عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں اگلے ہفتے کے دوران بڑے پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے، جس میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور بادل پھٹنے جیسے واقعات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا “گزشتہ کئی دنوں سے موسم گرم اور مرطوب رہا ، جیسا کہ توقع کی گئی تھی، پیر کو جموں ڈویژن میں، خاص طور پر صبح کے اوقات میں، بارش کا ایک زوردار وقفہ دیکھنے میں آیا۔ پیر پنجال خطہ، وادی چناب، اور جموں کے ملحقہ میدانی علاقوں میں بھاری بارش ریکارڈ کی گئی،” ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر اور ملحقہ علاقوں سے بھی موسمی سرگرمی کی اطلاع ملی ہے، پورے خطے میں ابر آلود حالات برقرار ہیں۔انہوں نے کہا” دیر سے خاص طور پر جنوبی کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول امرناتھ یاترا کے محور پر ہلکی بارش ممکن ہے، چناب وادی اور جموں کے ملحقہ حصوں میں بھی بارش متوقع ہے” ۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں اسی طرح کے موسم کی توقع ہے۔انہوں نے کہا ” منگل کو صبح کے اوقات میں، جموں ڈویژن میں خاص طور پر پیر پنجال ، وادی چناب، اور جموں کے کچھ میدانی علاقوں میں تیز بارش کے امکانات ہیں۔ وادی کشمیر میں ، کئی مقامات پر ہلکی بارش، اور مختصر شدید بارش کا امکان ہے،” انہوں نے کہا کہ 7 جولائی سے الگ تھلگ علاقوں میں ایسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوب مغربی مانسون کے 9 جولائی سے دوبارہ فعال ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا، “9 جولائی کے بعد سے، مانسون کے ایک بار پھر فعال ہونے کی توقع ہے۔ جموں ڈویژن کے کچھ حصوں میں شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔”