مینڈھر//سرحدی تحصیل منکوٹ کی پنچائت لوہر کسبلاڑی کے لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے آفیسران کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوہر کسبلاڑی سے بھگیوٹ جارہی لفٹ سکیم گذشتہ چھ مہینوں سے بند پڑی ہے اور ایک پہاڑی پر بسنے والے لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ محکمہ کے ملازمین کبھی ایک بہانہ لگاتے ہیں کبھی دوسرا بہانہ جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کا صاف پانی متعلقہ محکمہ سپلائی نہیں کررہاہے اور لوگوں کو کئی کلومیٹر دور سے جاکر پینے کا صاف پانی لانا پڑتاہے۔ علاقہ کے لوگوں نے لیفٹنٹ گورنرر انتظامیہ سے اپیل کی کہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے کیوں کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے لفٹ سکیمیں کیا زمینی سطح کی سکیمیں بھی مکمل طور فیل ہو چکی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ انکے ملازمین ڈیوٹی پر ہی نہیں آتے جس کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ایک سکیم گذشتہ چھ مہینوں سے بند پڑی ہے اور ملازمین ٹس سے مس نہیںہورہے ہیں اور پہاڑی پر بسنے والے لوگوں کیلئے متعلقہ ملازمین پانی کا کوئی بندو بست نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین محکمہ مکینکل کے ملازمین پر الزام لگاتے ہیں اور مکینکل کے جل شکتی محکمہ کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہیں جس کا سارا اثر غریب عوام پر پڑتاہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور سکیم کو درست کیا جائے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے ورنہ ہم لوگ متعلقہ محکمہ کے خلاف احتجاج کریں گے اس سلسلہ میں جب متعلقہ محکمہ کے ایک سنیئر آفیسر سے بات ہوئی تو انکا کہنا تھا کہ جلد سکیم کو چلایاجائے گا تو لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے ۔