سرنکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کااجلاس
بختیار حسین
سرنکوٹ // سرنکوٹ میں رہبر تعلیم اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت فورم کے زونل صدر سرنکوٹ محمد یوسف شاہ نے کی۔ اس موقعہ پر رہبر تعلیم فورم کے ضلع صدر پونچھ سید شاہنواز کاظمی ، تحصیل صدر سرنکوٹ بدر دین راتھر ،جموں صوبہ کے سکریٹری نشرواشاعت سید علی مرتضیٰ شاہ ودیگران بھی موجو دتھے ۔اساتذہ نے سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رہبرتعلیم اساتذہ پچھلے دہ ماہ سے تنخواہوں کے بغیر کام کر رہے ہیں اور سرکار خاموش تماشائی کاکردار ادا کررہی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ سرکار نے اساتذہ کو ذہنی طور پر پریشان کر دیا ہے اور ایک طرف معیاری تعلیم کے دعوے کئے جارہے ہیں تودوسری طرف قوم کے معمار بھکمری کاشکار ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اساتذہ کو اضافی ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں اور ان سے بہت سارا کام لیاجارہاہے لیکن اجرت بہت ہی کم دی جاتی ہے اور بدقسمتی سے وہ بھی وقت پر نہیں ملتی ۔انہوںنے کہاکہ اساتذہ سے بی ایل او ودیگر ڈیوٹیاں واپس لی جائیں اور انہیں صرف تدریس کاکام کرنے دیاجائے ۔ انہوںنے مانگ کی کہ ان کی تنخواہیں وقت پر ادا کی جائیں ۔اجلاس میں عبدالوارث،عبدالقوی،مجید خواجہ، غلام محی الدین ،اسحق راہی ،شفاعت پٹھان ،چوہدری عبدالرزاق، محمد فاروق،فاروق بھٹی، چوہدری ظہور ،نصرت شاہ،زاہد خان وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
سڑک حادثے میں 2نوجوان زخمی
نوشہرہ//رمیش کیسر //نوشہرہ کے ٹھالکہ علاقے میں قومی شاہراہ پر سڑک حادثے میں دو نوجوان شدیدزخمی ہوگئے جن میںسے ایک کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔پولیس کے مطابق ٹی ایم پی سکول نوشہرہ میں زیرتعلیم عاقب خان عمر سترہ سال اور محمد اسحق ساکن لمیڑی و لولی شرما عمر سترہ سال ساکن راجل سکوٹی پرسوار ہوکر ٹھالکہ کی طرف جارہے تھے کہ اچانک سکوٹی کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجہ میں دونوجوان زخمی ہوئے ۔ انہیں فوری طور پر فوج کے مقامی ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوجی ایمبولینس کے ذریعہ انہیں نوشہرہ ہسپتال منتقل کیاگیاجہاںسے لولی شرما کو نازک حالت میں جموں بھیجاگیاہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
طلباء کے ہاتھوں ساتھی کی شدید پٹائی
راجوری //پی جی کالج راجوری میں ایک طالب علم کی دیگرطلباء نے پٹائی کردی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہواہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق کسی معاملے پر تیسرے سمسٹر کے طلباء نے بی اے سمسٹر اول کے طالبعلم شاہد ملک ولد شاہ اللہ ساکن ٹوپہ درہال کی پٹائی کرکے اسے زخمی کردیا ۔پولیس کاکہناہے کہ زخمی طالبعلم کو ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔اس کے جسم کے مختلف حصوں اور ناک پر بھی زخم آئے ہیں ۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور یہ پتہ چلاہے کہ تیسرے سمسٹر کے کئی طلباء اس واقعہ میں ملوث ہیں ۔
مینڈھر میں سابق فوجیوں کا اجلاس منعقد
مینڈھر//جا وید اقبال// مینڈھریادگار میں سابق فوجیوں کی میٹنگ منعقد ہو ئی جس میں نہ صرف سابق فوجیوںبلکہ کئی فوجیوں کی بیوائوںنے بھی شرکت کی ۔اس میٹنگ میں سابق لیفٹنٹ کر نل این سی بسوترہ ضلع سینک ویلفیئر ا فسرپونچھ اور انکے ہمراہ محمد اقبال بھٹی وہرمیت سنگھ بھی مو جو د تھے ۔میٹنگ میں شامل ہونے پر سبھی کا استقبال کرتے ہوئے حوالدار شمیم احمد صدر ضلع ایکس سروس مین پونچھ نے مسائل پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس دوران سابق فوجیوں کو شناختی کارڈ اور کینٹین کارڈ بھی جاری کئے گئے جبکہ سمارٹ کارڈ کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔ میٹنگ میں آفیسروں نے یقین دلایا کہ سابق فوجیوں اور ان کی بیو گا ن کے تمام مسائل حل کئے جائیںگے اور جو مسائل ان کی دسترس سے باہر ہیں،ان کو حکام کے نوٹس میں لایاجائے گا۔ اس موقعہ پر ریٹائرڈ کیپٹن محمد رزاق ،ریٹائرڈ کیپٹن محمد ایوب،ریٹائرڈ کیپٹن محمد صدیق،کیپٹن صید محمد،حوالدار محمد ریاض،حوالدار محمد سرور خان،حوالدار ذاکر حسین،صوبیدار راج محمد،صوبیدار محمد ایوب،کیپٹن محمد لطیف وغیرہ بھی موجود تھے ۔
ڈینگلہ جنیاڑ میں پانی کی شدید قلت
پونچھ//حسین محتشم//ڈینگلہ جنیاڑ کے لوگوں کا ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے طارق احمد زرگر سے ملاقات کے لئے گزشتہ روز ان کے دفتر پہنچا تاہم وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات نہ ہوسکی ۔اس دوران وفد میں شامل ارکان نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گائوں کی عوام بنیادی سہولیات محروم ہیں۔ان لوگوں کا کہنا تھا کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی وہ لوگ بنیاد ی سہولیات جن میں پانی، بجلی، راشن شامل ہیں، سے محروم ہیںاور خاص کر پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مسائل ضلع ترقیاتی کمشنر کے سامنے رکھنے کے لئے آئے تھے لیکن بد قسمتی کہ وہ کہیں عوامی دربار لگانے کے لئے گئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اوران کی خواتین کو گھروں سے دو یاتین کلو میٹر کی مسافت سے اپنے سروں پر پانی ڈھونا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جہاں وہ لوگ اندھیروں میں بیٹھتے ہیں وہیں ان کے بچوںکا تعلیمی نقصان ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کے گائوں ڈینگلہ جنیاڑ کا دورہ کر کے وہاں کا جائزہ لیں اورسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔
بالاکوٹ میں گھاس خاکستر
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے بالاکوٹ علاقے میں آتشزنی کی ایک واردات میں گھاس خاکستر ہوگیا ۔ محمد نصیر ولد حفیظ احمد ساکن بھروٹ بالاکوٹ کے ایک جگہ جمع کئے گئے گھاس کو اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے پوری طرح سے خاکستر ہوگیا ۔ اس دوران مقامی لوگوںنے آگ پر قابو پانے کی بھی کوشش کی لیکن آگ اتنی تیزی سے پھیلی اس پر قابو نہیں پایاجاسکا اور دیکھتے ہی دیکھتے تمام گھاس راکھ کا ڈھیر بن گیا ۔
تھنہ منڈی کا وفدوبودھ گپتا سے ملاقی
نیوز ڈیسک
تھنہ منڈی //محمد صدیق بھٹی کی سربراہی میں ایک وفد ایم ایل سی وبودھ گپتا سے ملاقی ہواجس نے مطالبہ کیا کہ درہال۔ تھنہ منڈی سڑک کی جلد سے جلد تعمیر مکمل کی جائے ۔ اس دوران شامل عبدالرشید شال نے کہا کہ تھنہ منڈی میں سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھا وا دینے کے لئے ٹورسٹ ریسپشن سنٹر قائم کیا جائے اور شاہدرہ شریف میں گنڈولہ سروس شروع کی جائے۔وبودھ گپتا نے یقین دلایاکہ ان مسائل کو حل کیاجائے گا۔
15سالہ لڑکی پراسرار طور پرجھلس گئی
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے سنئی علاقے میں ایک پندرہ سالہ لڑکی پراسرار طور پر جھلس گئی ۔پندرہ سالہ مسرت ناز دختر شاہنواز ساکن سنئی تحصیل سرنکوٹ کو پراسرار طور پر جھلس جانے کے بعد سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ لایاگیا جہاںاسے ابتدائی طبی امداد دے کر مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کے جسم کا بیشتر حصہ جھلس گیاہے ۔اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔
مڈ ڈے میل رقومات واگزار کرنے کا مطالبہ
پونچھ//حسین محتشم//رہبر تعلیم اساتذہ ساتھرہ زون نے مڈ ڈے میل رقومات کی واگزاری کی مانگ کی ہے ۔ مقامی اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران انہوںنے مڈ ڈے میل رقومات بر وقت فراہم نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ دوکانداروں سے ادھار لیکر کر طلبا کو مڈ ڈے میل کے تحت دوپہر کا کھانا کھلاتے ہیں اور اب یہ دوکاندار انہیں دوکان کی طرف دیکھنے بھی نہیں دیتے اور انہیں خجالت کاسامنا کرناپڑتاہے ۔رہبر تعلیم فورم کے رکن مظفر پٹھان نے کہا کہ ان کو بر وقت تنخواہیں واگزار نہیں کی جاتی اور اب مڈ ڈے میل کی رقومات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ زون ساتھرہ میں این ڈی ایم کی بقایاجات اپریل تک دے دی گئی ہیںلیکن اس کے بعد کی رقم نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ سے ایم ڈی ایم انچارج نے مڈل اسکولوں سے تین ہزار اور پرائمری اسکولوں سے1500روپے کاٹے ہیںجبکہ وزیر تعلیم الطاف بخاری کی ہدایت کے باوجود اساتذہ کو تین ما ہ سے تنخواہ واگزار نہیں کی گئی ۔رہبر تعلیم فورم ساتھرہ زون کے ایک اور رکن اسحق خیال نے کہا کہ سر پلس اساتذہ کو ہر زون میں تعینات کیا گیا ہے لیکن منڈی زون میں ایسا نہیںہوا۔ان کاکہناتھاکہ وہ اس سلسلہ میں زونل ایجوکیشن افسر ساتھرہ سے کئی بار اپیل کر چکے ہیں کہ انہیں بروقت رقومات فراہم کی جائیں اور دیگر مسائل بھی حل کئے جائیںلیکن اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔انہوں نے چیف ایجوکیشن افسر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کر کے اساتذہ کو درپیش مسائل کا حل نکالیں۔
راجوری میں خاتون کی پراسرار موت
راجوری //راجوری میں ایک خاتون کی پراسرار طور پر موت ہوگئی ۔پوجا دیوی زوجہ موہت کمار ساکن مراد پور راجوری کوخراب حالت میں ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں اسے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیاگیا ۔تاہم وہ جموں جاتے ہوئے ہی دم تو ڑبیٹھی ۔خاتون کی موت کے بعد اس کی نعش کو واپس راجوری لایاگیاجہاں پوسٹ مارٹم کرکے اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کیاگیا ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکاہے کہ خاتون کی موت کی کیا وجہ ہے۔