عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں کے سرحدی ضلع راجوری کے منجہ کوٹ علاقے میں واقع ڈوری مال کے گھنے جنگلات میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری بڑے پیمانے کی تلاشی مہم پیر کو مسلسل 24ویں روز بھی جاری ’’آپریشن شیروالی‘‘ کے تحت فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار مشترکہ طور پر پورے علاقے میں سرچ آپریشن چلا رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تب سے اب تک فورسز جنگل کے مختلف حصوں میں مسلسل تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آپریشن کے دوران اہلکار جنگل کے اندرونی علاقوں، پہاڑی درّوں، قدرتی غاروں، گھنی جھاڑیوں اور دیگر دشوار گزار مقامات کی باریک بینی سے جانچ کر رہے ہیں۔
ڈوری مال کا علاقہ اپنے جغرافیائی خدوخال کے باعث انتہائی چیلنجنگ تصور کیا جاتا ہے گھنے جنگلات، بلند و بالا پہاڑیاں، تنگ راستے اور غیر موافق موسمی حالات سرچ آپریشن کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔ اس کے باوجود سکیورٹی فورسز شب و روز علاقے میں موجود رہ کر جنگل کے چپے چپے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کئی مقامات پر اہلکاروں کو پیدل طویل فاصلے طے کرنے پڑ رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا ممکنہ خفیہ ٹھکانے کا سراغ لگایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق آپریشن کو مکمل منصوبہ بندی اور احتیاط کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے آلات کا بھی بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔ ڈرون کیمروں اور دیگر الیکٹرانک آلات کی مدد سے جنگل کے حساس اور دشوار گزار حصوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا بنیادی مقصد علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنانا ہے جبکہ سکیورٹی ایجنسیوں نے علاقے کا محاصرہ مزید مضبوط کر دیا ہے۔
جنگلات سے ملحقہ دیہات اور حساس مقامات پر اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر اضافی ناکے قائم کر کے گاڑیوں اور راہگیروں کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ فورسز مشتبہ نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ راجوری اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سکیورٹی فورسز وقتاً فوقتاً اس نوعیت کے مشترکہ آپریشن انجام دیتی رہی ہیں۔ ڈوری مال کا جنگلاتی علاقہ ماضی میں بھی سکیورٹی ایجنسیوں کی خصوصی نگرانی میں رہا ہے کیونکہ گھنے جنگلات اور دشوار راستوں کے باعث اسے حساس تصور کیا جاتا ہے۔
مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی حکام نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے دیہاتیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا سکیورٹی ایجنسیوں کو دیں۔
راجوری کے ڈوری مال جنگلات میں 24ویں روز بھی آپریشن جاری