پونچھ//اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ سید عابد حسین شاہ نے تحصیل راجپورہ کی رہنے والی زرینہ بیگم بیوہ افلاطون علی کو 55000 جبکہ اس خاتون کے تین یتیم بچوں کے بینک کھاتوں میں پچاس پچاس ہزارار روپے جمع کروائے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زرینہ بیگم کے شوہر افلاطون علی 2018 میں فوت ہوگئے ہیں جس کے بعد ان بچوں اور ان کی والدہ کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس دوران بیوہ خاتون نے محکمہ لیبر کے دفتر پونچھ میں درخواست دی تھی جس کے بعد اس خاتون کو یہ امداد فراہم کی گئی۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ لیبرکمشنر پونچھ سید عابد حسین شاہ نے کہا کہ سرکار کی جانب سے کئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں جن سے بیوائیں اور یتیم بچے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں میں سے ایک سکیم کے تحت اس بیوہ خاتون اور اس کے تین بچوں کو یہ امداد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ان بچوں کو سکالر شپ بھی ملے تاکہ وہ بچے تعلیم حاصل کر سکیں اور زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔