سرنکوٹ//ضلع ترقیاتی کونسل ممبر سرنکوٹ شاہنواز چوہدری نے پنچایت سرنکوٹ لوہر میں سیبوں کی شجر کاری کے سلسلہ میں ایک منصوبے کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر محکمہ باغبانی کے پونچھ کے آفیسر ،ہارٹیکلچر آفیسر سرنکوٹ ،سرپنچ لوہر سرنکوٹ طاہر مرزا ودیگر پنچایتی اراکین اور معززین بھی موجود تھے ۔مقامی معززین نے کہاکہ محکمہ باغبانی کی جانب سے شعبہ کی ترقی کےلئے کئی معیاری اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کی مدد سے شعبہ سے وابستہ افرا کو معیاری سہولیات میسر ہو نگی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل رکن شاہنواز چوہدری نے کہاکہ اس علاقے میں پھلوں اور فصلوں کے اُگنے کے بہت زیادہ امکانات ہیںتاہم وقت کی ضرورت ہے کہ انتظامیہ شعبہ باغبانی کو مزید مستحکم کرنے کےلئے مزید اقدامات اٹھائے ۔موصوف نے کہاکہ سرنکوٹ میوہ جات کی پیدا وار کے سلسلہ میں زر خیز علاقہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ مختلف علا قوں میں بیداری پروگرام منعقد کر کے عوام کو مختلف اقسام کے میوہ جات کی فصلوں کے سلسلہ میں بیدار کیا جائے تاکہ مکینوں کی اقتصادی حالت بہتر ہو سکے ۔