کٹھوعہ //جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ اس وقت دو ایسے چیلنج ہیں جن کا بنی نو انسان کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ وزیر موصوف کٹھوعہ میں عالمی شجر کاری دن کے موقعہ پر محکمہ جنگلات کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پی سی سی جنگلات روی کیسر اور کچھ اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ جموں کشمیر کو قدرت نے گوناں گوں سماجی ، ثقافتی اور حیاتیاتی تنوع سے مالا مال کیا ہے تا ہم انسانی مداخلت سے یہاں کے قدرتی وسائل میں خلل پڑ رہا ہے اور ماحولیات بھی اثر انداز ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کرنا لازمی ہے ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ محکمہ سوشل فارسٹری جنگلات کے اندر اور جنگلات کے باہر پودے لگانے کیلئے انتھک کوششیں کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریاست بھر میں لوگوں میں شجر کاری کے فوائد کے بارے میں بیداری بھی پیدا کر رہا ہے ۔ چودھری لال سنگھ نے کہا کہ عالمی شجر کاری دن ہمیں اپنی سرزمین کیلئے کچھ اچھا کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کو تحفظ دینے کیلئے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی سطح کی کوششیں کرنی چاہئیں ۔ قدرتی ذخائیر کو تحفظ دینے کے حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں جنگلات کے ہزاروں کنال اراضی پر سے ناجائیز قبضہ ہٹایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مہم کو جاری رکھے گی اور ریاست بھر میں تباہ شدہ جنگلات کو دوبارہ سے بحال کرنے کیلئے اچھی خاصی تعداد میں پودے بھی لگائے جائیں گے ۔