مذہبی،سماجی اورکاروباری انجمنوں کا اظہار رنج

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//میرواعظ کشمیر،جمعیت اہلحدیث ،انجمن شرعی شیعیا ن،جمعیت ہمدانیہ،کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،کشمیر ٹریڈ الائنس ،،سی سی آئی کے ،کشمیر اکنامک الائنس،بٹہ مالو ٹریڈرس ایسوسی ایشن صدر ،جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ اورغیور فائونڈیشن نے گنڈ بل بٹوارہ سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دلخراش سانحہ نے ساری انسانیت کو ہلا کے رکھ دیا ہے اورہر آنکھ پرنم، ہر اشکبار اور ہر دل مجروح ہے۔ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ پر متاثرہ خاندانوںکے ساتھ اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ نے کہا کہ جائے واردات کے قریب پچھلے پندرہ سال سے زیر تعمیرفٹ برج کے نامکمل ہونے کی صورت میں سکولی بچوں اور عام لوگوںکو دریا پار کرنے کیلئے کشتی کا سہارا لینا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے آج یہ المناک حادثہ پیش آیا جو انتہائی افسوسناک اور المیہ ہے۔میرواعظ نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق ہوئے افراد کے بلند درجات اور انکے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

 

جمعیت اہلحدیث کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے سانحہ کے تعلق سے کہا کہ یہ صدمہ اس قدر دردناک ہے جسے الفاظ کا پہناوا پہنایا ہی نہیں جاسکتا ۔ڈاکٹرالکندی دیگر ذمہ داران کے ساتھ موقع پر صورتحال کا جائزہ لینے فوراً پہنچ گئے، ان ہی کی پیشوائی میں ہزاروں لوگوں نے اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی اجتماعی نمازجنازہ دا کی ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ انتہائی دلدوز ہے، اس موقع پر ہم سب اللہ تعالیٰ سے صبر جمیل کے طلب گار ہیں ۔ انجمن شرعی شیعیا ن کے صدرآغا سید حسن نے جملہ لواحقین کو تعزیت پیش کی۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی ،کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)صدر جاوید احمد ٹینگا ،سی سی آئی کے طارق گانی،کشمیر اکنامک الائنس چیئرمین فاروق احمد ڈار، کشمیر ٹریڈ الائنس صدر اعجاز شہدار اوربٹہ مالو ٹریڈرس ایسوسی ایشن صدرپیر امتیاز الحسن نے سانحہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے آپریشن کو تیز کیا جائے۔ نیشنلسٹ پیپلز فرنٹ کے نامزد اُمیدوار منیر احمدخان اور جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے صدر اشتیاق احمد بیگ نے قیمتی جانوں کے اتلاف اپر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے اور اس دلخراش واقعہ میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔