جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین اورسابق وزیر ہرش دیوسنگھ نے پی ڈی پی ۔بی جے پی حکومت پرروہنگیائی اوربنگلہ دیشی پناہ گزینوں کوجموں بدرکرنے میں ناکام رہنے کاالزام عائدکرتے ہوئے غیرملکی پناہ گزینوں کی جموں میں رہائش کوجموں کیلئے خطرناک قراردیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ سنجواں آرمی کیمپ میں حالیہ حملے میں ممکن ہے روہنگیااوربنگلہ دیشی پناہ گزینوں کاہاتھ ہو۔ انہوں نے کہاکہ جموں میں منشیات کی سمگلنگ اوردیگرجرائم عروج پرپہنچ گئے ہیں جن کیلئے روہنگیائی اوربنگلہ دیشی پناہ گزین ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہاکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پہلے ہی خبردارکیاہے کہ جموں میں روہنگیائی پناہ گزینوں کی رہائش سے منشیات اوردہشت گردی میں اضافہ ہوسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ منشیات کی سمگلنگ کے بہت سے معاملات میں میانمارکے لوگوں کی مبینہ طورملوث کاشبہ ظاہرکیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ نام نہادگروپ آف منسٹرس ریاستی حکومت نے غیرملکی مہاجرین کے سلسلے میں تشکیل دیاہے جوآنکھوں میں دھول جھونکنے کے سواکچھ بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر کانگریس اوربی جے پی ایک دوسرے پرالزام تراشیاں کرتی ہیں اوراین سی اورپی ڈی پی ،کھلے عام روہنگیائی مہاجرین کوجموں میں بسانے کی حمایت کرتی ہیں۔ انہوں نے دانشوروں،فورموں، سماجی تنظیموں، قوم پرست طاقتوں اورطلباء پرزوردیاکہ وہ ڈگرپردیش کی رواداری ، امن اورخوشحالی کویقینی بنانے کیلئے مہم چلائیں۔