منجاکوٹ//منجاکوٹ میں لوگوں کی طر ف سے گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی کردی جاتی ہیں اور اس طرح سے غیر قانونی پارکنگ زون قائم کرلینے سے سارا نظام ہی درہم برہم ہوکر رہ جاتاہے جس سے حادثات کے خطرات بھی درپیش رہتے ہیں۔لوگ غیر قانونی طریقے سے گاڑیوں کو سڑک کنارے کھڑا کر کے غائب ہو جاتے ہیں اور پھر وہ کئی کئی گھنٹے واپس نہیں آتے ۔بعض اوقات گاڑیاں اس قدر بے تکے طور پر لگادی جاتی ہیں کہ لوگوں کو چلنے میں دشواری ہوتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ منجاکوٹ میں پارکنگ کا انتظام کیاجائے تاکہ لوگ اپنی گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی نہ کریں اور نہ ہی سڑک حادثات ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ علاقہ قومی شاہراہ پر واقع ہے جہاں گاڑیاں بہت تیز رفتار سے چلتی ہیں اور معمولی سی کوتاہی بھی کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتی ہے ۔انہوںنے ایس پی ٹریفک رورل جموں مس شاہین وحید سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک نظام میں بھی بہتری لانے کے اقدامات کریں ۔