بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر بھاری ٹریفک کی وجہ سے ناشری اور بانہال فورلین ٹنل کے آر پار ٹریفک جام کا سلسلہ پچھلے کئی روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ناشری ٹنل، بانہال اور بانہال فورلین ٹنل کے اندر اور آر پار کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو منزلوں تک کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا رہا۔ سنیچروار کے روز بھی بانہال اور فورلین ٹنل کے آر پار بھاری ٹریفک کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسا رہا تاہم دوپہر بعد ٹریفک جام میں کمی واقع ہوئی۔ سنیچر کے روز جموں سے وادی کشمیر کی طرف مال بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی۔ قصبہ بانہال میں شدید ٹریفک جام کی وجہ سے ایمرجنسی ہسپتال بانہال کو جانے والی سڑک پر بھی ٹریفک کی نقل وحرکت کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ خانہ بدوشوں کی نقل و حرکت اور بھاری ٹریفک کی وجہ سے شاہراہ کے کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا تاہم دوپہر بعد اس پر قابو پایا گیا۔