پونچھ//لورن سِب کی عوام کو عرصہ دراز سے پانی کی قلت کا سامنا ہے اور ایک ایک بوند بھی نایاب ہے ۔اس سلسلہ میں گاﺅں کی عوام نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملازمین پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔اس موقعہ پرمقامی شخص صمد جو نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے ان کے علاقہ میں پائپ لائن بچھائی گئی ہے لیکن اس میں پانی کبھی نہیں چھوڑا جاتا۔انہوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے یہاں تعینات کئے گئے لائن مین فرائض منصبی کے پابند نہیں اور نہ ہی وہ ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لورن جیسے علاقہ میں جہاں آسانی سے لوگوں کو پانی دستیاب کیا جا سکتا ہے،قلت آب کا مسئلہ تشویشناک بات ہے ۔سماجی کارکن امتیاز احمد سلاریہ نے بتایا کہ وہ اس علاقہ میں سیر و تفریح کے لئے گئے تھے جہاں انہوں نے پانی کی شدید قلت محسوس کی۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ کے لوگ اس ترقی یافتہ دورمیں بھی پانی جیسی سہولت سے محروم ہیں جو انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو دیگربنیادی سہولیات بجلی ،راشن، سڑک رابطے بھی دستیاب نہیں اور انہیں کئی طرح کی پریشانیوں کاسامناکرناپڑتاہے۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے پانی کی قلت کا مسئلہ حل کریں۔