جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں ضلع کی ترقی کو یقینی بنانے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ جموں کے لوگ ترقیاتی سکیموں اور پروگراموں سے استفادہ کرسکیں۔ضلع ترقیاتی بورڈ جموں کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں اور پروگراموں کے لئے مختص رقومات کو مکمل طور بروئے کار لایا جانا چاہئے اور مقامی نمائندوں کو بھی ترقیاتی عمل میں شامل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سکیموں کی عمل آوری سے علاقہ کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور ضلع میں ترقیاتی عمل کو دوام حاصل ہوگا۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ جموں کو ریاست کی سرمائی دارلخلافائی شہر کی حیثیت حاصل ہے اور یہاں کافی تعداد میں لوگ دیگر علاقوں سے آکر یہاں گذر بسر کرتے ہیں لہذا یہاں بنیادی سہولیات کی بہتری کی طرف توجہ دی جانی چاہئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا تا کہ لوگ بنیادی سطح پر مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آنے والے موسم گرما کے دوران پینے کے پانی اور آبپاشی کی بہتر سہولیات دستیاب کی جانی چاہئیں تا کہ عام لوگوں اور کسانوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈاکٹر سنگھ نے افسروں سے کہا کہ وہ جموں۔ اودہمپور شاہراہ کے حصہ پر بنیادی سہولیات قائم کرنے کا معاملہ این ایچ اے آئی کے ساتھ اُٹھائیں۔ انہوں نے سکولوں میں اردو پڑھانے والے اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زو ردیا۔انہوں نے تمام سکولی عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت دی۔نائب وزیر اعلیٰ نے جموں میں تمام اہم پروجیکٹوں کی عمل آوری میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ انہیں مقرہرہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی اخراجات سے بھی گریز کیا جاسکے۔بعد میں بورڈ نے ضلع کے لئے205 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری دی۔صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت، پی ایچ ای ، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری، وزیر مملکت سیاحت پریا سیٹھی، متعدد بورڈز کے وائس چئیرمینوں کے علاوہ ممبران قانون سازیہ ست شرما، چودھری سکھ نندن، دیوندر سنگھ رانا، راجیش گپتا، ڈاکٹر گگن بھگت، کمل اروڑہ، راجیو شرما، دیوندر منیال، ڈاکٹر کرشن لال، اشوک کھجوریہ، رمیش اروڑہ، چرنجیت سنگھ خالصہ، سریندر امبردار، جی ایل رینہ اور وکرم رندھاوا بھی میٹنگ میں موجود تھے جنہوں نے اپنے حلقہ ہائے انتخاب میں عوامی اہمیت کے حامل مسائل اُبھارے۔میٹنگ میں متعدد محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈویثرنل کمشنر جموں، متعدد محکموں کے سربراہاں اور ضلع انتظامیہ جموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔