جموں/ ریاست میں تعلیمی سیکٹر کو مزید پائیدار بنانے کے لئے تعلیم سے متعلق ــ’’جموں کشمیر تعلیمی نقش راہ ‘‘پر من و عن عمل کرنے کی ہدایات کو جاری کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ اس نقش راہ کو عملانے سے ریاست میں تعلیمی سیکٹر کومزید پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔ اس بات کا اظہارانہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سروشکھشا ابھیان جموں میں منعقدہ تعلیم سے متعلق ریاستی تعلیمی قائمہ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ’’جموں و کشمیر تعلیمی نقشِ راہ ‘‘کے مختلف خد و خال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ کے دوران ضلع ڈائٹ مراکز کو بڑھاوا دینے، ہیومن ریسورس مینیجمنٹ ، remedial ٹیچنگ ، سیکھنے سکھانے کے طریقہ کار میں بہتری، ووکیشنل ایجوکیشن ، مڈ ڈے میل سکیم اور جسمانی طور خاص بچوں کے لئے خصوصی سکولوں کے قیام اور دیگر معاملات پر بھی غور و خوض ہوا۔میٹنگ کے حاشیے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ جو ہم نے تین سال کا خاکہ ترتیب دیا ہے اس کو عملانے کی تمام تر کوششیں کیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ تعلیم ایک مضبوط قوم کی ضمانت ہے اور ہمارے اساتذہ کے ہاتھوں میں قوم کا مستقبل ہے۔ سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ ریاست میں تعلیمی نظام کو مضبوط کرنے کے لئے سرکارکی طرف سے کوششیں جاری ہیں۔جس کی مثال ہمارے سامنے تعلیم سے متعلق بجٹ ۲۰۱۸ ہے۔سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ ریاست میں مضبوط تعلیمی نظام قائم کرنے کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم و خزانہ کوشاں ہیںجن کی ہدایات کے مطابق سال ۲۰۱۸ کو year of infrastructureکے طور مناتے ہوئے سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس سے پہلے میٹنگ کے دوران سیکریٹری تعلیم نیــ’’ جموں و کشمیر تعلیمی نقش راہ ‘‘کے مکمل نفاذ اور ہدایات پر من و عن عمل کرنے کی متعلقین کو تاکیدکی۔اس دوران سیکریٹری تعلیم نے ہیومن رسورس مینیجمنٹ کے سلسلے میں کرناٹک کے ماڈل اورintegrated data management information system کے سلسلے میں راجستھان کے ماڈل سے متعلق کئی کمیٹیوں کو تشکیل دیاجو ان ماڈلز کو متعارف کئے جانے کے امکانات کا جائزہ لیں گی۔ میٹنگ کے دوران نیشنل اچیومنٹ سروے ۲۰۱۷ کے نتائج پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔جس دوران سیکریٹری تعلیم نے سیکھنے سکھانے کے مختلف طریقوں میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقعے پرسیکریٹری تعلیم نے SIE کشمیراور جموں کو learning levels کو مزید اثر انداز بنانے کے لئے assesment سروے کے مطابق پلان ترتیب دینے کی ہدایات جاری کیں۔میٹنگ کے دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے’’ جموں کشمیر تعلیمی نقش راہ ‘‘کو کشمیر ڈیوژن میں روبہ عمل لانے سے متعلق تفصیلات بیا ن کیں۔ اس دوران انہوں نے سیکریٹری تعلیم کو کشمیر ڈیوژن کے مختلف سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے سے متعلق کئے جارہے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بعد میں سیکریٹری تعلیم نے ناظم تعلیم کشمیر اور ناظم تعلیم جموں کو infrastructure gap کو پُر کرنے سے متعلق چند ہدایات جاری کیں۔میٹنگ میں بورڑ آف سکول ایجوکیشن کی چیر پرسن وینا پنڈتا ، ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ناظم تعلیم جموں راکیش کمار ، RMSAکے ڈائریکٹر طفیل متو، SSAکے ڈائیریکٹر عبد الرشید وار اور دیگر افسران موجود تھے۔