صوبائی کمشنر کایاتریوں کیلئے جدید سہولیات، ہیلی کاپٹر سروس، سی سی ٹی وی اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر زور
عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمارنے شیو کھوڑی شرائن بورڈ رانسو کی 13ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔ اجلاس میں شرائن بورڈ کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ریاسی ابھیشک کمارنے بورڈ کی سرگرمیوں، یاتریوں کی تعداد، مالی صورتحال اور مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران شری شیو کھوری یاترا میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
ڈویژنل کمشنر نے اجلاس میں کہا کہ شری شیو کھوڑی جموں خطے کی اہم مذہبی سیاحت کا مرکز بن چکی ہے اور یاتریوں کو جدید اور محفوظ سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شرائن کے نزدیک اور یاترا ٹریک پر دکانوں کے ٹینڈرز جلد از جلد جاری کئے جائیں تاکہ یاتریوں کو معیاری سہولیات دستیاب ہوسکیں۔اجلاس میں شرائن کمپلیکس کے اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ سیکورٹی نظام مزید مضبوط بنایا جاسکے۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی یاتریوں کی تعداد کے پیش نظر نگرانی کے جدید انتظامات ناگزیر ہیں۔اجلاس کے دوران ہیلی پیڈ ٹرمینل بلڈنگ کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ ہیلی پیڈ کے اردگرد ترقیاتی کاموں، زمین کو ہموار بنانے اور دیگر بنیادی سہولیات کیلئے جلد ڈی پی آر تیار کی جائے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو افرادی قوت میں اضافہ کرکے ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے جلد از جلد ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ بزرگ، بیمار اور دور دراز علاقوں سے آنے والے عقیدت مندوں کو سہولت فراہم ہوسکے۔اجلاس میں کئی ترقیاتی منصوبوں کو موقع پر ہی منظوری بھی دی گئی۔ ڈویژنل کمشنر نے ہیلی پیڈ کے اردگرد حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے فائر سیفٹی انفراسٹرکچر کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہئے۔اس دوران گزشتہ اجلاس میں لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رام مندر سے مقدس غار تک متبادل راستہ تعمیر کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ یاترا کے عروج کے دنوں میں موجودہ راستے پر بھیڑ کم کی جاسکے۔ حکام نے موجودہ ٹریک، گوری بھون اور شیو شکتی بھون کی مرمت و تزئین و آرائش کے کاموں کی پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔صوبائی کمشنر نے یاترا ٹریک پر موجود پلوں کا حفاظتی آڈٹ کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں میں معیاری مواد کا استعمال یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تحصیلدار پونی کو عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے سرائے تعمیر کرنے کے واسطے مناسب سرکاری زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت بھی دی۔اجلاس میں انتظار گاہوں، اوور ہیڈ شیڈس، سیکورٹی انفراسٹرکچر، بس اسٹینڈ، پانی کی فراہمی کے نظام، کیفیٹیریا عمارتوں اور دیگر عوامی سہولیات سے متعلق کئی جاری اور مجوزہ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ شری شیو کھوری شرائن کے انتظامی نظام میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔