سرنکوٹ//اگرچہ سرنکوٹ انتظامیہ کی طرف سے عازمین حج کیلئے دیگر ہر قسم کے انتظامات کئے گئے تاہم ان کو گاڑیوں میں بیٹھنے کیلئے مناسب جگہ نہیں ملی جس پر انہوںنے انتظامیہ اور حج کمیٹی کے خلاف زبردست احتجاج کیا ۔عازمین سے حج کمیٹی نے سرینگر تک کا کرایہ تو وصول کرلیا لیکن ان کیلئے علیحدہ گاڑی کا انتظام نہیں کیاگیا ۔عازمین کو صبح دس بجے تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ سے سرینگر کیلئے روانہ کیاجاناتھا لیکن ان کیلئے سرنکوٹ سے گاڑی کا انتظام نہیں کیاگیا اور انتظامیہ نے انہیں پونچھ سے آنے والی گاڑی میں بٹھانے کافیصلہ لیا جس کی اگلی تمام سیٹیں بک ہوچکی تھیں اور پچھلی نشستیں ہی خالی تھیں جن پر سرنکوٹ کے عازمین نے بیٹھنے سے صاف انکار کردیا ۔اس پر انتظامیہ نے ان سے کہاکہ اب انہیں مینڈھر سے آنے والی گاڑی پر بٹھایاجائے گالیکن اس گاڑی پر بھی پچھلی نشستیں ہی خالی تھیں جس پر بھی عازمین نے بیٹھنے سے انکار کردیا ۔ اس موقعہ پر عازمین نے انتظامیہ اور حج کمیٹی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔ انہوںنے کہاکہ جب ان سے کرایہ کے پیسے بھی لئے گئے ہیں توپھر اس کے مطابق گاڑی کیوں فراہم نہیں کی جارہی ۔ واضح رہے کہ سرنکوٹ سے 32عازمین کو سرینگر جاناتھا جنہوںنے علیحدہ طور پر گاڑی فراہم کرنے کی مانگ کی ۔ عازمین کاکہناتھاکہ وہ صبح سے یہاں دھکے کھارہے ہیں لیکن انہیں مناسب گاڑی فراہم نہیں کی گئی ۔ عازمین کے احتجاج میں دیگر لوگ بھی شامل ہوگئے ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے کہاکہ سرنکوٹ کے عازمین سے ہی نہیں بلکہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ بھی سوتیلا سلوک کیاجاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ نے انتہائی لاپرواہی سے کام لیاہے اور اس طرح کے انتظامات نہیںہونے چاہئے تھے ۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ڈی ایم سرنکوٹ اور ڈپٹی کمشنر پونچھ موقعہ پرپہنچے اور انہوںنے لگ بھگ دو گھنٹے کے بعد یعنی بارہ بجے سرنکوٹ کے عازمین کیلئے علیحدہ گاڑی کا انتظام کیا جس کے بعد عازمین کو سرینگر کیلئے روانہ کردیاگیا۔