راجوری//سماجی کارکن فاروق انقلابی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے نوجوانوں نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیاہے ۔اس سلسلے میں نوجوانوں کے ایک وفد نے پولیس تھانہ راجوری پہنچ کر فاروق انقلابی کی خیریت معلوم کی جہاں وہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض بیان دیئے جانے کے الزام میں زیر حراست ہیں۔نوجوانوںکاالزام ہے فاروق انقلابی کی گرفتاری سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے کیونکہ وہ موجودہ سرکار کی کارکردگی پر ہمیشہ ہی سوال اٹھاتے رہتے ہیںتاہم پولیس اس کو مسترد کرتی ہے۔مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف سے ملاقات کرکے انقلابی کی رہائی کامطالبہ کیا۔اس موقعہ پرمحمد عاقب وانی،ندیم ،اویس گنائی سمیت کئی نوجوانوں نے کہاکہ انقلابی ایک معروف شخصیت ہیں جوعام لوگوں کے مسائل کے لئے جد وجہد کرتے رہتے ہیں جنہیں آزادی اظہار خیال کی بنیاد پر گرفتار کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ انقلابی کی گرفتاری کے پیچھے سیاسی سازش کارفرما ہے ۔ وفد میں حسین مرزا، امین مرزا، واجد لون، وسیم ملک وغیرہ بھی شامل تھے ۔جب اس سلسلے میںایس ایس پی راجوری یوگل منہاس سے بات کی گئی توانہوں نے بتایاکہ مذکرہ شخص پولیس حراست میں ہے اور پولیس اس معاملے میں تحقیقات کررہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پولیس رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی اور وہیں سے فیصلہ سنایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ایسامواد سوشل میڈیا پر مشتہر نہیں کیاجاناچاہئے ۔