ایس ڈی ایم کوٹرنکہ کا سکولوں کا دورہ
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا معائنہ کرتے ہوئے ایس ڈی ایم گوپال سنگھ نے تعلیمی معیار بہتر کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوںنے موہڑہ، درمن،سموٹ ،کیول ،کوٹرنکہ ودیگر علاقوں میں سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کا معائنہ کیا ۔انہوںنے اساتذہ پر زور دیاکہ وہ طلباء کو حب الوطنی اور اخلاقی تعلیم سکھائیں اور ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسے طلباء کو واپس سکول لانے کی کوشش کی جائے جو غربت یا کسی اور وجہ سے سکول چھوڑ گئے ہیں ۔ان کے ہمراہ زونل ایجوکیشن افسر چوہدری صلاح محمد بھی تھے ۔
راجوری میں تاجر کی پراسرار طورپر موت
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں ایک تاجر کی پراسرار طور پر موت ہوگئی ہے ۔اس کی شناخت سنجے گپتا ولد ستیش گپتا ساکن وارڈ نمبر دس راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ستیش گپتا وارڈ نمبر دس میں زیر تعمیر پل کی جگہ سے اونچائی سے گر کر زخمی ہوگیا جس کے بعد اسے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں سے اسے ڈاکٹروں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں بھیجاگیا تاہم اس کی موت ہوگئی ۔ بعد میں اس کی نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کیاگیا۔
پانچ سالہ بچی کوآگ سے بچالیاگیا
جاوید اقبال
مینڈھر//منکوٹ تحصیل کے کسبلاڑی علاقہ میں اس وقت ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا جب گھر والوں نے ہمت کرکے پانچ سالہ بچی کو آگ کی زد سے بچا لیا ۔گھر والے تندور کو جلا کر روٹی پکانے کی سوچ رہے تھے کہ اچانک پانچ سالہ بچی کو تندور سے آگ لگ گئی اوربچی نے اپنے آپ کو بچانے کے لئے مکی کے بنڈل کی طرف چھلانگ لگائی جس کی وجہ سے مکی کے کئی بنڈل آگ کی لپیٹ میں آگئے لیکن گھر والوں نے ہمت کرکے بچی کو بچا لیا ۔بچی کی شناخت مصبا ح محمود دختر محمودحسین سکنہ کسبلاڑی کے طور پر ہوئی ہے ۔بچی کو گھرو الوں نے فوری طور سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا جہاں پر اس کا علاج چل رہا ہے۔ بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
آنگن واڑی ورکروں پر لاٹھی چارج کی مذمت
تھنہ منڈی// جمعرات کوسرینگر میں آنگن واڑی ورکروں اوربیلپروں پر کی گئی لاٹھی چارج پر تھنہ منڈی کی آنگن واڑی ورکروں نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پریس کے نام جاری بیان میں انہوںنے کہا کہ ریاست میں آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کے ساتھ نا انصافی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں آنگن واڑی ورکز اورہیلپرز کے لئے کوئی جامع پالیسی نہیں ہے جبکہ وہ اپنے علاقے میں تمام ریکارڈ تیار کرتی ہیں جومحکمہ آئی سی ڈی ایس کو درکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی ریاستوں کے ساتھ اجرتوں میں تفاوت دورکرنے،65 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کے بعد معقول پنشن مقرر کرنے اور اس محکمہ میں ملازمین کی مستقلی اور ترقی کے مطالبات پورے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کو ان ورکروں کے مطالبات کو پورا کرنے کے۔بجائے ان پر لاٹھی چارج کر کے انہیں خاموش کرانے کی پالیسی پر عمل پیراہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ ورکروں کی گرفتاری اور ان کو لاٹھی چارج کرکے زخمی کرنے کی مذمت کرتی ہیں۔
منڈی میں ناکہ لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی
عشرت بٹ
منڈی// محکمہ موٹر وہیکل کی جانب سے اے آر ٹی او پونچھ کی قیادت میں ایس آئی سمیر بٹ نے منڈی میں ناکہ لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مختلف قسم کی گاڑیوں کے چالان کاٹ کر12500روپئے جرمانہ وصولا جبکہ دو گاڑیوںکو ضبط کیاگیا ۔اس دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، تیز رفتار گاڑیاں چلانے والوں ،اضافی سواریاں لیکر چلنے والوں،گاڑی چلاتے ہوئے موبائیل فون کا استعمال کرنے والوں انشورنس کے کاغذات مکمل نہ کروانے والو کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ایس آئی سمیر بٹ نے اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کئے جانے کی وجہ سے سڑک حادثات پیش آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ایسے لوگوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی جو قوانین کی مخالفت کریں گے۔
مینڈھر میں خواتین کی بیداری کا کیمپ
مینڈھر//مینڈھر کے دھیری علاقے میں وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے ایک روزہ بیداری کیمپ منعقد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی ۔ اس کیمپ میں شامل خواتین کو کارپوریشن کی ضلع منیجر نسرین گل کی طرف سے مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور انہیں بتایاگیاکہ وہ وہ ان سکیموںسے جڑ کر نہ صرف خود کفیل بن سکتی ہیں بلکہ گھر کی مالی حالت بھی بہتر بناسکتی ہیں ۔ اس موقعہ پر پنچ نرگس سعید ودیگران بھی موجود تھے جنہوںنے کیمپ منعقد کرنے پر نسرین گل کاشکریہ ادا کیا ۔
سائیں بابا میراں بخش سڑک پرتارکول بچھانے کا کام شروع
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی معروف درگاہ حضرت سائیں بابا میراں بخش ؒاسلام آباد کو جانے والی سڑک کی خستہ حالت تھی جس پر عوام کی جانب سے پر زور مطالبہ کے بعد ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے سڑک پر میکڈم بچھانے کے کام کاآغاز کرایا۔ واضح رہے کہ اس سڑک کے چار کلو میٹر حصہ پر تارکول بچھائے جانے کا کام عرصہ دراز سے التوا میں رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ عوام کی پریشانی کو سمجھتے ہوئے رکن اسمبلی نے وہاں تار کول بچھانے کا کام شروع کروا کر لوگوں کو راحت پہنچائی ہے۔ اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران پی ڈی پی کے لیڈر و ممبر گوجر اینڈ بکروال ایڈوائزری بورڈ محمد شفیع میلو اور دیگر کارکنان نے رکن اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمد تانترے نے لوگوں سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کیلئے سڑک روابط کا ہونا ضروری ہے جس کیلئے حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایات ہیں کہ لوگوں کو گھر گھر سہولیات پہنچائی جائیں جس کیلئے پارٹی کا ہر رکن دل و جان سے کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کیلئے حکومت کو تعاون دیں۔انہوں نے اس موقعہ پر میکڈم بچھانے والے منتظمین کو معیاری کام انجام دینے کی ہدایت دی۔
سیول سروسز امتحانات کی تیاری
ڈگری کالج پونچھ میں سیمینار کا اہتمام
پونچھ //گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں دی آفیسرز آئی اے ایس /کے اے ایس کی طرف سے ایک سیمینار منعقد کرکے طلباء کو سیول سروسز امتحانات کی تیاری کرنے کے بارے میں اہم جانکاری فراہم کی گئی ۔یہ پروگرام کالج پرنسپل ڈاکٹر مشتاق احمد لون کی قیادت میں ہواجبکہ اس کی نگرانی ڈاکٹر اورنگ زیب نے کی جو کالج کے کیریئر کونسلنگ سیل کے سربراہ ہیں ۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر دی آفیسرز آئی اے ایس /کے اے ایسمس پریتی شرما نے بتایاکہ دیہی علاقوںکے نوجوان اور طلباء کس طرح سے مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔دی آفیسرز آئی اے ایس /کے اے ایس کے منیجنگ ڈائریکٹر ناصر احمد خان نے بھی طلباء کو اس سلسلے میں مفید جانکاری فراہم کی ۔انہوںنے کہاکہ اس بارے میں ایک حکمت عملی طے کرکے امتحان میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔اس دوران طلباء کی طرف سے کئی سوال بھی پوچھے گئے ۔اس سیمینار پر کالج کے طلباء اور انتظامیہ نے دی آفیسرز آئی اے ایس /کے اے ایس کا شکریہ اد اکیا ۔