مولوی فرید کی فوج کے افسران سے ملاقات
عشرت بٹ
منڈی//پیرپنچال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے بانی مولوی فرید ملک نے دہلی میں فوج کے افسران سے ملاقات کرکے انہیں سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کے مسائل کے بارے میں روشناس کرایا ۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے مولوی فرید نے کہاکہ ریاست میں واحد دو اضلاع راجوری پونچھ ایسے ہیں جن کی طرف سابق اور موجودہ مرکزی اور ریاستی سرکار نے ہمیشہ ایک آنکھ سے دیکھا ۔انہوںنے کہا کہ سرحدی علاقہ کے لوگوں کو صاف پینے کا پانی تک نہیں ملتااورآج کے دور میں بھی عورتیں میلوں دور سے پانی سروں پر ڈھوکر لاتی ہیں جبکہ تعلیم کاکوئی معقول انتظام نہیں اور بجلی کی حالت بھی خستہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی کشیدگی کے دوران لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنارہتاہے اور ان کیلئے بنکر بھی تعمیر نہیں کئے گئے ۔انہوںنے کہاکہ راجوری میں کوٹرنکہ، بدھل، درہال، نوشہرہ ،کالاکوٹ، تھنہ منڈی، خواص سڑکوں کی انتہائی خستہ حالت ہے اور چالیس چالیس سال سے چل رہے کام مکمل نہیں ہوپائے ۔ان کاکہناتھاکہ یہی حال پونچھ ضلع کا بھی ہے اور خاص طور پر منڈی اڑائی کے لوگوں کوسڑک نہ ہونے کی وجہ سے میلوںپیدل سفر کرناپڑتاہے اور اس گائوں میں بہت بڑی تعداد معذورین کی ہے جن کو بھی نظرانداز رکھاگیاہے ۔مولوی فرید کے مطابق انہوںنے افسران سے اپیل کی کہ راجوری پونچھ کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیاجائے اور ساتھ ہی خطے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ اس خطے کو سیاحتی طور پرترقی دی جائے ۔
۔6بکریاں مردہ پائی گئیں
رمیش کیسر
نوشہرہ //گائوں دبوڑا میں بکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی چھ بکریاں پراسرار طور پر مردہ پائی گئیں ۔عبدالمجید ساکن دبوڑ ا کی چھ بکریاں مردہ حالت میں پائی گئیں ۔بتایاجاتاہے کہ بکریاں جنگل میں تھیں اور ایسا ہوسکتاہے کہ انہوںنے جنگل کی کوئی زہریلی جڑی بوٹی کھالی ہو جس سے وہ مر گئیں تاہم ابھی تک اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔
خطہ پیر پنچال میں تعمیروترقی کاغذوں تک محدود: عام آدمی پارٹی
مینڈھر//عام آدمی پارٹی کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے صدر و انچارج یاسر احمد خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں سابق اور موجودہ حکومت کے دورمیںکوئی خاص ترقی نہیں ہوئی اور ہر کام صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ عملی طور کچھ بھی نہیںاور خالی دعوے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تعمیروترقی کا ثبوت ہرنی تا بی جی گلی سڑک ہے جس پر تقریبًا پچاس کروڑ سے زائد رقم خرچ ہو چکی ہے مگر تا حال اس کی حالت نہیں بدلی ۔ یاسر خان نے سوالیہ اندازمیں حکومت سے پوچھا ہے کہ اتنی رقم خرچ کرنے کے باوجود اِسکا عام عوام کو کیا فائدہ ہوا ہے اور جن افراد نے سڑک کیلئے اپنی زمینیں وقف کی ،انہیں ابھی تک معاوضہ کیوں نہیں دیا گیا ۔یاسرخان نے کہا کہ صرف ہرنی تا بی جی سڑک ہی نہیں ایسی حلقہ انتخاب مینڈھر میں کئی سڑکیں موجود ہیں جو صرف کاغذی ریکارڈ میں مکمل ہیں لیکن زمینی صورتِ حال کچھ اور ہی ہے ۔انہوںنے پونچھ اورراجوری کے ٹھیکیداری نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارا نظام سیاست دانوں کی بھینٹ چڑھ گیا ہے جس سے عوام سے دھوکہ اور سرکاری خزانہ پر بوجھ کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا اورنہ ہی مفاد عامہ کے کام کئے گئے ۔ان کاکہناہے کہ کہیں سکول کی عمارت کی پریشانی ہے اور کہیں عملہ دستیاب نہیں اوراسی طرح سے سرکاری ہسپتالوں کابھی یہی حال ہے اورماہر ڈاکٹر ہی تعینات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس طرح کے نظام میں تبدیلی لائے اور عوام کی فلاح و بہبود کے کام کئے جائیں تاکہ عام آدمی مستفید ہو سکے ۔انہوںنے لوگوںسے اپیل کی کہ وہ عام آدمی پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔
تھنہ منڈی میں ٹریفک اہلکار پر حملہ ، کیس درج
طارق شال
تھنہ منڈی // راجوری۔ تھنہ منڈی سڑک پر چیکنگ کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار کی مار پیٹ کی گئی جس پر مقدمہ درج کر کے پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راجوری۔ تھنہ منڈی سڑک پر ٹریفک کی چیکنگ کے لئے ٹریفک پولیس کی ایک ٹیم جسکی سربراہی سب انسپکٹر مشتاق احمد کر رہے تھے،بمقام کھبلاں کشمیر سے براستہ مغل روڈ راجوری کی طرف آرہی گاڑیوں کو چیک کررہی تھی ۔ ذرائع کے مطابق اس دوران ایک ائورلوڈ گاڑی آئی جسے روک کر اس کے کاغذات کا معائنہ کیاجارہاتھا کہ اسی اثناء میں اس میں سوار ایک شخص نے اتر کر ٹریفک اہلکار پر حملہ کردیا اوراس کی مار پیٹ کی ۔اس موقعہ پر سب انسپکٹر مشتاق احمد اور کانسٹیبل محمد طفیل و دیگر لوگوں نے بیچ بچائوکرکے ٹریفک اہلکار تلک راج ولد ا وم پرکاش کو چھڑا یا۔ ٹریفک ا ہلکار سے ہاتھا پائی کرنے والے مسافر کی شناخت انیل کمار کے طور پر ہوئی ہے جو بھی پولیس محکمہ میں ملازم ہے اوروہ دیوالی کی چھٹی پر اپنے گھر ٹھنڈی کسی راجوری کی طرف جارہاتھا۔اس سلسلے میں تھانہ پولیس تھنہ منڈی میں ایک مقدمہ زیر نمبر 136/2017 زیر دفعات /353 504 اور 506درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔انچارج ایس ایچ او تصویر احمد نے بتایاکہ ٹریفک اہلکار کی مار پیٹ اور سرکاری کام میں مداخلت کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کانگریس لیڈران کا وفد ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ//کانگریس کے سینئر لیڈران کا ایک وفد سابق ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ چوہدری بشیر احمدنازاور سابق قانون ساز و کونسل کے ڈپٹی چیئرمین جہانگیر احمد میر کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر اور ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے سے ملاقات کو ان کے دفترپہنچا جہاں لیڈران نے افسران کو عوامی مسائل سے روشناس کروایا اور ان سے اپیل کی کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس دوران سڑکوں،پلوں، سکولوں، سولرلائٹوں کے التوا ء میں پڑے کاموں اور بجلی وپانی جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں افسران نے مسائل کو بغور سننے کے بعد انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔وفد میں راجندر سنگھ کا کا، جنک سنگھ،کرشن سنگھ اول، حاجی محمد صادق کالس، شفیع شیخ، چوہدری احمد دین، خادم حسین، منظور اعوان، محمد شریف ا،اکبر دیدڑ، پنڈت دینا ناتھ، پرکاش شرما،نور حسن گیگی، تنویر چیچی، صدیق کالس، یار محمد وغیرہ بھی شامل تھے ۔
پونچھ میں جلسہ سیرت خاتون جنت کا انعقاد
پونچھ//آل انڈیا سُنی یوتھ وِنگ جموںو کشمیر کی پونچھ اکائی کے زیرِ اہتمام مدرسہ فیض القرآن واقع رضا نگر سُو کھا کٹھا نزد جامع مسجد عُثمانِ غنی رضی اللہ عنہ میںخواتین کے لئے یک روزہ جلسہ سیرتِ خاتونِ جنّت کا انعقاد کیا گیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس کے آغاز میںقُرآنِ مقدس کی تلاوت کی گئی اور اُس کے فوراً بعد مبلغات نے نعتیہ کلام سے ایسا سماں باندھا سامعات کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں ۔ اس موقعہ پر عالمہ سیدہ صفورہ فاطمہ نے اصلاحِ معاشرہ موضوع پر ایک مفصل خطاب کیا۔ انہوںنے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ تباہی و بربادی کے جس دہانے پر کھڑا ہے اُس کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر ہم سماج سے اِن بُرائیوں کو حقیقی معنوں میں جڑ سے ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں رسولِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم اور اُن کی پیاری لختِ جگر خاتونِ جنت جنابِ سیدہ زہرا رضی اللہ عنہا کے احکامات و سُنتوں پر عمل کرنا ہوگا۔ عالمہ شبنم میر نے کہا کہ مذہبِ اسلام نے خواتین کو بہت حقوق دیئے ہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ آج خواتینِ اسلام دینی تعلیم سے دوری کے سبب احکامِ شرعیہ پر بغیر سمجھے نکتہ چینی کر کے دُشمنانِ دین کی سازشوں کا شکار ہو رہی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ شریعت ِ مطہرہ ہمارے لئے سب سے بڑی عدالت ہے اور ہمیں شرعی قوانین اور احکامات پر عمل اور اُس کی پاسداری کرتے ہوئے معاشرے میں پھیلی بُری بِدعات کوختم کرنے کا ثبوت پیش کرنا چاہئے۔ تقریب کا اختتام صلوٰۃ و سلام اور امن و سلامتی کی دُعا پر ہوا اور تنظیم کی جانب سے شُرکا کے لئے مُفت لنگر کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
محکمہ مال کی طرف سے متعدد مقامات پر کیمپ منعقد
جا وید اقبال
مینڈھر//مینڈھر تحصیل کی نیابتو ں میں منگل وار کو نائب تحصیلداو ں نے کئی گائو ں میں کیمپ لگا کر موقعہ پر 41انتقال کئے ۔یہ کیمپ تحصیلدار مینڈھر شہزاد لطیف خان کی قیادت میں منعقد ہوئے جس دوران نا ئب تحصیلدار بھاٹہ دھوڑیا ںعبدالقیوم نے سنگیو ٹ میں، نا ئب تحصیلدار ہر نی سید آفتاب حسین شاہ نے نکہ منجہا ڑی میں ، نا ئب تحصیلدار مینڈھر تعارف حسین شاہ نے مید ان ٹھیرہ میں اور نا ئب تحصیلدار چھترال قاضی منیر حسین نے چھو نگا ں میں کیمپ لگا کر موقعہ پر 41انتقال کئے ۔اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہاکہ اس کام کیلئے انہیں کئی کئی مہینے چکر کاٹتے لگ جاتے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے کیمپوںسے نہ صرف ان کے مسائل بنیادی سطح پر حل ہورہے ہیں بلکہ رشوت خوری میں بھی کمی ہورہی ہے ۔
کمرہ دینے سے قبل جانچ کی جائے
پولیس کی راجوری کے ہوٹل مالکان کو ہدایت
راجوری//ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر پولیس نے ہوٹل مالکان اور منیجروں کی ایک میٹنگ طلب کرکے انہیں ہدایت دی کہ وہ کسی بھی شخص کو کمرہ کرایہ پر دینے سے قبل اس کی جانچ کرلیاکریں ۔ میٹنگ کی صدارت ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر جسونت سنگھ نے کی ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ حالیہ دنوں اچانک معائنہ کے دوران یہ پایاگیاکہ کچھ مہمان ہوٹلوں میں بغیر کسی جانچ کے رہتے ہیں اور اس سلسلے میں کچھ مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیاگیا ۔پولیس نے ہوٹل مالکان کو ہدایت دی کہ وہ کسی کو کمرہ دینے سے قبل اس کی جانچ کرلیں اور سارا ریکارڈ جمع رکھیں ۔ انہیں یہ ہدایت بھی دی گئی کہ ہوٹلوں کے اندر کسی طرح کی غیر قانونی سرگرمی نہ انجام دی جائے ۔اس موقعہ پر پولیس نے ہوٹل مالکان کو یقین دلایاکہ ان کے مسائل حل کئے جائیںگے اور پولیس بھرپور تعاون دے گی ۔