سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے عالمی یوم ماحولیات کے موقعہ پر اَپنے پیغام میں جموں وکشمیر کے عوام بالخصوص نوجوانو ں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لئے ہر جگہ علاقائی سطح پر اِقدامات کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر اَپنے ماحولیاتی نظام میں جھیلوں اور جنگلات کے لئے جانا جاتا ہے جن کو موجودہ اور مستقبل کے لئے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی ماہرین اور پریکٹیشنرس کے ساتھ ماحول کی احیاء کے لئے کام کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا ’’ آئیے ہم اَپنے ماحولیاتی نظام کی بحالی اور زمین کو رہنے کے لئے ایک بہتر مقام بنانے کے لئے کام کرنے کا عہد کریں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گھروں ، سکولوں ، کالجوں اور عوامی مقامات پر درخت لگانے کی سرگرمیاں ، آبی ذخائر ، ندیو ں ، نہروں میں صفائی مہم کو یقینی بنانا، ہمار ے اردگرد ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور بحالی میں فیصلہ کن ثابت ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ بیداری ،عوام تک رسائی کے پروگرام ، ماحولیاتی تحفظ اور حکومت کی بحالی کی کوششیں رہائش گاہ کی بحالی اور آب و ہوا کی تبدیلی کے تخفیف پر واضح مثبت اثرات مرتب کررہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ صرف صحت مند ماحولیاتی نظام لوگوں کی روزی روٹی کوبڑھا سکتے ہیں اور آب و ہوا کی تبدیلی بائیوڈائیورسٹی کے نقصان کو روک سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات 5؍ جون 2021ء کا مرکزی خیال ’’ ماحولیاتی نظام کی بحالی ‘‘ پر خصوصی توجہ کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔یہ دِن 1972ء میں منعقدہ سٹاک ہوم کانفرنس اِنسانی ماحولیات کی یاد گار ہے ۔گزشتہ برسوں کے دوران یہ ماحولیاتی عوامی سطح پر دنیا کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سال 2021-2030 کواقوام متحدہ کے ماحولیاتی نظام کی بحالی اور دنیا بھر میں ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لئے اقدامی نظام کی احیاء کا اعلان کیا ہے۔