بارہمولہ//فوج کے 15 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا ہے کہ حالیہ شہری ہلاکتوں کا مقصد وادی میں فرقہ وارانہ تقسیم کو ہوا دینا ہے اور لوگ ان عناصر کو بے نقاب کریں گے۔ ضلع بارہمولہ میں ایک تقریب کے موقع پرنامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جی او سی نے کہا کہ کشمیر کے لوگ خود ان ہلاکتوں میں ملوث افراد کا پتہ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہلاکتیں قابل مذمت ہیں اور مجھے امید ہے کہ کشمیری معاشرہ ان ہلاکتوں میں ملوثین کا پتہ لگائے گا اور ان لوگوں کو بے نقاب کرے گا جو کشمیر میں فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ خواہ وہ کسی بھی مذہب کے ہوں ، مل کر کھڑے ہوں گے اور ان عناصر کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وادی کشمیر کے سکھوں ، مسلمانوں یا ہندوؤں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ جی او سی نے کہا کہ یہ عناصر کشمیر میں ہونے والی مثبت پیش رفت سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے بہت سی سرگرمیاں ہو رہی ہیں اور امن کے دشمن مثبت سمت میں ہونے والے تمام واقعات سے خوش نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ سب کیا جا رہا ہے۔ جی او سی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) بالکل محفوظ ہے اور اس کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جی او سی پریوار اسکول کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے بارہمولہ میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بچے آزاد ہوں اور معاشرے میں اپنا حصہ ڈالیں اور پریوار سکول بارہمولہ طلباء کے فائدے کے لیے جدید نظام سے آراستہ ہوگا۔