مینڈھر// منکو ٹ تحصیل کے لو ہر چھجلہ علا قہ کے لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ محکمہ کے افسران زمینی سطح پر کام نہیں کررہے جس کے نتیجہ میں پینے کا پانی فراہم نہیںہورہا۔مقامی شخص محمد رفیق ولد علی محمد نے بتایاکہ انہیں پانی کا کنکشن دیاہواتھا تاہم اسے ایک شخص نے توڑ دیاہے جس پر اس نے متعلقہ افسران کے سامنے شکایت بھی کی اورجونیئر انجینئر کو موقعہ پر پہنچ کر رپورٹ کرنے کو ہدایت دی گئی لیکن وہ کئی عرصہ سے جے ای کے پیچھے گھوم رہاہے اور وہ رپورٹ نہیں کررہا۔اس کاکہناہے کہ اگر دفتر جائو تو وہاں بھی کوئی نہیں ملتا اور صرف درجہ چہارم کے ملازم حاضر پائے جاتے ہیں ۔ انہوںنے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ اس کے ساتھ انصاف کیاجائے اور اس بات کی تحقیقات کرائی جائے ۔اس نے انتباہ دیاکہ اگر اس کا کنکشن نہیںلگا تو وہ بال بچوں سمیت احتجاج کرنے پرمجبور ہوجائے گا۔