ہائی وے پر بڑی مقدار میں کیچڑ، پتھر اور ملبہ جمع، بٹوت کشتواڑ شاہراہ بند
آصف بٹ+اشتیاق ملک
ڈوڈہ+کشتواڑ //جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں پیر کے روز مسلسل اورشدید بارش کے باعث زیر تعمیر 540میگاواٹ کو ار ہائیڈروالیکٹرک پاور پروجیکٹ کے قریب بڑے پیمانے پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں پروجیکٹ کیلئے کام کررہی متعدد گاڑیاں، مٹی ،پتھروں اور ملبے تلے دب گئیں جبکہ بھاری ملبہ گرآنے کے سبب بٹوت کشتواڑ شاہراہ بھی کئی گھنٹو ں کیلئے ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔
کشتواڑ
کشتواڑ میں پیر کے روز مسلسل اورشدید بارش کے باعث زیر تعمیر 540میگاواٹ کو ار ہائیڈروالیکٹرک پاور پروجیکٹ کے قریب بڑے پیمانے پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں پروجیکٹ کیلئے کام کررہی متعدد گاڑیاں، مٹی ،پتھروں اور ملبے تلے دب گئیں۔ منصوبہ جاتی علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ یہ کوار ہائیڈرو پاور پروجیکٹ دریائے چناب پر کشتواڑ قصبے سے تقریباً 28 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اسے چناب ویلی پاور پروجیکٹس لمیٹڈ کی جانب سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش سے زیر تعمیر 540میگاواٹ کوار ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کے ٹنل ایریا کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور مٹی کے تودے گر آئے۔حکام نے بتایا کہ سیلابی ریلی نے بڑی مقدار میں کیچڑ اور پتھر پروجیکٹ کے علاقے میں لایا، جس سے کئی گاڑیاں دب گئیں، جن میں ٹرک، ڈوزر اور دیگر تعمیراتی سامان شامل ہیں، اس کے علاوہ تعمیراتی سامان کو بھی نقصان پہنچا۔مسلسل موسلا دھار بارش کے بعد ملبہ نے منصوبے کی جانب جانے والی سڑک کو اپنی زد میں لایا۔ لینڈ سلائیڈ کے باعث کئی بھاری گاڑیاںدب گئیں جبکہ علاقے کا زمینی رابطہ بھی متاثر ہوا۔
ڈوڈہ
ضلع ڈوڈہ میں پیر کی شب ہونے والی شدید بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ موسلا دھار بارش کے باعث ٹھاٹھری۔ڈوڈہ۔بٹوت قومی شاہراہ سمیت متعدد اندرونی رابطہ سڑکوں پر بھاری پسیاں اور ملبہ آ گیا، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔پریم نگر کے مقام پر قومی شاہراہ پر بھاری ملبہ گرنے کی وجہ سے شاہراہ تقریباً دو گھنٹے تک مکمل طور پر بند رہی، جس سے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران کئی گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔بعد ازاں متعلقہ محکمے نے مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کیا۔شدید بارش کے باعث ضلع بھر کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ کئی رابطہ سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، جس سے دیہی علاقوں میں آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑابارش کا اثر بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی پر بھی پڑا. بھلیسہ سب ڈویژن کے متعدد دیہات میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، جسے محکمہ بجلی کی جانب سے مسلسل کوششوں کے بعد تقریباً 12 گھنٹے بعد بحال کی گئی۔شدید بارش سے زرعی شعبے کو بھی نقصان پہنچا۔ کھڑی فصلوں، سبزیوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ضلع انتظامیہ نے خراب موسمی صورتحال کے پیشِ نظر عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیشِ نظر حساس مقامات پر خصوصی احتیاط اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات کے مطابق، جموں خطہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سانبہ میں سب سے زیادہ بارش 90ملی میٹر کے ساتھ ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد کٹھوعہ (66.2 ملی میٹر)، کٹرہ (44.4 ملی میٹر)، ڈوڈہ (42 ملی میٹر)، جموں (41.8 ملی میٹر)، ادھم پور (40 ملی میٹر)، ریاسی (10.5 ملی میٹر)، بٹوت (4.7 ملی میٹر)، رام بن (4.5 ملی میٹر) اور بانہال (0.4 ملی میٹر) ہوئی۔