عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کے خلاف اپنی مسلسل مہم جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ممنوعہ منشیات برآمد کی ہیں۔
پہلی کارروائی میں پولیس پوسٹ شیرباغ کی ایک ٹیم نے سرنل کے مقام پہرو کراسنگ کے نزدیک معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 1.198 کلوگرام چرس پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت شاہد رفیق نندا ولد رفیق احمد نندا ساکن نندپورہ، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں ایف آئی آر نمبر 179/2026 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری کارروائی میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ کی ٹیم نے کریکدل کے مقام پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کیا۔ گرفتار شخص کی شناخت محمد شفیع لون ولد غلام محی الدین لون ساکن کے۔ کلان، بجبہاڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 56 گرام چرس نما مادہ اور 6 ہزار روپے نقد رقم برآمد ہوئی، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ منشیات کی فروخت سے حاصل شدہ رقم ہے۔
اس معاملے میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں ایف آئی آر نمبر 162/2026 زیر دفعات 8/29 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے کہا ہے کہ وہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی اور نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق معلومات فراہم کرکے پولیس کا تعاون کریں تاکہ ایک محفوظ اور منشیات سے پاک معاشرہ قائم کیا جا سکے۔
اننت ناگ پولیس منشیات مخالف کارروائی، دو منشیات فروش گرفتار