹ لائٹ لگائیں جہاں شروع سے ہی لائٹیں نصب نہیں کی گئی ہیں یا خراب ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی روڈ ، جی ایم سی ہسپتال تا بخشی نگر چوک، وومن کالج تا بکرم چوک فلائی اوئور کی سٹریٹ لائٹیں اکثر و بیشتر بند رہتی ہیں جس کے نتیجہ میں علاقہ میں اندھیرا رہتا ہے اور شر پسند و سماج دشمن عناصر اس کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
فیرٔ ڈیل موٹرز کی طرف سے جموں میںٹاٹا کی نیکسان کرازلانچ
عظمیٰ نیوز
جموں//فیرٔ ڈیل موٹرز کی طرف سے جموں میں نئی گاڑی نیکسان کراز Nexon KRAZلانچ کی گئی۔ ٹاٹا موٹرز کی طرف سے بنائی گئی اس نئی گاڑی کی لانچ کے موقعہ پر فیر ڈیل موٹرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھگوان داس، ٹاٹا موٹرز کے انل سنگھ جسروٹیہ، جی ایم چندر سنگھ کٹوچ، سٹاف اور متعدد گاہک بھی موجود تھے۔ یہ نئی خوبصورت گاڑی سپورٹس زمرہ میں آتی ہے جو کہ دو الگ الگ قسموں KRAZ اور KRAZ+میں دستیاب ہے ۔ جموں میں اس کی شوروم قیمت 7.28لاکھ روپے پٹرول اور 8.27لاکھ روپے ڈیزل سے شروع ہوتی ہے ۔ گاڑی لوگوں کی پہلی پسند بن چکی ہے اور 4سٹار ریٹنگ کے ساتھ ساتھ ایڈلٹ سیفٹی سکور (13.56/17.00) ہے جو کہ اس سطح کی گاڑیوں میں سب سے زیادہ ہے ۔ آٹو ماہرین کی طرف سے کمپیکٹ SUV-18کا ایوارڈ حاصل کرچکی ٹاٹا کی یہ گاڑی گلوبل NCAPکی طرف سے سب سے محفوظ ایس یو وی قرار دی جا چکی ہے ۔
آئی آئی ایم جموں میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد
جموں //آئی آئی ایم جموں میں جمعہ کے روز انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے خون عطیہ کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر ٹی آر رینہ وائس پریذیڈنٹ ISBTIنے طلباء کو خون عطیہ کرنے کے فوائد کے بارے میں بتاتے ہوئے انہیں مسلسل خون کا عطیہ دینے کی ترغیب دی۔ صبح دس بجے شروع ہونے والا یہ خون عطیہ کیمپ دوپہر ایک بجے تک جاری رہا جس میں بھاری تعداد میں رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور خون کا عطیہ دیا۔ انہوں نے مستقبل میں مستحق افراد کو خون کا عطیہ دے کر ان کی جانیں بچانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس سے قبل خون کا عطیہ دینے کے خواہشمند نوجوانوں کا طبی معائینہ کیا گیا ، عطیہ دینے والوں میں طلباء کے علاوہ سٹاف اور فیکلٹی ممبران بھی شامل تھے جنہوں نے ہنسی خوشی اپنے خون کا عطیہ دیا۔