لیہہ//سرحدی سڑک تنظیم بی آر او نے آٹھ روز کے قلیل وقت میں لیہہ سارچوسڑک پر110فٹ طویل پل کی تجدید کرکے اِسے بھاری فوجی کانوائے کی بلا خلل نقل وحمل کے قابل بنایا۔اسبات کااظہار حکام نے یہاں سوموار کوکیا۔انہوں نے کہا کہ لیہہ کو منالی سے جوڑنے والا وہسکی نالہ پریہ نازک بیلے پل موسم سرما میں بھاری برف باری کی وجہ سے خستہ ہوگیاتھا۔حکام نے کہا کہ اس پل کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پروجیکٹ ہیمانک نے فوری طور کارروائی کرتے ہوئے ناموافق موسمی صورتحال کے باوجود5اپریل سے12اپریل تک اس کی مرمت کی۔ حکام نے مزیدکہا کہ اس پل کی موسم گرما سے قبل اَپ گریدیشن بھاری گاڑیوں کی بلاخلل آواجاہی کو یقینی بنائے گی جو ضروری سپلائز کے ساتھ لیہہ جاتی ہیں ۔ بی آراو حکام کے مطابق لیہہ منالی سڑک کے کھل جانے کے بعد ہی پل کے مقام تک رسائی ہوسکتی تھی اس لئے پروجیکٹ ہیمانک نے چابکدستی دکھا کر5اپریل سے پل کی مرمت شروع کی اور اسے بھاری گاڑیوں کی نقل وحمل کے قابل بنایا ۔انہوں نے کہا کہ پل کی مرمت کے دوران اختراعی طریقہ اپنا یاگیا جس دوران پل کے انہدام اور تعمیر کوایکساتھ شروع کیا گیا جس سے کہ ٹریفک کی آمدورفت بھی جاری رہی ۔انہوں نے کہا کہ پل کی خستہ حال لکڑی کے ستونوں کو لوہے کے ستونوں سے تبدیل کیا گیاجس سے یہ پل مضبوط اور دیرپا بن گیا۔مرمت کے دوران بی آر او نے پل پرٹریفک کی بلاخلل آمدورفت کویقینی بنایا جو حالیہ برف باری کی وجہ سے بند تھا۔حکام کے مطابق بی آراو نے لیہہ کے عوام کو وہسکی نالہ پرمضبوط پل کاتحفہ دیاہے۔