بانہال// جموں سرینگرقومی شاہراہ پر منگل کی دوپہر بعد شیر بی بی کے نزدیک ایک کار کے حادثے میں ایک کنبے کے پانچ افراد سمیت چھ مسافر معجزاتی طور زخموں کے ساتھ بچ نکلے۔ تین بچوں اور ایک خاتون سمیت چھ مسافروں پر مشتمل یہ I-10کار شیر بی بی کے نزدیک شاہراہ سے کم از کم ڈیڑھ سو فٹ نیچے گرنے کے بعد سیدھی نالہ بشلڑی میں گر گئی۔ حادثے کی خبر ملتے ہی شیر بی بی کے نزدیک ہی نزدیک ہی رہنے والے بانہال والنٹیئرز کے نامور رضاکار عبدالمجید سوہل اور وہاں ڈیوٹی پر تعینات ایک پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے دیگر مسافروں اور مقامی لوگوں کے ساتھ نالہ بشلڑی کے پانی میں گری کار کے زخمیوں کو نکالنا شروع کیا۔ تمام چھ زخمیوں کو فوری طور پر بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے دو کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔بانہال پولیس نے زخمیوں کی شناخت 40 سالہ اومیش کمار ل ولد ہردیناتھ ملازم سیشن کورٹ سرینگر ، انکی اہلیہ 36 سالہ مینو ٹیچر ، انکی بیٹی چھ سالہ بھاوی، دس سالہ ودھانشی ، تین مہینے کا بیٹا کیان اور کار میں سوار ان کے ساتھی ملازم رمیش شرما ولد گردھاری لعل تمام ساکنان مٹھی جموں کے طور کی ۔ کنبے کے پانچ افراد اور ان کا ایک ساتھی ملازم جموں سے سرینگر اپنی ڈیوٹی پر جارہے تھے۔دریں اثناء بارادری۔سولہ-کٹرا روڈ پر لوئر سیلا کے علاقے میں مخالف سمتوں سے آنے والی ایک منی بس اور ایکو کار آپس میں ٹکرا جانے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ منی بس کٹرہ سے شیوکھوڑی جارہی تھی اور ایکو کا راجوری سائیڈ کاللی سے آرہی تھی اور علی الصبح لوئرسیلہ کے علاقے کے قریب ایک دوسرے سے ٹکرائیں۔ اس حادثے میں 1 خاتون سمیت 4 ایکو کار مسافر زخمی ہوگئے اور انہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ریاسی منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت راجویر سنگھ ولد رنجیت سنگھ ، پرلاد سنگھ ولدجوگندر سنگھ ، ناریر کور بیوہ اشوک سنگھ اور رویندر سنگھ ولد اشوک سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔یہ سبھی راج پورہ پٹہ نوشہرہ ضلع راجوری کے رہائشی ہیں۔