پونچھ//قصبہ پونچھ کی تاریخی عمارت شیش محل کی جانب سے اعلیٰ پیر اور صدر بازار کی جانب جانے والے راستے کی خستہ حالت ہے۔سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہوجانے کی وجہ سے یہ کسی نالے کی مانند ہو گئی ہے جبکہ اس سڑک کے ساتھ بنائے گئے نالے کی دیواریں بھی ڈھہ گئی ہیں جس کے باعث راہگیروں کو دشواریوں کاسامناہے ۔وہی گندے نالے کی خستہ حالت کی وجہ سے بدبو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مقامی نوجوان نیشو شرما نے کہا کہ یہ راستہ جو کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر اور پونچھ کی آثار قدیمہ کی خوبصورت ترین عمارت شیش محل کو بھی جوڑتا ہے، کی اس قدر خستہ حالت افسوسناک کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑک جو کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر نگراں ہے، کے حوالے سے وہ کئی بار محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ اس کی اور نالے کی مرمت کریں لیکن یقین دہانی کے علاوہ کچھ نہیں کیاجارہا ۔انہوں نے کہا کہ ایک دو بار سڑک کی مرمت کا کام شروع بھی کیا گیا لیکن مختصر سے حصے پر تارکول بچھا کراسے درمیان میں ہی بند کر دیا گیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محلہ کے بالائی علاقہ اعلیٰ پیر کا سارا کچرا نالے کی خستہ حالت کی وجہ سے اس محلہ کے لوگوں کے لئے اذیت کا باعث بن رہاہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کریں کہ وہ جلد از جلد اس سڑک کی مرمت کا کام شروع کر کے اسے مکمل کریں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد از جلد سڑک کی مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کریں گے۔