راجوری //محکمہ پی ایچ ای ، محکمہ بجلی اور سوشل فارسٹری میں عارضی بنیادوں پر کام کررہے سینکڑوں ملازمین نے احتجاجی دھرنا دیا جن کا الزام تھا کہ متذکر ہ بالا محکمہ جات میں وہ کئی سال سے کام کررہے ہیں لیکن سرکار نے جب ان کی فہرست طلب کی تو فہرست میں ان لوگوں کو شامل کیا گیا جو چند ماہ یاپھر کچھ عرصہ قبل ہی محکمہ متعلقہ کے آفیسران نے کہیں اثر ورسوخ کو مد نظر رکھتے ہوئے تو کہیں کسی دوسری وجہ سے فہرستیں مرتب کرکے سینکڑوں ایسے افراد کے ساتھ ناانصافی کی ہے جو حقیقی معنوں میں ان لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے جوعوام کو پانی ،بجلی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں سردی ،گرمی بارش کوئی بھی موسم نہیں دیکھتے اور اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان تمام بے روزگار نوجوانوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے والے چند آفیسران کے خلاف اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی ریاستی سرکار اس مسئلے پر سنجیدہ ہے ۔ احتجاج کررہے ملازمین نے مانگ کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔احتجاج میں ممبر اسمبلی راجوری چودھری قمر حسین نے بھی شمولیت کی ۔انہوںنے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ چند ملازمین اورافسران کی ملی بھگت کی وجہ سے آج وہ لوگ مایوس ہورہے ہیں جو کئی سال سے دوردراز علاقوں میں پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے دن رات صرف کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ابھی ابھی لگے ہیں ،ان کے نام فہرستوں میں شامل ہیں جبکہ جن لوگوں کو وہ کئی سال سے ملازمت کرتے دیکھ رہے ہیں ،ان کو نظرانداز کردیاگیاہے ۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کے ساتھ انصاف کرے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہ ہو۔