سرنکوٹ // شاجی موڑ تا سانگلہ پانچ کلو میٹر سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ او ر ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں سڑکوں کی حالت کو معیاری بنانے کی جانب کو ئی توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو دیگر علاقوں بالخصوص قصبوں اور ہسپتالوں تک پہنچنے کیلئے بھی کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سانگلہ علاقہ کو جوڑنے والی مذکورہ سڑک پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے 2015میں بلیک ٹاپنگ کی گئی تھی تاہم اس کے بعد اس کی مرمت کی جانب توجہ ہی نہیں دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے گر د نہ تو نالیاں موجود ہیں اور نہ ہی کھڈوں کو بھرنے کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ ملحقہ علاقہ کا پانی سڑک سے ہی بہتا ہے جس کی وجہ سے اب سڑک کھڈوں او رکیچڑ میں تبدیل ہو گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک چھ پنچایتوں کی عوام کیلئے واحد راستہ ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو قابل استعمال بنایا جائے تاکہ ان کو دوران آمد ورفت مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔