جموں //صوبہ جموں میں رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کی طرف سے دی گئی سات دنوں کی بھوک ہڑتال کی کال اتوار کو اختتام پذیر ہوئی۔ رہبر تعلیم اساتذہ گذشتہ چار ماہ سے ساتویں پے کمیشن کے اطلاق کے علاوہ اپنی تنخواوں کو مرکز کی ایم ایچ آر ڈی منسٹری سے ڈی لنک کر کے ریاستی بجٹ سے ساتھ منسلک کر نے کے مطالبے کو لیکر احتجاج کر رہے تھے اور اس سلسلہ میں ایک ہفتہ کی سلسلہ وار بھوک ہڑتال جو گزشتہ پیر کو صوبہ کے تمام ضلع صدر مقامات پر شروع کی گئی تھی، آج ختم ہو گئی۔ یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق اس موقعہ پر فورم کے عہدیداران نے کہا کہ جب تک نہ اْن کے جائز مطالبات کو حل نہیںکیا جاتا ہے وہ اپنی جدوجہد اور ہڑتال جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے اکتالیس ہزار اساتذہ کا حق کسی کو زبردستی دبانے کی ہرگز اجازت نہ دیں گے۔ فورم لیڈران نے کہا کہ سات روزہ بھوک ہڑتال کے بعد اب فورم کی ریاستی ایگزکیٹیو باڈی کا اجلاس سرینگر میں طلب کر کے آگے کی جدوجہد کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔