بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ کے اولڈ ٹائون علاقے میں محکمہ بجلی میں کام رہا ایک عارضی ملازم دوران ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مشتاق احمد ڈار ولد عبد الرشید ساکن درنگبل بارہمولہ سوموار کو اولڈ ٹائون علاقے میں بجلی ٹرانسفارمر کی مرمت کررہا تھا، جسکے دوران کسی نے سپلائی بحال کی ، جس کے نتیجے میں مذکورہ عارضی ملازم کرنٹ لگنے سے جھلس کر شدید زخمی ہوگیا ۔اگر چہ اسے فور طور پر جی ایم سی بارہمولہ پہنچایا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ملازم محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ متعلقہ بجلی انسپکٹر نے بجلی بند کرائی تھی تاہم گرڈ اسٹیشن سے سپلائی بحال کی گئی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔