صوبائی کمشنر کی مسافر کشتیوں پر زندگی بچائو جیکٹ مہیارکھنے کی ہدایت

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//صوبائی کمشنر وجے کماربدھوری نے حکام کی ایک میٹنگ طلب کی تاکہ منگل کوبٹہ وارہ میں پیش آئے کشتی کی غرقابی کے سانحات کومستقبل میںٹالنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائے۔صوبائی کمشنر نے آبی ٹرانسپورٹ کے سلامتی اقدامات پرزوردیتے ہوئے تمام مسافر کشتیوں پرلازمی طور زندگی بچائو جیکٹ مہیارکھنے کی ہدایت جاری کی۔اس کے علاوہ انہوں نے آبی ٹرانسپورٹ کشتیوں پر ملاحوں کی طرف سے گنجایش سے زیادہ مسافروں کو سوار کرنے پر پابندی لگانے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں جہلم اوردیگر آبی ذرائع پرآبی ٹرانسپورٹ کوباضابطہ بنانے اور ان کی لائسنس ودیگر قواعد پر تبادلہ خیال کیاگیا۔زیرتعمیرگنڈبل بٹہ وارہ پل سے متعلق میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس پر کام جاری ہے اور یہ 30جون تک مکمل کیاجائے گا۔ اس موقعہ پرصوبائی کمشنر نے تعمیرات عامہ محکمہ کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ڈیڈ لائن پرسختی سیکاربندرہے اور پل کو معینہ مدت میں مکمل کریں۔صوبائی کمشنر نے ایڈیشنل کمشنر کی صدارت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو آبی ٹرانسپورٹ کوباضابطہ بنانے کیلئے پالیسی ترتیب دے گی۔صوبائی کمشنر نے اس سانحے پرافسوس کااظہار کیا اورغمزدہ خاندانوں کیساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔