جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاست میں سیاحتی صنعت کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ یہاں کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو یہاں کی طرف راغب کا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس بات کے لئے متمنی ہے کہ ریاست میں تمام متعلقین سیاحتی سیکٹر کی طرف اپنی توجہ مرکوز کریں تاکہ اس فائدہ بخش صنعت کو مزید بلندیوں کا پہنچایا جاسکے۔مشیر نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں آل ہوٹیلز اینڈ لاجز ایسو سی ایشن کے ایک وفد کے ساتھ عوامی دربار کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے جموں فیسٹول بحال کرنے ، جموں کے ہوٹلوں کو بجلی فیس کے مراعات کشمیر کی طرز پر دینے او رکئی دیگر مطالبات کو اُجاگر کیا۔جموں فیسٹول پر انعقاد کے تعلق سے مشیر نے کہا کہ جموں میں اگلے ماہ یہ بڑا پروگرام منعقد کیاجائے گا جس کے لئے پہلے ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ جامع ایکشن پلان مرتب کریں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے بڑے پیمانے پر خطے کے ثقافتی ورثے کو اُجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔کئی سرکاری ملازمین کے وفد نے اپنے اپنے مطالبات مشیر موصوف کی نوٹس میں لائے ۔عوامی دربار کے دوران 30وفود اور 50افراد نے مشیر کے ساتھ ملاقات کی اور اپنی ترقیاتی ضروریات اور معاملات اور ان کی نوٹس میں لائے۔خورشید احمد گنائی نے وفود کے مسائل غور سے سنے اور یقین دلایا کہ انہیں مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کئی معاملا ت کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔