پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ایک دور افتادہ گائوں بٹل کوٹ کی آبادی عرصہ دراز سے پانی سے محروم ہے۔مقامی لوگوں نے جمعہ کو سڑک بند کر کے جل شکتی محکمہ کے خلاف زوردار احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔احتجاج مظاہرین نے بتایا کہ کئی سالوں سے وہ پانی کی فراہمی کی اپیل کر رہے ہیں ۔اس وقت تک حکومت نے یہاں پینے کاصاف پانی فراہم کرنے کے سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہ کی اور نی ہی کوئی منصوبہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ جل شکتی محکمہ کے افسران سوائے یقین دہانی کے کچھ نہیں کر رہے ہیں۔گائوں کی آبادی دور دراز ندی نالوں اور چشموں سے پانی حاصل کرتے ہیں جو ان کے لئے نہایت مشکل ہے۔احتجاجی مظاہرے میں شامل خواتین نے کہا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے پیش نظر جل شکتی محکمہ کو کئی بار آگاہ کیا گیالیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ایک خاتون نے بتایا کہ انہیں گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاہم دن بھر پانی کے حصول کیلئے خالی مٹکے ہاتھوں میں لیکر گھومتی رہتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں نفوس پر م مشتمل آ بادی پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے۔اس موقع پر سرکاری ذمہ داروں جن میں نائب تحصیلدار لورن، ایس ایچ او پولیس تھنہ لورن اور دیگر آفیسر موجود تھے ،نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا جس کے بعد وہ اس شرط پر منتشر ہو گئے کہ اگر فوری ان کے مطالبات حل نہ کیا گئیتو وہ دوبارہ سڑک پر اتر کر احتجاج کریں گے۔ مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر سے بھی اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔