عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // شوپیان کے متعدد دیہات میں پیر کو ملی ٹینٹ مخالف آپریشن چوتھے روز بھی جاری رہا۔جمعرات کو کم سے کم دو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد 44آر آر، 3پیرا، 34آر آر،سی آر پی ایف 14بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جمعہ کی صبح سعد پورہ پائین،امشی پورہ،شمسی پورہ، چھانہ پورہ،گنڈ ہادو، چک شمسی پورہ اورچک امشی پورہ دیہات پر مشتمل ایک وسیع علاقے کی ناکہ بندی کردی اور ان دیہات تک جانے والے سبھی راستوں کو بند کردیا ۔6سے زائد دیہات کا کڑامحاصرہ کیا گیااورہر طرح کی نقل و حرکت مسدود کردی گئی۔
دیہات میں باضابطہ طور پر اعلان کرایا گیا کہ لوگ میوہ باغات کا رخ نہ کریں، اور اپنی کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رکھیں۔ہفتے کی دیر رات سوشل میڈیا پر دو ملی ٹینٹوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا جن کی موجودگی کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں لیکن پولیس کی جانب سے اسکی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ہفتے کی شب چھانہ پورہ میمندر کے نزدیک کئی بار فائرنگ ہوئی اور دھماکے بھی سنے گئے۔اتوار کو بھی مقامی لوگوں سے کہا گیا کہ وہ میوہ باغات کا رخ نہ کریں اور سیکورٹی فورسز نے گھنے باغات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رکھا۔ تلاشیوں کا سلسلہ جمعہ ، سنیچر ، اتوار اور پیر کو چار دن سے جاری ہے۔سنیچر کی شام آپریشن کی معطلی کے بعد اتوار کو گھنے میوہ باغات کھنگالا گیا۔پیر کو ان دیہات میں رہائشی مکانوں کی باریک بینی سے تلاشیاں لی گئیں اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا۔پیر کی شام دیر گئے ان دیہات میں ہر طرح کی آمد و رفت بند رہی اور لوگ گھروں میں مقید رہے۔